جی پی ٹی نے مبینہ طور پر فلوریڈا اورکنیڈا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کرنے والوں کو رہنمائی فراہم کی، دونوں مقدمات میں حملہ آوروں نے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد کیلئے جی پی ٹی سے معلومات حاصل کی تھی، مقدمے کے بعد آلٹ مین نے معافی مانگی۔
EPAPER
Updated: April 25, 2026, 9:09 PM IST | New York
جی پی ٹی نے مبینہ طور پر فلوریڈا اورکنیڈا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کرنے والوں کو رہنمائی فراہم کی، دونوں مقدمات میں حملہ آوروں نے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد کیلئے جی پی ٹی سے معلومات حاصل کی تھی، مقدمے کے بعد آلٹ مین نے معافی مانگی۔
اوپن اے آئی (OpenAI) کے سی ای او سیم آلٹمین (Sam Altman) نے فروری میں ہونے والے ایک قتل عام کے سلسلے میں تمبلر رج (Tumbler Ridge) کے لوگوں سے معافی مانگی ہے۔ واضح رہے کہ کنیڈا کی یہ میونسپلٹی اس سال کےاوائل میں اس وقت افراتفری کا شکار ہوگئی تھی جب ایک۱۸؍ سالہ لڑکی نے چھ بچوں اور کئی افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار لی۔ آلٹمین کا یہ پیغام اس وقت سامنے آیا جب فلوریڈا نے اوپن اے آئی کے خلاف فوجداری تحقیقات شروع کیں تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ کیا چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) یونیورسٹی میں ہونے والے مہلک حملے کے لیے ذمہ دار ہے۔ دراصل دونوں واقعات میں حملہ آوروں نے چیٹ بوٹ سے خفیہ بات چیت کی تھی اور اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے معلومات حاصل کی ۔
یہ بھی پڑھئے: ڈونالڈ ٹرمپ کا ادویات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کا اعلان
بعد ازاں آلٹمین نے لکھا، ’’مجھے اس بات پر گہرا افسوس ہے کہ ہم نے جون میں بند کیے گئے اکاؤنٹ کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع نہیں کیا۔ اگرچہ میں جانتا ہوں کہ صرف الفاظ کبھی کافی نہیں ہو سکتے، میں سمجھتا ہوں کہ آپ کے معاشرے کو پہنچنے والے نقصان اور ناقابلِ تلافی نقصان کو تسلیم کرنے کے لیے معافی ضروری ہے۔ہماری توجہ حکومت کی تمام سطحوں کے ساتھ کام کرنے پر رہے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ایسا دوبارہ کبھی نہ ہو۔‘‘۲۳؍ اپریل کی یہ خط برٹش کولمبیا کے پریمیئر ڈیوڈ ایبی (David Eby) نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔
تاہم ایک اہلکار نے پہلے کہا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اوپن اے آئی کے پاس اس قتل عام کو روکنے کا موقع تھا۔
تمبلر رج کیس کیا ہے؟
پولیس کے مطابق۱۸؍ سالہ مبینہ حملہ آور جس کی شناخت جیسی وین روٹسلیار کے طور پر ہوئی ہے، نے اپنی ماں اور۱۱؍ سالہ سوتیلے بھائی کو شمالی برٹش کولمبیا کے گھر میں قتل کیا، پھر قریبی تمبلر رج سیکنڈری اسکول جا کراندھادھند فائرنگ کردی اور آخر میں خود کو بھی ہلاک کر لیا۔اس فائرنگ میں پانچ بچے اور ایک استاد ہلاک ہوئے، جبکہ تقریباً۳۵؍ دیگر افراد زخمی ہوئے۔فائرنگ کے بعد اوپن اے آئی نے سامنے آ کر چیٹ جی پی ٹی کے بالواسطہ کردار کا انکشاف کیا۔ اور پایا کہ حملہ آور نے تشدد آمیز سرگرمیوں کیلئے اپنے اکاؤنٹ کا استعمال کیا تھا۔اے آئی اسٹارٹ اپ نے کہا کہ اس نے اس اکاؤنٹ کو رائل کنیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے حوالے کرنے پر بحث کی تھی، لیکن،کمپنی کی داخلی پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئےایسا نہیں کیا گیا۔ جبکہ اوپن اے آئی نے جون میں اپنی استعمال کی پالیسی کی خلاف ورزی پر اکاؤنٹ بند کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: فرانس: ۲۰۲۷ء کے بعد سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لوںگا: میکرون
بعد ازاں فلوریڈا نے اوپن اے آئی کے خلاف فوجداری تحقیقات شروع کر دی، جبکہ آلٹمین کا یہ پیغام اس وقت آیا جب اوپن اے آئی کو فلوریڈا میں فوجداری تحقیقات کا سامنا تھا۔ اٹارنی جنرل جیمز اوتھمائر (James Uthmeier) نے منگل کو کہا کہ ریاست کمپنی اور اس کی مصنوعی ذہانت (AI) کی ایپ چیٹ جی پی ٹی کے خلاف گزشتہ سال ہونے والے ایک مہلک حملے کے سلسلے میں تحقیقات شروع کر رہی ہے جس میں فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ملزم پر قتل اور قتل کی متعدد کوششوں کے مقدمات چلائے گئے۔اوتھمائر نے ایک نیوز بریفنگ میں کہا، ’’چیٹ بوٹ نے حملہ آور کو مشورہ دیا کہ کس قسم کی بندوق استعمال کی جائے، کون سی گولی کس بندوق میں لگتی ہے، اور آیا بندوق قریب سے فائرنگ کے لیے کارآمد ہوگی، اگر اسکا ذمہ دارکوئی انسان ہوتا، تو ہم اس پر قتل کا مقدمہ چلاتے۔‘‘تاہم ان کے دفتر نے کہا کہ یہ تحقیقات طے کرے گی کہ "کیا اوپن اے آئی فائرنگ میں چیٹ جی پی ٹی کے اقدامات کے لیے فوجداری طور پر ذمہ دار ہے۔‘‘