Inquilab Logo

کرلا ڈپو کے قریب آتشزدگی، ۵۰؍ سے زائد دکانیں خاکستر

Updated: April 08, 2021, 1:26 PM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

تین؍افراد زخمی جن میں فائر مین بھی شامل،شارٹ سرکٹ کو وجہ قرار دیا گیا،میئر کشوری پیڈنیکر،سیاسی لیڈران اور دیگر اعلیٰ افسران نے دورہ کیا

Smoke rising from the warehouse Some people are watching from the top of a building in the distance..Picture:Inquilab,Sameer Abidi
گودام سے اٹھتا دھواں کچھ لوگ دور واقع ایک بلڈنگ کے اوپر سے دیکھ رہے ہیں۔ تصویر:انقلاب،سید سمیر عابدی

یہاں کرلاکےعلاقےمیں اچانک ایک کیمیکل گودام میں لگنے والی آگ  میں ۵۰؍ سے زائد دکانیں اور گودام خاکستر ہوگئے۔آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی اور اس کی تصدیق بھی ہوگئی ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کی میئر، اسسٹنٹ میونسپل کمشنر، مقامی کارپوریٹر کے علاوہ  مقامی لیڈران نےجائے وقوع کا دورہ کیا ۔ پولیس کےاعلیٰ افسران نے بھی جائے حادثہ کا معائنہ کرتے  ہوئے حادثاتی معاملہ درج کرنے کا حکم دیا ہے ۔حادثہ میں ۳؍ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ ان میں ایک فائر جوان بھی شامل ہے ۔ کرلا ڈپو کے قریب رہنےوالے شفیق خان (سوشل ورکر)نےانقلاب کو بتایا کہ ایک کیمیکل کےگودام میںاس وقت آگ لگ گئی جب اس میں ویلڈنگ کی جارہی تھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کےگوداموں میں آگ بہت تیزی کے ساتھ پھیل گئی۔ آگ کی وجہ سے یکے بعد دیگرے کئی گیس سلنڈر بھی بلاسٹ ہوئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دھماکوں کے ساتھ سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے لوگ خوف زدہ ہوگئے اور آس پاس میں افراتفری مچ گئی۔ آتشزدگی میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ البتہ بہت بڑےپیمانے پر مالی نقصان ہونے اندیشہ ہے۔فائربریگیڈکے اہلکاروںنےفائر انجن اور واٹر ٹینکر کی مدد سے کافی جدوجہدکے بعد آگ پر قابو پایا۔آتشزدگی کے دوران۳؍ افراد زخمی ہوئےتھےجنہیں کرلا کے بھابھااسپتال میں علاج کیلئےداخل کیا گیا ہے۔ بقول شفیق خان فائر بریگیڈ کا اہلکار آگ بجھاتے ہوئے اوپر سے نیچے گرپڑا تھا اور اسے چوٹ آئی ہے ۔کرلا کاپڑیا نگر میں رہنے والے بیت اللہ  خان نےبتایا  کہ کرلا اسکریپ مارکیٹ کی گلی نمبر ۴؍ ، گلاب شاہ اسٹیٹ   میں بدھ کو لگنے والی آگ سےپورےعلاقے میں دھواں پھیل گیا تھا اور آس پاس کے لوگوں کو اس دھوئیں سے تکلیف ہورہی تھی۔ انھوں نے کہا کہ جس گلی میں آگ لگی ہے ۔اس میں آٹو موبائل کے اسکریپ پارٹ  کی چھوٹی بڑی بہت ساری دکانیں اور گودام  ہیں اور ان دکانداروں کے مطابق ۴۰؍ سے ۵۰؍  دکانیں خاکستر ہوئی ہیں۔کرلا اسکریپ مارکیٹ میں لگنے والی آگ سے متعلق ایک مقامی شخْص نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ آگ لگنے پر پہلے مقامی افراد نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن جائے وقوع کے اطراف آئیل اور کیمیکل وغیرہ ہونےکی وجہ سے آگ بہت تیزی کے ساتھ پھیل گئی۔ اس کے بعد ان گوداموں میں رکھے ہوئے یکے بعد دیگرے کئی گیس سلنڈر بلاسٹ ہوگئے ۔ جس کی وجہ سے آگ آس پاس کی دکانوں میں پھیل گئی ۔ کرلا میں رہنے والے وسیم بیگ (سوشل ورکر) نے بتایا کہ حادثہ کی خبر ملتے ہی ممبئی میونسپل کارپوریشن کی میئر کشوری پیڈنیکر،ایل وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر منیش ولنج، مقامی کارپوریٹر سعیدہ خان، کپتان ملک اور ان کے ساتھ دوسرے علاقے کے کئی لیڈران نے جائے وقوع کامعائنہ کیا ۔ سعیدہ خان نے بھا بھا اسپتال پہنچ کر زخمیوں سے ملاقات کرتے ہوئے ڈاکٹروں سے بہتر علاج کے سلسلے میں بات چیت کی ۔ 
 جائے وقوع پرموجود کرلا پولیس اسٹیشن کے پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ کرلا اسکریپ مارکیٹ میں کیمیکل اور آئیل وغیرہ کےگودام اور  دکانیں تھیں۔البتہ ان میں خاکستر ہونے والی  زیادہ تر دکانیں اور گودام غیرقانونی تھےاور ان کے پاس آگ بجھانے کا آلہ تک موجود نہیںتھا۔پولیس نے بھی حادثاتی معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ فائر بریگیڈ کے ایک افسر کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے۔  البتہ فائر بریگیڈ کے افسران نے ۱۵؍ فائر انجن ، ۱۱؍ پانی کے ٹینکر اور ۲؍ ایمبولنس گاڑیوں کی مدد سے آگ پر کئی گھنٹوں کے بعد قابو پایا  ۔  

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK