Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپورسے کل عازمین حج کی پہلی پرواز

Updated: May 22, 2025, 12:14 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مجموعی طور پر ۸؍ دنوں میں ۲۱۴۹؍ حاجی ناگپور ایئرپورٹ سے روانہ ہوں گے، آخری پرواز ۳۰؍ مئی کو ہوگی، حج کمیٹی کا عملہ مستعد

Hajj Committee workers collecting pilgrims` documents, etc.
حج کمیٹی کے کارکنان عازمین کے دستاویز وغیرہ جمع کرتے ہوئے ( تصویر: انقلاب)

ناگپور سے عازمین حج کی روانگی کل ۲۳؍ مئی سےشروع ہو جائےگی ۔ پہلا جہاز ناگپور ایئر پورٹ سے جمعہ کی   صبح ۱۱؍ بجکر ۱۰؍ منٹ پر جدہ کیلئے روانہ ہوگا۔ اس سال  ناگپور سےکُل ۲۱۴۹؍ عازمین روانہ ہوں گے۔ یہاں سے عازمین کے لئے آخری پرواز ۳۰؍ مئی کو ہوگی۔
 ناگپور سےروانہ ہونے والے عازمین کی رہائش کا انتظام  ، انہیں ریال مہیا کروانے اور۴۸؍  گھنٹے قبل ان کی  رپورٹنگ جیسے  امور کی نگرانی کے لئے ریاستی حج کمیٹی کی ٹیم ممبئی سے ۱۸؍ مئی کو ناگپور پہنچ چکی ہے جبکہ حج کمیٹی کے چیئرمین آصف عثمان خا ن، پہلے سے وہاں  موجود ہیں ۔چونکہ وہ ناگپور کے رہنےوالے ہیں اسلئےپہلے سے انتظامات کاجائزہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ جو شیڈیول حج کمیٹی آف ا نڈیا کی جانب سے بنایا گیا ہے اس کے مطابق سہولت کے ساتھ عازمین کی روانگی ہواورکسی قسم کا مسئلہ پیدا نہ ہونے پائے۔ ‘‘
 انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’عازمین کا سامان ایئرپورٹ پہنچانے ،حج ہاؤس میں ہی اگر کسی عازم کو ضرورت ہو توریال فراہم کروانے ، اسی طرح عازمین کی رہائش اور بزرگ عازمین کی سہولت کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔‘‘ 
 ریاستی حج کمیٹی کی سیکشن آفیسر خدیجہ نائیکواڑے سےاستفسار کرنے پرانہوں نے بتایا کہ ’’ ناگپور سے روانہ ہونے والے ۲۱۴۹؍ عازمین  میں سے ۱۵۲۱؍ عازمین کاتعلق مہاراشٹر ہی کے مختلف اضلاع سے ہے۔ جبکہ دیگر عازمین میں۳۵۶؍ کا تعلق چھتیس گڑھ سے ہے ۔ اس کے علاوہ  ۲۵۸؍ عازمین مدھیہ پردیش کے ہیں۔ ‘‘  انہوں نے بتایا کہ چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش کے عازمین ناگپور سے اسلئے روانہ ہو رہے کہ یہاں سے جانے میں انہیں سہولت ہوتی ہے اور یہ امبارکیشن پوائنٹ ان کے قریب ہے۔‘‘انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’’ ۲۳؍مئی کی صبح تقریباً ۴۰۰؍ عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ روانہ ہوگا۔ آخری جہاز ۳۰؍مئی کو ۳؍بجکر ۲۵؍ منٹ پرروانہ ہوگا۔اس طرح ۸؍دن تک الگ الگ فلائٹ سے عازمین کی روانگی  کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس دوران ریاستی حج کمیٹی کا عملہ ان حاجیوں کی خدمت کیلئے  ہمہ وقت مامور رہے گا۔‘‘ 
 سیکشن آفیسر نے مزیدکہاکہ’’ چونکہ پورا کام ریاستی حج کمیٹی کےذمہ ہے اس لئےاسی حساب سےتیاری کی جارہی ہے تاکہ تمام کام وقت سے پہلے پورا ہو اورعازمین آسانی کےساتھ اللہ کے مقدس گھر کے لئے روانہ ہوسکیں۔‘‘  یاد رہے کہ ممبئی سے عازمین کا پہلا قافلہ  ۲۹؍ اپریل کو روانہ ہوا تھا۔ یہاں سے بھی عازمین کی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے جو کہ ۳۰؍ مئی تک جاری رہے گا۔ یاد رہے کہ امسال ممبئی سمیت مہاراشٹر سے تقریباً ۲۰؍ ہزار عازمین حج کیلئے روانہ ہو رہے ہیں۔ ان میں سے آج تک ۱۵؍ ہزار سے زائد عازمین روانہ کئے جا چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK