طلبہ کےوالدین اورسرپرستوں سےووٹ ڈالنےکیلئے حلف نامہ لیاجارہاہے۔ بی ایم سی کے محکمہ تعلیم کا ۱۰؍لاکھ سے زیادہ حلف نامہ جمع کرکے الیکشن کمیشن کودینے کاہدف۔
ایک خاتون حلف نامہ دکھاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
بی ایم سی اسکولوں کے طلبہ کےوالدین اور سرپرستوں سے پہلی مرتبہ الیکشن سےمتعلق بیداری پر مبنی حلف نامہ لیاجارہا ہے جس میں ۱۵؍جنوری کوالیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینےاور ووٹ ڈالنےکا پیغام درج ہے۔بی ایم سی کےمحکمہ تعلیم نے ۱۰؍لاکھ سے زیادہ حلف نامہ جمع کرکے الیکشن کمیشن کودینے کاہدف طے کیاہے۔واضح رہےکہ امسال پہلی مرتبہ میونسپل محکمہ تعلیم نے طلبہ کے سرپرستوںسے میونسپل کارپوریشن الیکشن میں ووٹ ڈالنےکیلئے دستخط شدہ حلف نامہ طلب کیاہے جس کیلئے والدین اور سرپرستوںکو حلف نامہ کی کاپی دی گئی ہے۔ طلبہ کے گھرکے رائے دہندگان سے ووٹ ڈالنےکیلئے حلف نامہ پُرکرکے اس پر دستخط کرنےکوکہاگیاہے۔
حلف نامہ میں یہ تحریر ہے کہ ’’ میں یہ حلف لیتا/لیتی ہوںکہ۱۵؍جنوری کو صبح ساڑھے ۷؍بجےسے شام ساڑھے ۵؍بجےکےدرمیان برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کےالیکشن کیلئے ووٹ ڈالنےکےعمل کو پورا کروںگا۔ جن رائے دہندگان کا بی ایم سی کی ووٹنگ فہرست میںنام ہے ،انہیں اس الیکشن میں ووٹ ڈالنے کاحق ہے۔ اس لئے ووٹ ڈالنے کیلئے جانےسے قبل میں رائے دہندگان کی فہرست میں اپنا نام، سیریل نمبر اور پولنگ اسٹیشن کس مقام پر ہے ،اس کی جانچ کروںگا۔ ووٹ ڈالنےکیلئے ووٹنگ کارڈ، شناختی کارڈ یا آدھار کارڈ اپنے ساتھ لے جائوںگا۔ہندوستان کےآئین نے مجھے حق رائے دہی کا جو اختیار دیاہے ،میں اس کا لازمی طورپر استعمال کروں گا۔ میں کسی لالچ میں نہیں آؤں گا اور قومی مفاد کو پورا کروں گا۔ ‘‘ اس کےبعد ووٹنگ کی تاریخ ۱۵؍جنوری ۲۰۲۶ء وقت صبح ساڑھے ۷؍بجے سے شام ساڑھے ۵؍بجے تک، سرپرست کانام، ووٹر کاسیریل نمبر اور پولنگ اسٹیشن کا پتہ درج کرنے کی خالی جگہوںکو پُرکرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔ سرپرست کے نام سے پہلے دستخط کے کالم کے سامنے رائے دہندگان کو دستخط کرنی ہے۔
مہانگرپالیکاشکشک سبھا کے جوائنٹ سیکریٹری عابد شیخ نے انقلاب کو بتایا کہ ’’بی ایم سی اسکولوںمیں پہلی مرتبہ اس طرح کی کوئی مہم چلائی گئی ہے۔ اس کا مقصد والدین اورسرپرستوںمیں الیکشن سےمتعلق بیداری لاناہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ الیکشن والے دن اپنے حق کا استعمال کریں۔ ۴؍دن پہلے ہمیں یہ ذمہ داری دی گئی تھی۔آج ( بدھ) ہمیں والدین اورسرپرستوں کے دستخط شدہ حلف ناموںکو جمع کرکے محکمہ ایجوکیشن کے حوالے کرناہے ۔ جہاں سے آگے کی کارروائی مکمل کی جائے گی۔ معلوم ہواکہ بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ۱۰؍لاکھ سے زیادہ حلف نامہ الیکشن کمیشن کو دینےکاہدف طے کیاہے۔