Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان : موسلادھاربارش اور ڈیم کا پانی چھوڑے جانے سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال

Updated: August 21, 2025, 6:09 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

محکمہ موسمیات کی جانب سے وارننگ کے مطابق تھانے ضلع میں بدھ کو بھی موسلادھار بارش ہوئی جس سے عام زندگی متاثر رہی۔

Houses in a low-lying area are seen submerged in water. Photo: Inqilabad
ایک نشیبی علاقہ کے مکانات پانی میں ڈوبے نظر آرہے ہیں۔ تصویر: انقلاب

محکمہ موسمیات کی جانب سے وارننگ کے مطابق تھانے ضلع میں بدھ کو بھی موسلادھار بارش ہوئی جس سے عام زندگی متاثر رہی۔ایک طرف موسلادھار بارش اور دوسری جانب باروے ڈیم کا پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے کلیان اور ڈومبیولی کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ بارش کے اعداد وشمار پر نظر ڈالے تو گزشتہ ۲۴ ؍گھنٹے میں کلیان ڈومبیولی میں ۱۷۳ ؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
 ۴ ؍روز سے ہورہی موسلادھار بارش کی وجہ سے باروے ڈیم چھلک گیا اور اس کے گیارہ خودکار دروازوں سے ۲۳۶ ؍کیوسک رفتار سے پانی کی نکاسی ہورہی ہے۔اس کے نتیجے میں باروے ڈیم کا پانی الہاس ندی کے ذریعہ کلیان کھاڑی، یوگی دھام اور والدھونی کے نشیبی علاقوں میں بھر گیا  ۔ ریتی بندر،  قافلہ اور دارالفلاح مسجد کے قریب چالیوں میں ۶؍ سے ۸ فٹ  پانی بھر جانے سے کھاڑی کنارے بسے جھوپڑے پوری طرح سے پانی میں ڈوب گئے تھے۔اس بارے میں سماجی کارکن فردین پیکر نے بتایا کہ منگل کی دیر رات سے کھاڑی کا پانی کنارے  کے گھروں میں داخل ہونا شروع ہوگیا تھا۔نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگ اطراف کی چالیوں یا پہلے منزلے پر منتقل ہوگئے  ۔کچھ لوگوں کو ایک نمبر سرکاری اسکول میں منتقل کیا گیا  ۔انہوں نے یہ بھی  بتایا کہ مسلم تنظیموں کے کارکنان نے متاثرین کو کھانے کے پیکٹ اور پانی کی بوتلیں فراہم کی۔ وہیں کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کردہ سٹی پارک میں بھی ۲ ؍سے ۳ ؍فٹ پانی بھرا تھا۔ الہاس ندی کی سطح آب بڑھ جانے سے موہیلی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں پانی داخل ہونے سے اسے بند کرنا پڑا۔اس کی وجہ سے کلیان مشرق اور مغرب کے کچھ حصوں میں پانی   سپلائی متاثر رہے گی۔
  کلیان-احمد نگر شاہراہ پر واقع رائتا بریج بدھ کو بھی مکمل طور بند رہا۔اس کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ۔ رائتے بریج کے پاس قومی شاہراہ کی تعمیر پر مامور ۳۰ ؍سے زائد مزدور سیلابی پانی میں پھنس گئے تھے جنہیں پوکلین مشین کی مدد سے  نکالاگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK