Inquilab Logo

تاریخ میں پہلی بار اقوام متحدہ نے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کو یاد کیا

Updated: May 17, 2023, 11:15 AM IST | New York

یوم نکبہ کی مناسبت سے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطحی تقریب سے ’یواین‘ کی انڈر سیکریٹری جنرل برائے امورِ سیاست اور امن سازی روز میری ڈی کارلو کا خطاب، کہا:اس تقریب کی وراثت زندہ ہے، جس سے ہمیں اسرائیل فلسطین تنازع کا پُرامن حل تلاش کرنے کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھنے کا حوصلہ ملتا ہے

Mahmoud Abbas addressing the United Nations General Assembly on Nakba Day
یوم نکبہ پراقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے محمود عباس

: نومبر میں ایک قرارداد کی منظوری کے بعد تاریخ میں پہلی مرتبہ اقوام متحدہ نے پیر کو نیویارک میں اپنے ہیڈکوارٹرز میں فلسطینیوں کی ان کی سرزمین سے بڑے پیمانے پر بے دخلی کی یاد منائی۔اقوام متحدہ کے مطابق اس دن۱۹۴۸ء میں۷؍لاکھ۶۰؍ ہزار سے زائد فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کیا گیا تھا۔ فلسطینیوں کی  اس بے دخلی کے بعد مذکورہ زمین پر اسرائیل کا وجود عمل میں آیا تھا، جس نے تقریباً راتوں رات فلسطینیوں کو پناہ گزینوں میں تبدیل کر دیا تھا۔
 خبررساں ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی انڈر سیکریٹری جنرل برائے امورِ سیاست اور امن سازی روز میری ڈی کارلو نے کہا کہ۱۹۴۸ء میں فلسطینیوں  کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کو نکبہ (جس کا مطلب ہے ’تباہ‘) کے نام سے جانا جاتا ہے، یہ دن پوری دنیا کے فلسطینیوں کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔رپورٹ کے مطابق تقریب میں ایشیا، افریقہ اور وسطی و جنوبی امریکہ  اور مشرق وسطی سے بہت سے رکن ممالک، افریقی یونین اور عرب لیگ کے نمائندوں نے شرکت کی تاہم امریکہ اور برطانیہ اس میں شریک نہیں ہوئے۔
 روزمیری ڈی کارلو نے کہا کہ’ ’اس تقریب کی وراثت زندہ ہے، جس سے ہمیں اسرائیل فلسطین تنازع کا پرامن اور دیرپا حل تلاش کرنے کیلئے اپنی غیر متزلزل کوششوں کو جاری رکھنے کا حوصلہ ملتا ہے۔‘‘ جنرل اسمبلی نے نومبر۲۰۲۲ء میں اس دن کی یادگارکیلئے ایک قرارداد منظور کی تھی۔انہوں نے کہا کہ’’فلسطینی انصاف اور وقار کی زندگی اور اپنے حق خود ارادیت اور آزادی کے حصول کے مستحق ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ’ ’اقوام متحدہ کا مؤقف واضح ہے کہ اس پر قبضہ ختم ہونا چاہئے، بین الاقوامی قانون کے مطابق دو ریاستی حل حاصل کیا جانا چا ہئے، ہم ایک آزاد فلسطینی ریاست دیکھنا چاہتے ہیں جو اسرائیل کے شانہ بشانہ امن کے ساتھ رہتی ہو۔‘‘
 فلسطینی اتھاریٹی کے صدر محمود عباس، جن کی ’ریاست فلسطین‘ کو اقوام متحدہ کے مبصر کا درجہ حاصل ہے، نے فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی مشق سے متعلق کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں عربی میں خطاب کیا۔محمود عباس نے گزشتہ برسوں میں اقوام متحدہ کی سیکڑوں قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کہ ہم آج باضابطہ طور پر بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق مطالبہ کرتے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اسرائیل ان قراردادوں کا احترام کرے یا اقوام متحدہ اسرائیل کی رکنیت معطل کردے۔ان کا کہنا تھا کہ ان قرار دادوں کو فلسطینی اپنے حقوق کی ضمانت کے طور پر دیکھتے ہیں۔
 فلسطینیوں  کیلئے ۱۹۴۸ء کے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا مطلب یہ تھا کہ فلسطینی خاندانوں کو ان کے گھروں سےجو سامان وہ لے جاسکتے تھے، اس کے سمیت اسرائیل کی نئی ریاست سے باہر کے علاقوں میں بھیج دیا گیا۔بے گھر آبادی کی خدمات کیلئے بنائی گئی اقوام متحدہ کی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کی رپورٹ کے مطابق اس وقت۵۹؍ لاکھ فلسطینی مہاجرین کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔
یوم نکبہ سے متعلق کچھ اہم باتیں
nہر سال ۱۵؍ مئی کو پوری دنیا میں یوم نکبہ منایا جاتا ہے۔ اسی کی مناسبت سے  پیر کو راملہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے نکبہ کی ۷۵؍ ویں سالگرہ منائی۔
n ۱۵؍ مئی۱۹۴۸ء کو فلسطین کی تاریخی سرزمین پریہودی بلوائیوں نے اپنی نام نہاد ریاست کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ صہیونی ریاست ہزاروں فلسطینیوں کے قتل عام اور لاتعداد فلسطینی قصبوں اور بستیوں کی مسماری کے بعد عمل میں لایا گیا تھا۔ اس موقع پر اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے پوری دنیا میں یوم نکبہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
nدوسری طرف اسرائیل اس دن کو ریاست کے یوم تاسیس کے طور پر مناتا ہے۔ گزشتہ اپریل کی۲۶؍ تاریخ کو اسرائیل نے عبرانی کیلنڈر کے مطابق ریاست کے قیام کی۷۵؍ ویں سالگرہ منائی تھی۔
n پیر کو مقبوضہ مغربی کنارے سے آنے والے ہزاروں مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور سیاہ بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عربی اور انگریزی میں’واپسی‘ لکھا ہوا تھا۔
nان مظاہرین میں سے بہت سے لوگوں نے سیاہ واسکٹ پہنے ہوئے تھے جن پر’نکبہ کہانی کی اصل روایت اور واپسی حق ہے‘ لکھا ہوا تھا۔ مظاہرے کا اختتام راملہ شہر کے مرکز میں ایک مرکزی جلوس کی شکل میں ہوا۔ اس کے قریب ہی فلسطینی اتھاریٹی کا ہیڈ کواٹرز  واقع ہے۔

palestine Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK