Inquilab Logo

لگاتار چوتھے ہفتے اسرائیل نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی میں رخنہ اندازی کی

Updated: November 04, 2023, 9:36 AM IST | Agency | Baitul Muqaddas

نمازیوں کو روکنے کیلئے آنسو گیس اور پانی کی توپوں کا استعمال ، اسرائیلی فورسیز کی زیادتیوں کے باوجود نوجوانوں  نے مسجد اقصیٰ کے اطراف سڑکوں پر نماز ادا کی۔

Young people offered Friday prayers on the streets around Al-Aqsa Mosque. Photo: INN
مسجد اقصیٰ کے اطراف سڑکوں پر نوجوانوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ تصویر:آئی این این

غزہ پر۷؍ اکتوبر سے  شروع ہونےو الی  اسرائیل کی بمباری  کے بعد جمعہ (۳؍ نومبر) کو لگاتار چوتھے ہفتے اسرائیلی فورسیز نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی میں رخنہ اندازی کی۔  نماز جمعہ کی ادائیگی لئے بیت المقدس کا رخ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف آنسو گیس کے گولے اور پانی کی توپوںکا استعمال کیاگیا۔ مقبوضہ بیت المقدس سے موصول ہونےوالی رپورٹوں کے مطابق چند معمر فلسطینی شہریوں کو ہی قبلہ ٔاول میں داخل ہونے اور نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔ 
 نوجوانوں کو قبلہ ٔ اول تک پہنچنے سے روکنے کیلئے جمعہ کی صبح سے ہی اسرائیلی فورسیزکی  تعیناتی بڑھا دی گئی تھی جنہوں  نے  بیت المقدس جانے والے ہر راستے پر رکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں۔ عرب میڈیا کے توسط سے ملنے والی رپورٹوں میں تصدیق کی گئی ہے کہ مسجد ِ اقصیٰ میں داخل ہونےکی کوشش کرنے والے نمازیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی ہے۔ نمازیوں کو مسجد میں آنے سے روکنے کیلئے اسرائیلی فورسیز نے سڑکیں بلاک کر دی تھیں۔
  مغربی کنارے میں بھی جگہ جگہ رکاوٹیں لگا دی گئی تھیں تاکہ وہاں بھی لوگ مقبوضہ بیت المقدس کا رخ نہ کرسکیں۔ گزشتہ ہفتوں کی طرح اس ہفتے بھی  فلسطینی شہریوں نے  مسجد کے قریب جمع ہو کر سڑکوں پر نماز اداکی اور یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ اسرائیل کی جانب سے کیسی ہی سختی برتی جارئے، فلسطینی مسلمان مسجد اقصیٰ میں نماز کے حق سے دست بردار نہیں ہوںگے۔ 
 فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے جہاں مسلمانوں کیلئے مسجد ِ اقصیٰ کے تمام دروازے عارضی طور پر بند کر دیئے ہیں وہیں یہودیوں کو کھلی چھوٹ ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں عبادات کرسکیں حالانکہ بین الاقوامی قوانین کی رو سے مسجد اقصیٰ میں صرف مسلمانوں کو نماز پڑھنے کا حق ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK