مالونی میں نوجوانوں کی شرارت کے سبب پٹاخہ اڑکر اسکریپ کے گودام میںگرنے سے آگ لگی۔ بوتل بند پانی اورآئس فیکٹری کوبھی نقصان پہنچا ۔ تھانے میں آتشزدگی کے ۴؍ واقعات۔
مالونی میں اسکریپ کے گودام میں آتشزدگی کا منظر۔ مقامی افراد بھی جمع نظر آرہے ہیں۔ تصویر: انقلاب
دیوالی کےموقع پر پٹاخہ پھوڑنے سے ممبئی اور تھانے کےمختلف علاقوں میں آگ لگنے کےمتعدد واقعات ہوئے۔ ان حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیںہوا ہے۔
مالونی میں آتشزدگی
مالونی کے چھیڈا کمپلیکس گیٹ نمبر ۶؍کے پیچھے اڈانی الیکٹرسٹی سینٹر سے متصل گائے کے طویلے کے پاس اسکریپ گودام میں پٹاخے سے بھیانک آگ لگ گئی۔اس کی وجہ سے افرا تفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ وہاں پہنچ گیا اور رات ۱۱؍بجے لگنے والی بھیانک آگ ساڑھے ۱۲؍بجے بجھادی گئی۔ آگ لگنے کی وجہ سے متصل فیکٹری کو بھی نقصان پہنچا۔ شعلے بلند ہونے کے سبب مکین گھروں سے باہر آگئے۔
دراصل پٹاخہ پھوڑنے والے کچھ نوجوان شرارت پرآمادہ تھے ،وہ نشے میںدھت ہوکر گالیاںبھی بَک رہے تھے اوربوتل رکھ کر، چھوٹی باٹلی رکھ کر اورآٹا وغیرہ بھرکرپٹاخے پھوڑ رہے تھے۔ وہاں موجود لوگوں نے انہںمنع بھی کیا مگرو ہ باز نہیںآئے اور اسی طرح شرارت کرتے ہوئے پٹاخہ پھوڑتے رہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ پٹاخہ اڑکر اسکریپ کے گودا م میںگرا، وہاں زیادہ تر پلاسٹک کی اشیاء اور خاص طور پر پلاسٹک کی بوتلیں تھیں جس سے آگ لگ گئی اورتھوڑی ہی دیر میںشعلے بلند ہونے لگے۔ سب سے حیران کن یہ تھا کہ گودام کی دیوار سے متصل اڈانی الیکٹرسٹی کابجلی سپلائی کا بڑاکیبن ہے ، وہ محفوظ رہا ورنہ بہت بڑے پیمانے پرتباہی مچ جاتی۔
جائے وقوع پرموجو دسلیم انصاری نےبتایاکہ ’’ کچھ نوجوان حددرجہ قدر شرانگیزی کررہے تھے اوروہ پٹاخہ پھوڑنے سے زیادہ شرارت کررہے تھے۔ لوگ منع کررہے تھے مگران کے گالیاں بکنے کے سبب کسی نے ان کےمنہ لگنامناسب نہیں سمجھا اور نتیجہ یہاں تک جاپہنچا۔‘‘ آگ لگنے کے وقت موجود کلیم شاہ اور دربار سنگھ نےبھی اسی طرح کی شکایات کیں۔
فائرعملہ کے اے شندے نام کے ایک اہلکار کے مطابق ’’آگ پرتوتھوڑی ہی دیر میںقابو پالیا گیا مگرچونکہ پلاسٹک کا گودام تھا اوراگر آگ کسی حصے میںباقی رہ جاتی تو پھرخطرہ ہوسکتا تھا۔ اسی لئے دیر تک نگرانی کی گئی تاکہ مکمل اطمینان ہوجائے ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ اس گودام کی دیوار سے ملحق آئس فیکٹری میں بھی آگ سے کچھ نقصان ہوالیکن جانی نقصان نہیں ہوا۔‘‘
تھانے میں آتشزدگی کے واقعات
دیوالی کے موقع پر پٹاخہ پھوڑنے کے سبب تھانے کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے متعدد واقعات ہوئے ۔ پیر اور منگل کے درمیان ہونے والے چند واقعات درج ذیل ہیں:
تھانے میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے انچارج یاسین تڑوی نے بتایا کہ ’’کھوپٹ علاقے میںپیر اور منگل کی درمیانی شب تقریباً ایک بجے لائف لائن اسپتال کے قریب واقع جے کار ڈیکور( ڈیکوریشن کی دکان) پر بارش سے بچنے کیلئے ڈالی گئی پلاسٹک کی تال پتری میں آگ لگ گئی ۔ اطلاع ملتے ہی پانچ پکھاڑی فائر بریگیڈ کا عملہ جائے حادثے پر پہنچا اور ایک فائر انجن اور فائر وین کی مدد سے آگ بجھا دی گئی ۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔‘‘
اسی طرح کےتھانے کے پاتلی پاڑہ علاقے میں ہیرا نندانی اسٹیٹ میں واقع بیسیلیس ٹاور کے ۳۱؍ ویں منزلے کے ایک فلیٹ میں صوفہ اور لکڑی کے سامان میں آگ لگ گئی۔ یہ حادثہ پیر کی شب پونے گیارہ بجے ہوا۔ اطلاع ملتے ہی بالکم فائر بریگیڈ نے وہاں پہنچ کر مقامی افراد کی مدد سے آگ بجھا دی۔
پیر کی رات ۸؍ بجے ممبرا کی بابا جی پاٹل واڑی کے قریب ایک منڈپ ڈیکوریٹر کے گودام میں بھیانک آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن سامان خاکستر ہو گیا۔
پیر کی رات ۹؍ بجکر ۳۵؍ منٹ پر تھانے کےواگلے اسٹیٹ علاقے میں آدرش آٹو پارٹس کی دکان میں آگ لگ گئی تھی جس سے سامان تباہ ہو گیالیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔