سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ اس سال حج کے انتظامات ماضی کے تمام معیارات سے آگے نکل گئے۔
EPAPER
Updated: June 09, 2025, 5:54 PM IST | Jeddah
سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ اس سال حج کے انتظامات ماضی کے تمام معیارات سے آگے نکل گئے۔
سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ اس سال حج کے انتظامات ماضی کے تمام معیارات سے آگے نکل چکے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مکہ مکرمہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے منعقدہ سالانہ استقبالیہ تقریب میں کیا، جس میں حج کے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا۔ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ ’نسک‘ ایپ کو اپڈیٹ کر کے اس میں ۱۳۰؍ سے زائد ڈیجیٹل سہولتیں شامل کی گئی ہیں، جو حاجیوں کو ویزا سے لے کر واپسی تک ہر مرحلے پر رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کے حج میں ۳؍ لاکھ مربع میٹر سے زائد علاقے کو سایہ دار بنایا گیا، جن میں ایک لاکھ ۷۰؍ ہزار مربع میٹر صرف حاجیوں کے گزرگاہوں کے لیے مختص تھا، جبکہ مشاعر مقدسہ میں ۲۳؍ ہزار سے زائد درخت بھی لگائے گئے۔ وزیر حج و عمرہ کے مطابق مشاعر مقدسہ میں بجلی کی فراہمی کی گنجائش میں ۹۵؍فیصد اضافہ کیا گیا، جس پر تین ارب ریال سے زائد کی لاگت آئی۔ اس کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں سات ملین مکعب میٹر سے زائد پانی تقسیم کیا گیا۔ حج کے دوران دنیا کے ۲۳۸؍ شہروں سے ۷؍ہزار سے زائد فضائی پروازیں آئیں، جبکہ حرمین ٹرین کی۴؍ہزار ۷۰۰؍ اور مشاعر ٹرین کی ۲۵۰۰؍ سے زائد سروسز چلائی گئیں۔
۲۰؍ ہزار سے زائد بسوں نے نقل و حمل کی سہولت فراہم کی۔ صحت کی سہولتوں کے حوالے سے وزیر حج نے بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں بستر کی گنجائش میں ۶۰؍ فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا، ایک نیا ایمرجنسی ہسپتال کھولا گیا اور ۷۱؍ مقامات پر ہنگامی رسپانس پوائنٹس قائم کیے گئے تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ ڈاکٹر الربیعہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تمام کامیابیاں خادم حرمین الشریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نگرانی اور بھرپور تعاون کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے حج کی تیاریوں کو جدید ترین تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا، جس کے باعث حج ۱۴۴۶ھ ایک مثالی اور تاریخی حج بن کر سامنے آیا۔