Inquilab Logo

کرلا نہرو نگر میں آتشزدگی، پارکنگ میں کھڑی ۳۱؍ موٹر سائیکلیں خاکستر

Updated: October 14, 2021, 8:18 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

حادثہ میں بلڈنگ کے نیچے بنایا گیا منڈپ بھی جل کر تباہ ، دھماکوں کیساتھ لگنے والی آ گ سے بلڈنگ کےمکین خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل پڑے

A sudden fire burned several vehicles parked in the parking lot.
اچانک لگنے والی آگ سے پارکنگ میں کھڑی کئی گاڑیاں جل کر خاک ہوگئیں۔

 یہاں مشرقی علاقے میں واقع نہرونگر پولیس اسٹیشن کی حد میں ۸؍ منزلہ رہائشی عمارت  کے نیچے ایک منڈپ کےسامنے  پارکنگ میں کھڑی کی گئی تقریباً ۳۱؍موٹر سائیکلیں خاکستر ہوگئیں جبکہ  مقامی افراد نے ۲؍ موٹر سائیکل کو جلنے سے  بچالیا ۔ حادثے کے دوران موٹر سائیکل کی پیٹرول کی  ٹنکیاں دھماکے کے ساتھ پھٹ رہی تھیں جس کی وجہ سے   دھماکے دار آواز سن کر اور اس کےشعلوں کے خوف سے  مکینوں نے گھر خالی کردیئے تھے ۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے جوانوں نے  کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ۔ حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا  ۔ پولیس اور فائربریگیڈ کے اہلکاروں کی جانب سے آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ 
 کرلا کے مشرقی جانب ریلوے اسٹیشن کے قریب ایس جی بروے مارگ جاگرتی نگر میں  واقع دھما شیواسمیتی نامی ۸؍ منزلہ عمارت میں تقریباً ۲۷۶؍ مکانوں میں بڑی تعداد میں لوگ رہتے ہیں ۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً پونے ۳؍بجے اچانک بلڈنگ کے نیچے پارک کی گئی  ۳۱؍ موٹر سائیکلیں خاکستر ہوگئیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بلڈنگ کے ۸؍ویں منزلے پر ایک مکان میں بھی آگ لگ گئی تھی لیکن حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ 
 بلڈنگ کےنیچے جائے حادثہ کے قریب  بیٹھے ہوئے مکینوں نے انقلاب کوبتایا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن ایسا کہا جارہا ہے کہ کسی نے جان بوجھ کر آگ لگائی تھی جس میں ۳۱؍ موٹر سائیکلیں خاکستر ہوئی ہیں اور حادثہ کے دوران ۲؍ موٹرسائیکلیں پارکنگ سے نکال لی گئی تھیں جس کی وجہ سے وہ   بچ گئیں ۔ جلنے کی وجہ سے گاڑیوں کی  حالت ایسی ہوگئی ہے کہ مالکین کو اپنی اپنی موٹر سائیکلوں کی شناخت کرنا مشکل ہوگیا  ۔ کئی گاڑیاں بالکل نئی تھیں ۔ 
 ایک مقامی شخص نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ سے  موٹر سائیکلوں کی ٹنکیاں تیز آواز کے ساتھ پھٹ  رہی تھیں  ۔ اس کی وجہ سے آگ تیز ی کے ساتھ پھیلتی گئی اور اس کے شعلے بلڈنگ کے آٹھویں منزلے تک پہنچ رہے تھے ۔ حادثے کی خبر ملتے ہی مکینوں نے بلڈنگ خالی کرنا شروع کردیا تھا اور کئی افراد کو بلڈنگ کے لوگوں نے باہر نکالنے میں مدد کی ۔ایک سوال کے جواب میں مکینوں نے کہا کہ فائربریگیڈ کے جوان  حادثہ کے ۱۵؍ منٹ بعد ۸؍ فائرانجن اور پانی کے ٹینکر کے ساتھ وہاں پہنچ گئے تھے  اور انھوںنےصبح تقریباً ۵؍بجے آگ پر قابو پایا ۔ 
 ممبئی فائر کنٹرول کےمطابق بلڈنگ اور اس کےنیچے کھڑی کی گئی موٹر سائیکل میں لگنے  والی آگ کی وجہ  معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ البتہ فائر بریگیڈ کے افسران نے جائے وقوعہ سے کئی جلی ہوئی چیزوں کو جانچ کیلئے اپنی تحویل میں  لیا ہے اور اس کولیباریٹری میں بھیج دیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نہرو نگر پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے حادثاتی معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے آس پاس میںلگے سی سی ٹی وی کیمرے کی بھی جانچ کرکے آتشزدگی معاملے میں ملزمین تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ 

kurla Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK