Inquilab Logo

شدید بارش سے ملک کی متعدد ریاستوں میں سیلابی صورتحال

Updated: July 29, 2022, 11:18 AM IST | new Delhi

آئندہ ۳؍دنوں میںشمالی ہندوستان میں بارش میں اضافہ ہوگا،راجستھان میں ۵۵؍ فیصد زیادہ بارش، کئی ریاستوں میںسیلابی صورتحال، یوپی کے۲۲؍اضلاع میں الرٹ

Due to flooding in Delhi, women are walking with the support of each other
دہلی میں پانی بھرنے کی وجہ سے خواتین ایک دوسرے کے سہارے چل رہی ہیں

شدید بارش کی وجہ سے ملک کی بیشتر ریاستوں میں سیلاب کی صورتحال  ہے۔شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال کی طرف رخ موڑنے کی وجہ سے اگلے ۲؍ تا ۳؍ دنوں میں شمالی ہندوستان میں بارش میں اضافہ ہوگا۔ راجستھان میں بارش نے گزشتہ۳؍سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ معمول سے۵۵؍فیصد زیادہ بارش کی وجہ سے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال ہے۔ جودھ پور میں حالات سب سے زیادہ خراب ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی مدد کیلئےیہاں فوج کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔یوپی میں لکھنؤ، کانپور، پریاگ راج سمیت۲۲؍  اضلاع میں بارش کا الرٹ ہے۔ کانپور میں جمعرات کی صبح۲؍گھنٹے تک بارش ہوئی۔ جس کی وجہ سے سڑکیں تالاب بن گئیں۔ دوسری جانب وارانسی میں دشاسوا میدھ گھاٹ کی آرتی کی جگہ کو پھر سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔
آئندہ۴؍ دن۳؍ ریاستوں میں موسلادھار بارش
 محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں   میں شمالی پنجاب، شمالی ہریانہ، چندی گڑھ اور ہماچل پردیش، مشرقی اتر پردیش اور جھارکھنڈ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ آندھرا پردیش، تمل ناڈو، پڈوچیری میں اگلے ۳؍ سے ۴؍ دنوںکے دوران موسلادھار بارش ہوگی۔آسام، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں ۳۱؍جولائی تک موسلادھار بارش کاامکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی سکم، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں بھی کچھ مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ اس کےعلاوہ محکمہ موسمیات نے جموںکشمیر میں اگلے ۴؍  دنوں تک بارش کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔
جودھ پور میں سیلاب، فوج نے چارج سنبھال لیا
 راجستھان میںمانسون کی معمول سے ۵۵؍فیصد زیادہ بارش ہونے کی وجہ سے کئی اضلاع میں سیلاب کی صورتحال ہے۔ بارش کی رفتار کچھ کم ہونے کےبعدمتاثرہ علاقے میں بچائو کاری شروع کر دی گئی ہے۔تاہم اب بھی کچھ علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ایجنسیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ جودھ پور میں حالات سب سے زیادہ خراب ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی مدد کے لیے یہاں فوج کے جوانوںکو  تعینات کیا گیا ہے۔ بچاؤ کے ساتھ ساتھ جوان کئی دنوں سے گھروں میں پھنسے لوگوں کو کھانے پینےکی اشیاء بھی پہنچا رہے ہیں۔ ۳؍ دنوں میں یہاں۷؍اموات ہو چکی ہیں۔ ان میں ۵؍ بچے، ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں۔
یوپی کے۲۲؍ اضلاع میں بارش کا الرٹ
 یوپی میںلکھنؤ، کانپور،پریاگ راج سمیت ۲۲؍ اضلاع میں بارش کا الرٹ ہے۔گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں میں۷ء۲؍ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ کانپور میں جمعرات کی صبح ۲؍گھنٹے موسلادھاربارش ہوئی۔ جس کی وجہ سے سڑکیں تالاب بن گئیں۔ نروال کوتوالی میںلاک اپ تک پانی بھر گیا۔ پولیس اہلکاروں اور شکایت کنندگان کوآنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لکھنؤ میں صبح ۱۱؍ بجےکے قریب بارش شروع ہوئی جو اب تک جاری ہے۔بدھ کی رات دیرگئےحمیرپور میں بولیرو نالے میں بہنے لگی۔اس میں موجود۲؍سالہ بچی سمیت۸؍  افراد کسی طرح گاڑی کا گیٹ توڑ کر باہر نکلے تاہم۳؍ سالہ بچہ نالے میں بہہ گیا۔اس کے بارے میں ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہے۔بدھ کی دیر رات متھرا میں زبردست بارش ہوئی۔ سڑک پانی میں ڈوب گئی۔ کئی مقامات پردرخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں۔ کانپور میں گنگا بیراج کے تمام۳۰؍ دروازے کھول دیے گئے ہیں۔
ایم پی: چمبل ندی میں پانی خطرے سے اوپر 
 ایم پی میں بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانیہے۔باروانی میں نرمدا کے سیلاب کی وجہ سے راج گھاٹ کا علاقہ ایک جزیرہ بن گیا۔ بدھ کی شام۶؍ بجے دریا کے پانی کی سطح۱۳۰ء۲۰۰؍میٹر تک پہنچ گئی۔ راج گھاٹ میں ۱۷؍ خاندان آباد ہیں۔ ان لوگوں نے ایس ڈی ایم گھنشیام دھنگر سےکشتی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
ہماچل:۳؍ اضلاع میں اورینج الرٹ جاری
 محکمہ موسمیات نےہماچل کی راجدھانی شملہ میںمانسون کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے۳؍اضلاع میں شدید بارش کی پیش گوئی کرتےہوئے اورینج الرٹ جاری کر دیا ہے۔ دریں اثنا، ان اضلاع میں مختلف مقامات پر ۱۱۵؍ سے ۲۰۴؍ملی میٹر کے درمیان موسلادھار بارش کا امکان ہے۔اس سے بہت زیادہ نقصان بھی ہو سکتا ہے۔ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی بھاری بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

monsoon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK