Inquilab Logo

حج ۲۰۲۳ء کیلئے درخواست دینے میں ۵؍دن باقی

Updated: March 06, 2023, 1:38 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

قرعہ اندازی ۱۷؍سے ۲۰؍مارچ کے درمیان ہوگی۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او نے کہا اب تک ایک لاکھ ۸۰؍ہزار عازمین نے رجسٹریشن کروایا ہے جبکہ ایک لاکھ ۳۰؍ہزار عازمین آن لائن درخواست کا مرحلہ مکمل کر چکے ہیں

One lakh 30 thousand pilgrims have registered online. (File Photo)
ایک لاکھ ۳۰؍ہزار عازمین نے آن لائن رجسٹریشن کروایا ہے۔(فائل فوٹو)

حج ۲۰۲۳ءکے لئے آن لائن درخواست دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ درخواست دینے کے لئے ۵؍دن اور بچے ہیں۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ ۱۰؍مارچ مقرر کی گئی ہے۔ تاریخ میں توسیع کی جاتی ہے یا نہیں اس کے تعلق سے اب تک کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ ممکن ہے آخری تاریخ سے ایک دو دن قبل اس تعلق سے کوئی اعلان ہو۔ 
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او یعقوب شیخا سے استفسار کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ۵؍مارچ تک تقریباً ایک لاکھ ۸۰؍ہزار عازمین نے ملک بھر سے رجسٹریشن کروایا ہے اور ان میں سے ایک لاکھ ۳۰؍ہزار عازمین نے اپنا درخواست فارم بھی آن لائن جمع کروا دیا ہے۔  ان سے یہ پوچھنے پر کہ فارم بھرنے میں عازمین کی جانب سے پھر کسی قسم کی پریشانی کی شکایات موصول ہوئیں تو انہوں نے کہا کہ شروع میں چند دن سرور نظام متاثر رہا اس کے بعد سے پھر کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ عازمین اطمینان کے ساتھ آن لائن درخواست دے رہے ہیں، اب کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
قرعہ اندازی ۱۷؍سے ۲۰؍مارچ کے درمیان 
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او نے یہ بھی بتایا کہ قرعہ اندازی ۱۷؍سے ۲۰؍مارچ کے درمیان کی جائے گی۔ اس میں درخواست دینے والے خوش نصیب عازمین کو منتخب کیا جائے گا۔ کوٹے کے حساب سے جہاں ضرورت نہیں ہوگی یعنی مختص کوٹے کے مطابق ہی درخواستیں آئیں گی وہاں عازمین کو بغیر قرعہ کے منتخب کیا جائے گا۔
سفر حج خرچ اور کوٹے کی وضاحت اب تک نہیں 
 مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او سے یہ پوچھنے پر کہ قرعہ اندازی کی تاریخ کا تعین کر لیا گیا ہے لیکن اب تک سفر حج خرچ کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی کوٹے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ کوٹہ کتنا ہوگا اور ایک عازم کو حج کیلئے کتنی رقم جمع کرانی ہوگی؟ تو انہوں نے کہا کہ ابھی سفر حج خرچ کے تعلق سے فیصلہ نہیں کیا گیا ہے لیکن جلد ہی اسے بھی بتا دیا جائے گا۔ عازمین شدت سے اس بات کے منتظر ہیں کہ ان کو خرچ معلوم ہوتاکہ وہ رقم کا انتظام کرسکیں۔جہاں تک کوٹے کی بات ہے جو کوٹہ پہلے تھا  ابھی اسی کو سامنے رکھا جارہا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے کیا اعلان کیا جاتا ہے، کوٹا مزید بڑھایا جاتا ہے یا نہیں اس کے تعلق سے بھی عازمین حج کو پیشگی اطلاع دی جائے گی۔اس کے علاوہ کوشش یہ کی جائے گی کہ زیادہ سے زیادہ تفصیلات رمضان المبارک سے قبل عازمین کو بتادی جائیں تاکہ وہ اس کے پیش نظر تیاری کرسکیں ۔ عازمین کی رہائش گاہوں کا انتخاب مکمل ہوجانے کے بعد سفر حج خرچ کی تفصیلات بتادی جائیں گی۔

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK