امریکہ ، اس کے صدر اور اسرائیلی حکومت پر شدید طنز ، سوشل میڈیا پر ایرانی صارفین اور حامیوں نے طنز و مزاح اور تخلیقی انداز سے بیانیہ بدل دیا ہے
EPAPER
Updated: April 03, 2026, 11:03 PM IST | New York
امریکہ ، اس کے صدر اور اسرائیلی حکومت پر شدید طنز ، سوشل میڈیا پر ایرانی صارفین اور حامیوں نے طنز و مزاح اور تخلیقی انداز سے بیانیہ بدل دیا ہے
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان، جس میں انہوں نے ایران کو ’’پتھر کے زمانے‘‘ میں واپس بھیجنے کی دھمکی دی ہے، کے فوراً بعد ایران نے روایتی سفارتی یا عسکری ردعمل کے بجائے ایک غیر معمولی اور جدید حکمت عملی اختیار کی۔ ایران نے سوشل میڈیا کو میدانِ جنگ بنایا اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ ویڈیوز اور میمز کی بارش کر دی، جن کا ہدف براہِ راست امریکہ اور اسرائیل تھے۔ یہ ڈجیٹل مہم نہ صرف رفتار میں تیز تھی بلکہ مواد کے لحاظ سے بھی انتہائی تخلیقی، اثر انگیز اور پُر مزاح ثابت ہوئی۔ چند ہی گھنٹوں میں درجنوں اے آئی ویڈیوز اور سیکڑوں میمز وائرل ہو گئے، جنہوں نے عالمی سطح پر ایک نئی بحث کو جنم دیا کہ کیا اب جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ بیانیے اور ڈجیٹل اثر و رسوخ سے بھی لڑی جائیں گی۔سوشل میڈیا صارفین نے طنز اور مزاح کے ذریعے سخت سیاسی پیغام پہنچایا۔ ایک وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا کہ اگر ایران واقعی ’’پتھر کے زمانے‘‘ میں چلا جائے تو امریکہ خود جدید ٹیکنالوجی سے محروم ہو کر مشکلات کا شکار ہو جائے گا۔ ایک اور میم میں ٹرمپ کو قدیم دور کے لباس میں دکھایا گیا، جس کے ساتھ کیپشن تھا: ’’اصل پتھر کا زمانہ تو یہاں ہے۔‘‘پیش ہیں ’’پتھر کے زمانے‘‘ کے جواب میں ایران کے چند میمز اور اے آئی ویڈیوز نیز صارفین کے دلچسپ تبصرے۔
(۱) ٹرمپ بطور غاروں میں رہنے والے انسان، فارسی بادشاہ کے سامنے:ایک اے آئی تصویر میں ڈونالڈ ٹرمپ کو غار میں رہنے والے ایک خوفزدہ انسان کے طور پر دکھایا گیا، جبکہ ایک قدیم فارسی بادشاہ ان کے سامنے کھڑا ہے۔ کیپشن: ’’جب تم غاروں میں تھے، ہم سلطنتیں بنا رہے تھے۔‘‘(۲) ’’آپ اسٹون ایج میں پہنچ چکے ہیں‘‘:ایک کلپ میں امریکی شہروں کو تباہ شدہ اور تاریکی میں دکھایا گیا ہے جس پر لکھا ہے ’’آپ اسٹون ایج میں پہلے ہی پہنچ چکے ہیں۔‘‘ (۳) نیتن یاہو اور ٹرمپ ’’لیگو‘‘ کارٹون میں تباہ ہوتے ہوئے:لیگو اسٹائل اے آئی ویڈیو میں نیتن یاہو اور اور ٹرمپ کو کارٹون کرداروں کے طور پر دکھایا گیا جو اپنی ہی پالیسیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ (۴) امریکی فوج بطور پتھر پھینکنے والے:میم میں جدید امریکی فوج کو پتھر اور لکڑی کے ہتھیاروں کے ساتھ دکھایا گیا، کیپشن: ’’سپر پاور ۲۰۲۶ء‘‘۔(۵) اسرائیل بطور تنہا جزیرہ:ایک اے آئی ویڈیو میں اسرائیل کو ایک چھوٹے جزیرے کے طور پر دکھایا گیا جو چاروں طرف اندھیرے سمندر میں ڈوبا ہوا ہے۔ (۶) ٹرمپ کا ڈیپ فیک، خود پر ہنستا ہوا:ایک ویڈیو میں ٹرمپ خود کہتے ہوئے ہنستے ہیں کہ ’’شاید میں ہی پتھر کا زمانہ ہوں۔‘‘ اسےصارفین نے طنزیہ طور پر وائرل کیا ہے۔