Inquilab Logo

پین گنگا ندی میں طغیانی،کھیتوں میں پانی ،۶؍ ہزار ہیکٹر اراضی پر خریف کی فصلیں برباد

Updated: September 21, 2022, 9:42 AM IST | Banda

مہکر تعلقہ کے دیول گاؤںمیں اتوار کی رات سے شدید بارش ، دودھا، برہم پوری، کلیانہ، عسرن، ناگ جھری ا ور کئی دیگر دیہاتوں میں پانی ہی پانی

Crops have been wiped out in many areas, with tar, cotton and maize crops covered in soil.
کئی علاقوں میں فصلوں کا صفایا ہو چکا ہے، تور، کپاس اور مکئی کی فصلیں زمین سے لپٹی ہوئی ہیں

 مہکر تعلقہ کے دیولگاؤں مالی منڈل علاقے میں اتوار ۱۹؍ ستمبر کی رات سے ہونے والی شدید بارش اور پین ٹاکلی پروجیکٹ کے تمام دروازے کھول دیے جانے سے پین گنگا  ندی میں طغیانی آگئی  جس سے کھیتوں میں پانی داخل ہو گیا اور۶؍ ہزار ہیکٹر پر کھڑی خریف کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ شام کو گرج چمک کے ساتھ تیز بارش نے پورے تعلقہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔  دوبارہ شروع ہونے والی بارش نے کافی نقصان پہنچایا ہے۔ کوراڑی، پین ٹاکلی پروجیکٹ کے اسٹوریج ایریا میں زیادہ بارش(۹۹؍ ملی میٹر)کی وجہ سے پین ٹاکلی کے تمام گیٹ کھول دیے گئے ہیں اور شیڈ سے ۶؍ ہزار۷۴۳؍ کیوسیک پانی چھوڑا گیا ۔کوراڑی پروجیکٹ کے دہانے  سے پانی کی بڑی مقدار بہنے سے پین گنگا ندی میں طغیانی آگئی اور پانی دودھا، برہم پوری، کلیانہ، عسرن، ناگ جھری، بابل کھیڑ، مہکر، پرتاپور انتری دیشمکھ بوری، سوناتی وغیرہ دیہاتوں کے کنارے کھیتوں میں داخل ہونے سے کھیت تالاب کا منظر پیش کررہے تھے۔ سویا بین کی فصل اکھڑ کر بہہ گئی ہے۔ کئی علاقوں میں فصلوں کا صفایا ہو چکا ہے۔ تور، کپاس، مکئی کی فصلیں زمین سے لپٹی ہوئی ہیں۔ کچھ جگہوں پر سویابین کی فصل اپنے آخری مرحلہ میں داخل ہو چکی تھی اور اگلے۱۵؍ دنوں میں سویابین تیار ہوکر کسانوں کے گھروں تک پہنچ جاتی لیکن بے موسم بارش اور ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے چھ ہزار ہیکٹر رقبہ کی فصل تباہ ہو گئی۔
  واضح رہے کہ کسانوں نے بینکوں سے قرض لے کر خریف کی فصل کے لیے کافی خرچ کیا ہے اور اب شدید بارش کی وجہ سے کسان پریشان ہو گئے ہیں۔حکام کو دیولگاؤں مالی منڈل علاقہ کے گاؤںمیں گزشتہ روز کی موسلادھار بارش اور ندی میں طغیانی کی وجہ سے فصلوں اور دیگر نقصانات کا پنچنامہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK