• Sat, 04 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرلا ٹرمنس پرخودکارزینہ سے کوڑاکرکٹ ڈھویا جارہا ہے !

Updated: September 26, 2025, 10:02 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Kurla

سینٹرل ریلوے کے افسران کا حیرت کا اظہار۔ اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر لاعلم ۔ چیف پی آر اوکی ڈی آرایم سے گفتگو کرکے فوراًسخت ایکشن لینے کی یقین دہانی.

Sanitation workers sweeping garbage from the automatic escalator at Lokmanya Tilak Terminus. Photo: Inqilabad
لوکمانیہ تلک ٹرمنس کے خودکارزینے سے صفائی ملازمین کوڑاکرکٹ ڈھوتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

یہاں لوکمانیہ تلک ٹرمنس (ایل ٹی ٹی) میںخود کازینے سے کچرا ڈھویا جارہا ہے۔ چونکئے مت ، یہ سچ ہے۔یہاںطویل مسافتی ٹرینوں سے جانے والے مسافروں کو موقع نہیں ملتا، وہ انتظار کرتے ہیں۔ مسافروں کی کثرت کے سبب خودکار زینہ (ایسکیلیٹر) کم پڑجاتا ہے۔اکثر وبیشتر خراب رہتا ہے یا پھر مسافروں کے غیر ضروری طور پربٹن دبانے سے بھی بسا اوقات بند ہوجاتا ہے۔دوسری جانب بدنظمی کی یہ حالت ہے۔ یہ صورتحال پلیٹ فارم نمبر ایک پرلگائے گئے خود کارزینے کی ہے ۔ کچھ مسافروں نےیہ مناظر اپنے موبائل فون کے کیمرے میں قید کئے اور اسے عام کیا۔ یاد رہے کہ ایل ٹی ٹی سے ہزاروں مسافر روزانہ ملک کے طول وعرض میںسفر کرتے ہیں ۔تہواروں کے سیزن میںتو اس قدر رش بڑھ جاتا ہےکہ الگ سے شامیانہ لگانے کی نوبت آجاتی ہے تاکہ مسافر سائے میںرہ کرٹرین کا انتظار کرسکیں۔ 
 وکھرولی میں مقیم ہیومن رائٹس اسوسی ایشن کے سابق رکن اور سماجی خدمت گار وارث علی شیخ نے بتایاکہ’’ ایل ٹی ٹی اکثرجانا ہوتا ہے،کبھی وطن سےآنے والوں کولینے توکبھی ان کوالوداع کہنے کےلئے تو کبھی کارخانے میںکام کرنے والے ملازمین کو وطن بھیجنے کےلئے۔یہاں ٹرمنس پر مختلف مسائل کے تعلق سےہم نے شکایتیں بھی کیں  لیکن خود کارزینے سےکچرا ڈھونے کامعاملہ پہلی مرتبہ سنا۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’ اگریہ ملازمین ریلوے کے ہیں تومسافروں کی سہولت کوترجیح دینے کے ساتھ ان کی سہولت کا بھی خیال رکھا جانا چاہئےاوراگر کنٹریکٹ پر کام کرنےوالی ایجنسی سےتعلق رکھتے ہیںکہ تواس ایجنسی کوان کےلئے انتظام کرنا چاہئے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ انڈین ریلوے ابھی اتنی ایڈوانس نہیں ہوئی ہےکہ خود کارزینے سےکچرا ڈھویا جائے، مسافروں کے مسائل حل کردیئے جائیں، وہی غنیمت ہے۔‘‘
 کرلا میںرہنے والے ریل پرواسی سنگھ کے ذمہ دار سبھاش گپتا کا کہنا ہے کہ’’ مسافروں کی سہولت کو ترجیح دی جانی چاہئے نہ کہ خود کار زینے سے کچرا ڈھویا جائے ۔ اس جانب ریلوے انتظامیہ کوفوری طورپرتوجہ دینا چاہئے۔ ‘‘ ان کایہ بھی کہنا ہے کہ’’ صاف صفائی کرنےوالے عملہ کوبھی سہولت ملنی چاہئے کیونکہ وہ بھی ہمدردی کے مستحق ہیں لیکن جو سہولتیںاسٹیشن یا ٹرمنس پرمہیا کرائی جاتی ہیں، ان پرپہلا حق ٹرین کے مسافروں کا ہے۔ ویسے بھی ایسکیلیٹر کا بنیادی مقصد بزرگ، بیمار اور خاتون مسافروں کو سہولت پہنچانا ہے ، کوڑاکرکٹ لے جانا نہیں۔‘‘ 
 اس تعلق سے سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا سے انقلاب کے بات چیت کرنے اوران کو وہ تصاویر دکھانےپر انہوں نے حیرت کااظہارکیا کہ کیا واقعی ایسا ہے۔‘‘ انہوں نے مناظر دیکھنےکے بعدپیغام بھیج کریہ یقین دلایا کہ ’’میں فوراً ڈویژنل ریلوے منیجر(ڈی آر ایم ) سے بات کرتا ہوں اورسخت ایکشن لینے کی سفارش کروں گا۔ ‘‘
 انقلاب نےجب ایل ٹی ٹی میںاسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹرشیوکمار سے بات چیت کی توا نہوں نے اس مسئلے سے ہی لاعلمی کا اظہار کیا ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’میںجگہ پرنہیںتھا ، گاڑی دیکھنے کے لئے گیا تھا ۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK