Inquilab Logo

دہیسرکے کووڈ سینٹرمیں آتشزدگی ، مریض محفوظ

Updated: April 05, 2021, 12:27 PM IST | Kazim Shaikh | Dahisar

کئی مریضوں کو دیگر جگہ منتقل کیا گیا ۔ اسپتال کے عملے اور فائر بریگیڈ نے آگ پر جلدقابو پالیا ۔ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔گزشتہ مہینے بھانڈوپ کے کووڈ اسپتال میں بھیانک آتشزدگی سے ۱۱؍ افراد کی موت ہوئی تھی

 Firefighters and crews are trying to contain the blaze.Picture:INN
فائرمین اور کووڈسینٹرکا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔۔تصویر :آئی این این

یہاں بنائے گئے عارضی کووڈ سینٹر میں اچانک آگ لگ گئی ۔خوش قسمتی  سے اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ۔ اسپتال عملہ اور فائر بریگیڈ نے آگ پرجلد قابو پالیا ۔  فائربریگیڈ کے مطابق دہیسر چیک ناکہ پر  جمبو کووڈ سینٹر واقع ہے ۔ یہ  عارضی طور پرکورونا کے  مریضوں کے علاج کیلئے بنایا گیا ہے ۔ اس میں   کووڈ۱۹؍  کےمریضوں کیلئے کئی بلاک بنائے گئے ہیں ۔ فائر بریگیڈ کے مطابق اتوار کو دوپہر تقریباً ۱۲؍بجے  اس کووڈ سینٹر کے ایف بلاک میں اچانک آگ لگ گئی ۔ اس بلاک میں کورونا کے ۵۰؍ مریض زیر علاج تھے۔
 ایک فائر افسر  کے مطابق  اس وقت وہاں پر ایک وارڈ بوائے موجود تھاجس نے دیکھا کہ آگ لگ گئی ہے ۔ اس نے اور  اسٹاف  کے دیگر ممبران نے وہاں پر رکھے ہوئے آگ بجھانے کے آلے  سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی ۔اس کووڈسینٹر پر فائر بریگیڈ کے افسران بھی ایک فائر انجن کے ساتھ کئی دنوں سے ڈیوٹی دے رہے تھے۔  اطلاع ملنے کے بعد انھوں  نے آگ پر قابو پانے کیلئے  ۵؍ فائر  انجن اور ۳؍ واٹر ٹینکروں کا استعمال کیا ۔ اس وقت تک جی بلاک میں بھی آگ پھیل گئی تھی۔ فائر بریگیڈ نے ایف ، جی اور سی بلاک کے مریضوں کو وہاں سے  دوسرے بلاک میں منتقل کردیا  ۔  آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ فائر بریگیڈ کے مطابق ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی تھی ۔  واضح رہے کہ ۲۵؍ اور ۲۶؍ مارچ کی درمیانی شب بھانڈوپ کے ڈریم مال میں واقع سن رائز اسپتال جسےکووڈ اسپتال کے طورپر استعمال کیا جارہا تھا، میں  بھیانک آتشزدگی سے ۱۱؍ مریضوں کی موت ہوگئی تھی ۔ اس حادثہ کے بعد سے اسپتالوں کے با ہر فائر بریگیڈ کے اہلکار وں کوالرٹ رکھا گیا ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK