• Sat, 27 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلی بار بغیر اضافی آکسیجن کے ایوریسٹ سے اسکیئنگ کرکے کوہ پیما نیچےاترا

Updated: September 27, 2025, 2:19 PM IST | Agency | Kathmandu

یہ کارنامہ پولینڈ کے آندرے بارگیئل نامی کوہ پیما نے انجام دیا ہے،اس دوران آندرے نے شدید برفباری اور سخت موسم کا سامنا کیا۔

Andre on the far left at the summit of Everest, in the two pictures on the right he is skiing down. Photo: INN
بالکل بائیں ایوریسٹ کی چوٹی پرآندرے،دائیں جانب کی دونوں تصویروں میں وہ اسکیئنگ کرتے ہوئے نیچے اتررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

پولینڈ کے آندرے بارگئیل دنیا کے پہلے ایسے کوہ پیما بن گئے ہیں جنہوں نے دنیا کے بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایوریسٹ سے بغیر اضافی آکسیجن کے اسکیئنگ کرتے ہوئے نیچے اترنے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ ان کی ٹیم اور مہم کے منتظم نےاس کارنامے کی تصدیق کی ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق آندرے بارگیئل نے۸؍ہزار ۸۴۹؍میٹر (۲۹؍ہزار ۳۲؍فٹ)  اونچی  ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے کے بعد برف سے ڈھکی ڈھلوانوں پر اسکیئنگ کی۔
 بارگیئل نے جمعرات کی صبح چوٹی سے اترنے سے قبل انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی کہ’’ میں دنیا کے بلند ترین پہاڑ کی چوٹی پر ہوں اور اب اسکیئنگ کرتے ہوئے نیچے اترنے جا رہا ہوں۔‘‘ قبل ازیں  ایوریسٹ سے کئی بار اسکیئنگ کرتے ہوئےکوہ پیما اترے ہیں، لیکن اس کیلئے انہیں اضافی آکسیجن سلنڈر کی ضرورت پڑی ہے۔ ۲۰۰۰ء  سلووینیا کے داورین کارنیچار نے پہلی بار ایورسٹ کی چوٹی سے بیس کیمپ تک پہنچنے کیلئے اسکیئنگ  کی تھی لیکن انہوں نے آکسیجن سلنڈر استعمال کیا تھا۔
 ’سیون سمٹ ٹریکس ‘کے چھانگ داوا شیرپا، جنہوں نے تازہ ترین مہم کا انتظام کیا، نے بتایا کہ بارگیئل ’کیمپ۲‘ تک اسکیئنگ کرتے ہوئے پہنچے، وہاں رات گزاری اور اگلے دن اسکیئنگ کے ذریعے بیس کیمپ پہنچے۔انہوں نے کہا: ’’یہ انتہائی چیلنجنگ تھا اور اس سے پہلے کسی نے یہ نہیں کیا تھا۔‘‘شدید برف باری کے باعث بارگیئل کو۸؍ہزار میٹر  بلندی پر واقع  علاقے میں۱۶؍ گھنٹے گزارنے پڑے، جسے ’ڈیتھ زون‘ کہا جاتا ہے کیونکہ وہاں کم ہوا اور کم آکسیجن سطح کی وجہ سے’ بلندی کی بیماری(اَلٹیٹیوڈ سِکنیس )‘ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ بیس کیمپ پہنچنے پر انہیں ’کھادا‘ پہناکر استقبال کیا گیا ، یہ بدھ مت کاروایتی پٹکا( اسکارف)  ہے۔ پولینڈ کے وزیرِاعظم ڈونالڈ ٹسک نے ایکس پر پوسٹ کیا: ’’آسمان ہی حد ہے؟ پولینڈ والوں کے لیے نہیں! آندرے بارگیئل  ایورسٹ سے اسکیئنگ کرتے ہوئے نیچے اترے ہیں۔‘‘
 بارگیئل کی ٹیم نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے تاریخ رقم کی ہے اور اس کارنامے کو’اسکی ماؤنٹینئرنگ‘کی دنیا میں سنگِ میل قراردیا ہے۔ بارگیئل نے ایوریسٹ کو اپنا ہدف تب بنایا تھا جب  انہوں نے۲۰۱۸ء  میں کے ٹو (دنیا کا دوسرا بلند ترین پہاڑ) سے اسکیئنگ کرتے ہوئے نیچے اترنے کا منفرد اعزاز حاصل کیاتھا۔ تاہم، ایک خطرناک برفانی تودے کے سبب انہوں نے۲۰۱۹ءمیں اپنی کوشش ترک کردی۔۲۰۲۲ء میں وہ واپس آئے، لیکن تیز ہواؤں نے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK