انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرحجاج کے اہل خانہ نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ آج ۲؍ جہازوں کے ذریعے ۸۵۰؍حجاج کا دوسرا قافلہ وطن لوٹے گا
EPAPER
Updated: June 13, 2025, 12:02 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرحجاج کے اہل خانہ نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ آج ۲؍ جہازوں کے ذریعے ۸۵۰؍حجاج کا دوسرا قافلہ وطن لوٹے گا
اللہ کے مہمانوں کا پہلا قافلہ جمعرات کی شام کو۵؍ بجے سہار انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا۔ جہاز آنے سے کافی پہلے سے ہی حجاج کے اہل خانہ سہار انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے۔پہلے قافلے میں۴۰۰؍ حجاج شامل تھے۔
حجاج کی آمدکےمنتظر اہل خانہ اوراعزہ میںسے کئی نے حج بیت اللہ سے بعافیت واپسی پرگلہائے عقیدت پیش کئے ، معانقہ کیا اور ان کی پیشانی کوبوسہ دیا۔ سہار ایئرپورٹ پر حجاج کرام کوگیٹ نمبر۴؍سے نکالا گیا اور یہیں ان کو۵؍لیٹر آب ِ زمزم مہیا کرایا گیا۔ اسی جگہ ہزاروں لیٹر آب ِ زمزم حجاج کے لئے اسٹاک رکھا گیا ہے۔ حجاج کے پاسپورٹ دیکھ کران کو آب زمزم دیا جارہا ہے ۔
جمعرات کو حجاج کرام کا جہاز۵؍بجے سے قبل ایئرپورٹ پراترچکا تھا لیکن انہیںاپنا سامان لینے میںکچھ وقت لگا ۔اسی وجہ سے بڑی تعداد میں حجاج بیلٹ(جہاںسامان آتا ہے ) پرانتظار کرتے ہوئے نظرآئے۔حجاج کرام کےاستقبال اورا ن کی مدد کے لئےحج کمیٹی آف انڈیا کے اسٹاف کے ساتھ خدمت کرنے والی تنظیموں کےکارکنان بھی ایئرپورٹ پرموجود تھے اورحجاج کی مدد کررہے تھے۔ ان ہی خدمت کرنے والوں میںشامل محمدعمران مکنوجیا (سہاراخادم الحج فاؤنڈیشن ) نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ ’’ حجاج کرام بعافیت لوٹے۔کچھ حجاج نے یہ شکایت کی کہ جدہ ایئرپورٹ پر ان کے سامان میںرکھا گیا آب زمزم نکال لیا گیا ،بقیہ سامان آگیا اورکسی کوکوئی پریشانی نہیںہوئی ۔‘‘
طیبہ مسجد کے امام وخطیب مولانا شعبان کو لینے ایئرپورٹ پہنچنے والے مذکورہ مسجد کے ٹرسٹی شمیم خان نےبتایا کہ ’’ پہلے قافلے میں شامل سبھی حجاج بعافیت واپس آئے ہیں،کسی نے کوئی شکایت نہیںکی۔البتہ ایئرپورٹ پرحجاج کس گیٹ پرآرہے ہیں، اس تعلق سےاگرحج کمیٹی کی جانب سےباہرہی رہنمائی کردی جائے تو حجاج کے اہل خانہ کوآسانی ہوگی۔ اس لئے کہ ہم لوگ گھومتے رہے، کبھی کہاگیا کہ گیٹ نمبر۴؍ پرجائیے توکبھی گیٹ نمبر ۶؍ پرجانے کیلئے کہا گیا، بقیہ کوئی دقت نہیںہوئی ۔‘‘
حجاج کرام سامان میںآب زمزم نہ رکھیں
حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حجاج کرام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سامان کےاندر آب زمزم چھپا کر نہ لائیں کیونکہ اس کی اجازت نہیںہے۔ ایسا کرنے پرایئرپورٹ پر عملہ اسے نکال دے گا اور ایسے میں بیگ بھی کھولا جاسکتا ہے۔اس لئے اس سے بچیں، ورنہ پریشانی ہوسکتی ہے۔
جمعہ کو ۲؍جہازوں کے ذریعے ۸۵۰؍ حجاج وطن لوٹیں گے
۱۲؍جو ن سے ممبئی میں حجاج کی واپسی کا عمل شروع ہوا ہے اورتقریباً ایک ماہ تک جاری رہے گا۔آج بروزجمعہ صبح ۵؍بجکر ۲۵؍منٹ پر اور صبح سوا ۹؍بجے دو جہازمیںحجاج وطن لوٹیں گے۔ ان دونوں جہازوں میں ۸۵۰؍ حجاج سوار ہوں گے۔ ان میںسے ایک جہاز میں۴۴۰؍حجاج اوردوسرے ۴۱۰؍ حجاج ہوں گے ۔اسی طرح آئندہ دنوں میںبھی حجاج کی پروازیں حسب ترتیب آتی رہیںگی۔