Inquilab Logo

مالی میں غذائی بحران ، تقریباً ۱۰؍ لاکھ بچوں پر شدید غذائی قلت کا خطرہ

Updated: September 03, 2023, 12:01 PM IST | Agency | New York

ا قوام متحدہ کے مطابق تقریباً۵۰؍ لاکھ بچوں کو انسانی بنیادوں پر فوری مدد کی ضرورت ، صحت، غذائیت، تعلیم اور تحفظ کی خدمات کے ساتھ ساتھ صاف پانی تک رسائی بھی شامل

In Mali, UNICEF and other aid organizations are active in helping the people. Photo: INN
مالی میں یونیسیف اور دیگر امدادی ادارے عوام کی مدد کیلئے سرگرم ہیں۔ تصویر:آئی این این

ان دنوں  مالی شدید غذائی بحران کا شکار ہے ۔ سب سے زیادہ بچے متاثر ہیں ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ نے بتایا کہ افریقی ملک مالی غذائی بحر ان کی زد میں  ہے۔ اس سال دسمبر تک۵؍ سال سے کم عمر کے تقریباً۱۰؍ لاکھ بچوں کو شدید غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ کم از کم۲؍لاکھ افراد کے شدید غذائی قلت کے سبب بھوک سے مرنے کا خطرہ ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس کے چیف ترجمان اسٹیفن دوجارک نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) نے یہ انتباہ طویل مسلح تصادم، اندرونی نقل مکانی اور انسانی ہمدردی کی محدود رسائی کے سنگین مسائل کے پیش نظر جاری کیا ہے۔
دوجارک نے کہا کہ مالی کی ایک چوتھائی آبادی درمیانی یا شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہے۔ پہلی بار مینکا کے بحران زدہ علاقے میں ۲؍ ہزار۵؍سو سے زائد افراد قحط کے خطرے سے دوچار ہیں جن میں سے اکثر بچے ہیں ۔
 یونیسیف نے کہا کہ یونیسیف اور اقوام متحدہ کے عالمی خوراک پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے انسانی ہمدردی کے اعلیٰ حکام نے اس ہفتے ملک کا دورہ کیا تاکہ مقامی حکام اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کا اعادہ کیا جا سکے۔
 یونیسیف کے ڈپٹی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر برائے انسانی ہمدردی کی کارروائی اور سپلائی آپریشنز ٹیڈ چائیبن نے کہا،’’مالی ایک سنگین انسانی بحران سے گزر رہا ہے اور بچوں کو آفت سے بچانے کیلئے فوری مدد کی ضرورت ہے، وہ ایک بار پھر اس بحران کی زیادہ قیمت چکا رہے ہیں جو انہوں نے پیدا بھی نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’مالی کے کچھ مشکل ترین سالوں میں یونیسیف، ڈبلیو ایف پی اور دیگر شراکت دار وہاں  سرگرم رہے ہیں اور جب تک ہماری خدمات کی ضرورت ہے ہم انسانی اور ترقیاتی امور پر کام کرتے رہیں گے۔
یونیسیف نے کہا کہ مالی میں تقریباً۵۰؍ لاکھ بچوں کو انسانی بنیادوں پر فوری مدد کی ضرورت ہے جس میں صحت، غذائیت، تعلیم اور تحفظ کی خدمات کے ساتھ ساتھ صاف پانی تک رسائی بھی شامل ہے۔ یونیسیف اور ڈبلیو ایف پی نے مالی میں ۴ء۷؍ ملین بچوں سمیت۸ء۸؍ ملین افراد کی مدد کے لئے اس سال۱۸۴ء۳؍ ملین امریکی ڈالر کی فوری اپیل کی۔ایجنسیوں نے کہا کہ کمزور آبادیوں کو ہنگامی خوراک کی امداد فراہم کرنے اور ویکسین کو فریج میں ٹھنڈا رکھنے کیلئے مالی امداد ضروری ہے۔ 
 مالی میں اقوام متحدہ کا امن مشن جسےایم آئی این یو ایس ایم اے کے نام سے جانا جاتا ہے، سال کے آخر تک ملک چھوڑ رہا ہے، حالانکہ اقوام متحدہ کے اداروں نے کہا کہ وہ امداد کی فراہمی جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK