ڈاکٹروں، آرگن ٹرانسپلانٹ کوآرڈی نیٹرز، ریلوے حکام، آر پی ایف اہلکار اور گجرات پولیس ، سبھی نے ایک ہی مقصد کیلئے ایک ساتھ کام کیا اور وہ مقصد تھا ایک مریض کی جان بچانا۔
احمدآباد اسٹیشن پر اس باکس کواہلکارایمبولینس میں رکھ رہے ہیں جس میں دل ہے-تصویر:آئی این این
ہندوستانی ریلوے نے طبی خدمات کے شعبے میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ پہلی بار، وندے بھارت ایکسپریس کے ذریعے ایک زندہ دل (live heart) کو کامیابی کے ساتھ سورت سے احمد آباد منتقل کیاگیا ہے۔ ہندوستانی ریلوے کے اس کارنامہ نےایک مریض کو نئی زندگی دی ہے۔۳۱؍ جولائی بروز جمعہ، سورت سے ایک ’زندہ دل ‘ ٹرین نمبر۲۰۹۰۱؍ ممبئی سینٹرل-گاندھی نگر کیپٹل وندے بھارت ایکسپریس کے ذریعے احمد آباد لایا گیا۔۲۵۰؍ کلومیٹر کا فاصلہ صرف ڈھائی گھنٹے میں طے کرلیا گیا ۔عطیہ دہندہ کی شناخت ادیشہ کے ۳۶؍ سالہ متھن لکشمن سوین کے طورپر ہوئی جسے برین ڈیڈ قرارد یاگیاتھا ۔ہندوستانی ریلوے، ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف)، گجرات اسٹیٹ پولیس اور میڈیکل ٹیموں نے بہترین تال میل سے اس چیلنج کو کامیابی سے پورا کیا۔جیسے ہی ٹرین احمد آباد ریلوے اسٹیشن پہنچی، پلیٹ فارم نمبر ایک سے یو این مہتا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ریسرچ سینٹر تک ایک خاص گرین کوریڈور تیار کیا گیا۔ آر پی ایف اور گجرات پولیس نے پورے راستے کو ٹریفک سے پاک رکھا اور یہ یقینی بنایا کہ ایمبولینس بغیر کسی تاخیر کےاسپتال پہنچے۔ نتیجے کے طور پر، زندہ دل مقررہ وقت کے اندر اسپتال پہنچ گیا اور اعضاء کی پیوند کاری (ٹرانسپلانٹ) کا عمل وقت پر شروع ہو سکا۔
یہ پورا آپریشن نہ صرف ’زندہ دل‘ کی تیز رفتار منتقلی کا بلکہ کئی ایجنسیوں کے درمیان مؤثر تال میل کی بھی ایک جیتی جاگتی مثال بن گیا۔ ڈاکٹروں، آرگن ٹرانسپلانٹ کوآرڈی نیٹرز، ریلوے حکام، آر پی ایف اہلکار اور گجرات پولیس کے جوان سبھی نے ایک ہی مقصد کے لیے ایک ساتھ کام کیا اور وہ مقصد تھا ایک مریض کی جان بچانا۔احمد آباد ڈویژن کے ڈویژنل ریل مینیجر وید پرکاش نے کہا کہ یہ ہندوستانی ریلوے کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جان بچانے والے مشن میں ایک ایک پل بہت قیمتی ہوتا ہے اور وندے بھارت ایکسپریس کی تیز رفتار، وقت کی پابندی اور بھروسہ مندی کی وجہ سے یہ مشن کامیابی سے ہمکنار ہوا۔انہوں نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس نے ایک بار پھر اپنی کارکردگی اور بھروسہ مندی کو ثابت کر دیا ہے۔ اب تک یہ ٹرین اپنے تیز رفتار سفر اور جدید ترین سہولیات کے لیے جانی جاتی تھی، لیکن اب جان بچانے والے مشنوں میں بھی اس کا اہم کردار سامنے آیا ہے۔
گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں لکھا’’ خدمت کی ایک انوکھی مثال! اعضاء کی پیوند کاری میں ہر ایک سیکنڈ قیمتی ہوتا ہے! سورت سے احمد آباد تک زندہ دل کو وندے بھارت ایکسپریس کی تیز رفتاری کے ذریعے چند گھنٹوں میں پہنچانے کی وجہ سے ہی یہ زندگی بچانے کی کوشش ممکن ہو سکی ۔ ریلوے، آر پی ایف، گجرات پولیس اور ہماری میڈیکل ٹیموں کے اس بے مثال تال میل کی بدولت احمد آباد کے یو این مہتا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ریسرچ سینٹر میں دل کی یہ کامیاب پیوند کاری مکمل ہو سکی جس سے ایک زندگی کو نئی دھڑکن مل سکی۔ اسپتال کے ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف کو دل کے کامیاب ٹرانسپلانٹ آپریشن پر خصوصی مبارکباد۔ ہماری حکومت ریاست کے ہر شہری کی زندگی کی حفاظت اور فوری، عالمی معیار کی صحت کی خدمات فراہم کرنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔