Inquilab Logo

گجرات کے مختلف اضلاع میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال

Updated: September 20, 2023, 2:32 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

تقریباً؍۱۱ہزار ۹؍سو افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا محکمہ موسمیات کے مطابق مزید بارش ہونےکا امکان۔

Photo. INN
تصویر:آئی این این

خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اتوار کو گجرات کے مختلف اضلاع میں شدید بارش کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ نرمدا، بھروچ،بڑودہ، داہود اور پنچمحل میں ریسکیوآپریشن کر کے تقریباً ۱۱؍ہزار ۹؍سو افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے مطابق نرمدا ندی پر واقع سردار سروور ڈیم مکمل بھرجانے کے بعد اس سے تقریباً ۱۰؍لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیاجس کے نتیجے میں نرمدا ضلعےکے نشیبی علاقوں میں بڑے پیمانے پرسیلاب آگیا۔ ضلعی انتظامیہ نے احتیاطاً پیر کو اسکول اور کالج بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ نرمدا ندی کی آبی سطح ۶۸ء۱۳۸؍فٹدرجکی گئی جوخطرے کے نشان سے تقریباً۱۰؍ فٹ اوپر ہے۔ سیلاب سے بھروچ ضلع میں دریائے نرمدا کے کنارے آباد۶؍ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں جن کو گزشتہ۲؍ دنوں میں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیاہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق دریائے تاپی پر بنے یوکائی ڈیم سے تقریباًایک لاکھ۹۸؍ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیاہے ساتھ ہی سانگ، ہیران، ماہی، میشری اور پانام جیسے بارشوں سے چلنے والے دریا اس وقت بہہ رہے ہیں۔ میڈیاپورٹس کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آرایف)کی دو بٹالین کونرمدا میں جبکہ ایک ایک پنچ محل، راجکوٹ، جوناگڑھ اوربڑودہ میں تعینات کیاگیاہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے دستوں کو بڑودہ، بناسکانتھا، بھروچ اور نرمدا میںتعینات کیاگیاہے۔ شدیدبارش سےنرمدا میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے بڑھ جانے کے بعد اتوار کی رات تقریباً۱۱؍بجکر۵۰ منٹ ممبئی-احمد آباد روٹ پر ٹرین کی آمدورفت بھی تقریباً ۱۲؍ گھنٹے تک روک دی گئی تھی جسے پیر کی دوپہر کے قریب دوبارہ شروع کیاگیا۔ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پنچمحل، داہود، کھیڑا، اراولی، مہی ساگر، بناسکانٹھا اور سابر کانٹھا اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جس میں منگل کی صبح تک الگ تھلگ حصوں میں انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہےجبکہ سوراشٹرا اور کچھ دیگر اضلاع کیلئے اورنج الرٹ جاری کیا ہے اورکچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ظاہرکیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK