خردہ بازار میں بھنڈی، گوار، شملہ مرچ اور بیگن جیسی سبزیوں کی قیمتیں ۱۰۰؍روپے کلو سے تجاوز، صارفین پریشان۔
EPAPER
Updated: September 25, 2025, 4:12 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
خردہ بازار میں بھنڈی، گوار، شملہ مرچ اور بیگن جیسی سبزیوں کی قیمتیں ۱۰۰؍روپے کلو سے تجاوز، صارفین پریشان۔
مراٹھواڑہ اور ریاست کے مختلف اضلاع میں گزشتہ ایک ہفتے سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے متعدد اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے جہاں ان علاقوں میں معمولات زندگی درہم برہم ہے وہیں فصلوں کو بڑا نقصان پہنچا ہے جس سے تھوک بازار میں سبزیوں کی آمد کم ہو نے سے تھوک اور خردہ بازاروں میں سبزیوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں جس کے سبب عوام مہنگی سبزیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔عام دنوں میں واشی کے اے پی ایم سی مارکیٹ میں روزانہ تقریباً ساڑھے ۶۰۰؍ ٹرک سبزیاں آتی ہیں لیکن گزشتہ ۲۔۳؍ دنوں سے کم وبیش ۵۰۰؍ٹرک سبزیاں آرہی ہیں۔ سبزیاں کم آنے سے خردہ بازار میں بھنڈی، گوار، شملہ مرچ اور بیگن جیسی سبزیوں کی قیمتیں ۱۰۰؍روپے کلو سے تجاوز کر گئی ہیں ۔ اسی دوران آنے والے تہواروں کے پیش نظر سبزیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے گھریلو خواتین میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ بجٹ بگڑ گیا ہے۔
واضح رہے کہ واشی مارکیٹ میں مراٹھواڑہ خطے کے ساتھ ساتھ سانگلی، ستارہ، شولاپور، کولہاپور، ناسک اور دیگر ریاستوں کے کچھ اضلاع سے بڑی مقدار میں سبزیاں سپلائی کی جاتی ہیں ۔ یہاں سے ان سبزیوں کو ممبئی، تھانے اور مضافاتی علاقوں کےخردہ بازاروں میں فروخت کیلئے بھیجا جاتا ہے۔واشی مارکیٹ میں خردہ فروش صبح ہی سے مال خریدنے کیلئے جمع ہوتے ہیں لیکن گزشتہ ۲۔۳؍ دنوں سے سبزیوں کی آمد میں کمی آنے سے خردہ گاہکوں کو سبزیاں مہنگی مل رہی ہیں جس سے عام بازار میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں گزشتہ ایک ہفتے سے شدید بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور زرعی فصلوں کو کافی حد تک نقصان پہنچا ہے ۔ جو سبزیاں کاٹی گئی ہیں وہ خراب ہوگئی ہیں جس سے سبزیوں کی سپلائی کم ہو ئی ہے ۔
محمدعلی روڈ کی سعیدہ قریشی نے بتایا کہ ’’سبزیوں کی قیمت میں یکایک ہونے والے اضافے سے گھر کابجٹ متاثر ہو رہا ہے۔ ایک تو سبزیوں کی دکانیں کم لگ رہی ہیں، دوسرے جو دکانیں لگ رہی ہیں ان پر گلی سڑی اور خراب سبزیاں دستیاب ہیں ،ساتھ ہی مقدار میں بھی کم ہے جس سے اندازہ ہو رہا ہےکہ بارش کی وجہ سے سبزیاں کم آرہی ہیں ۔ ابھی چند دنوں پہلے جو سبزیاں ۶۰؍ سے ۸۰؍روپے کلو تھیں ،ان کی قیمتیں اچانک ۱۰۰؍ سے ۱۲۰؍ روپے ہوگئی ہیں۔ ۸۰؍ روپے کلو فروخت ہونے والا گوار ۱۲۰؍روپے کلو ہوگیا ہے ۔ لہسن بھی ۱۰۰؍ کے بجائے ۱۶۰؍روپے کلو مل رہا ہے ۔ لوکی ۴۰؍ روپے سے ۸۰؍ روپےفی کلو ہوگئی ہےغرضیکہ ساری سبزیوں کی قیمتیں بڑھنے سے عام صارف کو پریشانی ہو رہی ہے ۔‘‘
واشی اے پی ایم سی مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق منگل کو ۵۷۳؍ٹرک سبزیاں آئی تھیں جو عام دنوں کے مقابلہ ۱۰۰؍ سے ۱۵۰؍ ٹرک کم ہے جس کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ریٹیل مارکیٹ میں کچھ سبزیاں براہ راست ۱۰۰؍روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ ایک طرف نوراتری کا تہوار چل رہا ہے جس کی وجہ سے سبزیوں کی مانگ میں کافی اضافہ ہوا ہے۔
خردہ سبزی فروشوں کےمطابق بارش کے باعث منڈی میں سبزیوں کی قلت ہے۔ ان میں سے کچھ سبزیاں زیادہ مہنگی ہوگئی ہیں ، اس لئے ہم ان سبزیوں کو فروخت کرنے کیلئے خریدنے میں ہچکچارہے ہیں۔ ایسی سبزیاں کم مقدار میں خرید رہے ہیں۔ اس میں خاص طور پر اچھی کوالٹی کی سبزیاں جیسے گوار، کریلا اوربیگن شامل ہیں۔