تمام مسافروں کا تحائف دے کر استقبال کیا گیا۔نیا ایئرپورٹ فی الحال صبح ۸؍ بجے سے رات ۸؍ بجے تک کام کرے گا۔ پہلے دن ۳۲؍ فلائٹ نے آمدورفت کی۔ روز انہ ۲۴؍ پروازیں ہوں گی
EPAPER
Updated: December 26, 2025, 8:44 AM IST | Mumbai
تمام مسافروں کا تحائف دے کر استقبال کیا گیا۔نیا ایئرپورٹ فی الحال صبح ۸؍ بجے سے رات ۸؍ بجے تک کام کرے گا۔ پہلے دن ۳۲؍ فلائٹ نے آمدورفت کی۔ روز انہ ۲۴؍ پروازیں ہوں گی
نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جمعرات کو پروازوں کا آغاز ہوا جس کے ساتھ ممبئی خطے کی ہوابازی میں نئی تاریخ رقم ہوگئی۔ پہلی پرواز۶؍ای۴۶۰؍ بنگلورو سے صبح ۷؍ بجکر ۳۱؍منٹ پر پہنچی جبکہ کیو پی ۱۸۳۱؍ دہلی سے ۷؍ بجکر ۴۰؍منٹ پر اتری۔ دونوں پروازوں کو پانی کی توپوں سے سلامی دے کر استقبال کیا گیا۔ واضح رہے کہ نئے ایئرپورٹ کا افتتاح وزیراعظم نریندر مودی نے۸؍ اکتوبر کو کیا تھا۔
نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اس پہلے طیارے جو صبح حیدرآباد کیلئے روانہ ہوا، میں سفر کرنے والے اس تاریخی لمحہ کا گواہ بننے پر فخر محسوس کر رہے تھے اور ان کی آنکھوں میں خوشی کے آانسو تھے۔ اشفاق نامی شخص کے مطابق ’’میں خوشی کے مارے رات بھر سویا نہیں۔ میں پہلی دفعہ ہوائی جہاز میں سفر کر رہا ہوں۔ گزشتہ ۲۵؍سال کا انتظار ہےجو آج پورا ہوا۔‘‘ میناکشی نامی خاتون کے مطابق ’’میں نے اس میں سفر کرنے کیلئے نومبر سے ہی بکنگ کرائی تھی۔ صبح ساڑھے ۶؍ بجے سے ہی یہاں پر لمبی لائن تھی۔ یہاں پر طلبہ ،ٹیچر اور کسانوں کے گھر والے بھی موجود تھے جنہیں خاص طور پہ یہاں پر دعوت دی گئی تھی۔ ان کے چہرے پر سکون تھا کہ ان کی دی ہوئی جگہ پر ایئرپورٹ تعمیر ہوا ہے ۔
یہاں پر جا سی گاؤں سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے ایئرپورٹ کو ڈی بی پاٹل کا نام دینے کے مطالبے کو لے کر نعرے لگائے جنہیں ڈپٹی پولیس کمشنر میور بھجبل نے پیار سے سمجھا کر نعرے لگانے سے منع کیا اور انہیں ایئرپورٹ کے اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی ۔اس موقع پر پولیس کا سخت بندوبست تھا ۔
ابتداء میں ایئرپورٹ صبح ۸؍ بجے سے رات ۸؍ بجے تک کام کرے گا۔یہاں سے روزانہ ۲۴؍ پروازیں طے ہیں۔ پہلے دن۳۲؍ فلائٹ آپریشن ہوئے جن میں۱۷؍روانگی اور ۱۵؍آمد شامل تھیں۔ انڈگو، ایئر انڈیا ایکسپریس، اکاسا ایئر اور اسٹار ایئر نے ۹؍ شہروں کیلئے پروازیں چلائیں۔
انڈیگو نے احمدآباد، بنگلورو، کوچین، دہلی، حیدرآباد، لکھنؤ، منگلورو اور ناگپور کیلئے کنکشن دیا جبکہ۶؍ ہفتہ وار فلائٹ گوا کیلئے رہیں۔ جمعہ ۲۶؍ دسمبر سے جےپور،۲۹؍ دسمبر سے چنئی اور کوئمبتور اور۳۰؍ دسمبر سے بڑودہ کیلئے نئی سروس شروع ہوگی۔ انڈیگو کے عالمی سیلز سربراہ ونَے ملہوترا نے کہا کہ اس سے نئے گیٹ وے کی آمد کے ساتھ سفر بہتر ہوگا۔ اکاسا ایئر کے آغاز پر ونے دوبے اور اڈانی ایئرپورٹس کے ارون بنسل نے شمع روشن کی۔انتظامیہ کے مطابق فروری۲۰۲۶ء سے ۲۴؍ گھنٹے آپریشن مرحلہ وار جاری ہوں گے۔ فی الحال ٹرمنل ون کے ذریعے سالانہ ۲؍ کروڑ مسافروں کی گنجائش ہے جو مستقبل میں ٹرمنل ٹو، تھری اور فور مکمل ہونے پر بڑھ کر ۹؍کروڑ تک ہوگی۔ نوی ممبئی کا یہ مرکز ممبئی ائیرپورٹ کے بوجھ میں واضح کمی لائے گا۔ پہلی تجارتی پرواز اور کرسمس کی خوشی کے موقع پر تمام مسافروں کا نئے ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا اور خصوصی تحائف دیئے گئے۔
واضح رہے کہ نوی ممبئی ایئرپورٹ کو۵؍ مراحل میں ڈیولپ کیا جانے والا ہے۔ پہلے دو مراحل میں ٹرمنل ایک مکمل ہو چکا ہے، جس کی سالانہ صلاحیت دو کروڑ مسافروں کی ہے۔ اگلے تین مراحل میں بالترتیب ٹرمنل ۲،۳؍ اور ۴؍کو ڈیولپ کیا جائے گا۔ مکمل طور پر تیار ہونے کے بعد یہ ہوائی اڈہ سالانہ ۹؍ کروڑ مسافروں کی آمد و رفت کو سنبھالنے کے قابل ہوگا۔
نیاایئرپورٹ تھانے سے۳۲؍ کلومیٹر اور بھیونڈی سے۴۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ جواہر لال نہرو بندرگاہ سے اس کا فاصلہ۱۴؍ کلومیٹر اور ممبئی پورٹ ٹرسٹ سے۳۵؍ کلومیٹر ہے۔ تلوجہ صنعتی علاقے سے یہ۲۲؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔