Inquilab Logo Happiest Places to Work

غیر ملکی سرمایہ کاری ۱۷؍ ماہ کی سب سے اونچی سطح پر پہنچی

Updated: March 02, 2026, 3:16 PM IST | New Delhi

۳؍ ماہ کے مسلسل انخلاء کے بعد بہتری، فارین پورٹ فولیو انوسٹرس نےفروری میں  ہندوستانی بازاروں میں  ۲۲؍ ہزار ۶۱۵؍ کروڑکا سرمایہ لگایا۔

According to experts, the Indo-US trade agreement is also a major reason for the recovery in foreign investor confidence. Photo: INN
ماہرین کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں  کے اعتماد میں  بحالی کی بڑی وجہ ہند امریکہ تجارتی معاہدہ بھی ہے۔ تصویر: آئی این این

 فارین پورٹ فولیو انوسٹرس( ایف پی آئی) نے ہندوستانی بازاروں میں فروری میں  ۲۲؍ ہزار ۶۱۵؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جو۱۷؍ ماہ میں سب سے زیادہ ماہانہ غیر ملکی سرمایہ کاری ہے۔ اس کی وجہ ہند-امریکہ عبوری تجارتی معاہدہ، گھریلو مارکیٹ کی ویلیوایشن میں کمی اور تیسرے سہ ماہی کے مضبوط کارپوریٹ نتائج بتائی جا رہی ہے۔ 
یہ تازہ خریداری مسلسل ۳؍ مہینوں کی بھاری فروخت یعنی غیر ملکی سرمایہ کے انخلاء کے بعد ہوئی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے جنوری میں ۳۵؍ہزار ۹۶۲؍ کروڑ، دسمبر میں ۲۲؍ہزار ۶۱۱؍ کروڑ اور اس سے قبل نومبر میں ۳؍ ہزار ۷۶۵؍ کروڑ روپے نکالے۔ مجموعی طور پرغیر ملکی سرمایہ کاروں   نے۲۰۲۵ء میں ہندوستانی شیئربازار سے خالص۱ء۶۶؍ لاکھ کروڑ روپے(۱۸ء۹؍ ارب ڈالر) نکالے ہیں، جو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے بدترین ادوار میں سے ایک ہے۔ اس انخلاء کی وجہ کرنسی میں اتار چڑھاؤ، عالمی تجارتی کشیدگی، ممکنہ امریکی ٹیرف کے خدشات اور بلند ایکویٹی ویلیوایشن رہے۔ 
تازہ اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں   نے فروری میں جو ۲۲؍ ہزار ۶۱۵؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے وہ یہ ستمبر۲۰۲۴ء کے بعد سب سے زیادہ ماہانہ غیر ملکی سرمایہ کاری ہے۔ ستمبر میں  ۵۷؍ہزار ۷۲۴؍ کروڑ روپے کی ریکارڈ غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ 
ماہرین کے مطابق یہ سرمایہ کاری بنیادی طور پر سیکنڈری مارکیٹ میں خریداری کی وجہ سے ہوا جو ۲۰۲۵ء کے انخلاء کے بعد ہندوستانی بازاروں  پر غیر ملکی اعتماد کی بحالی کا اشارہ ہے۔ اینجل ون لمیٹڈ میں   سینئر فنڈا مینٹل انالسٹ (تجزیہ کار) جاوید خان کے مطابق فروری میں  غیر ملکی سرمایہ کاری میں  اضافہ کے ۳؍اہم عوامل ہیں۔ اول ’’ہند- امریکہ تجارتی معاہدہ، دوم ہندوستانی بازار کی قدر میں   اصلاح، اور سوم۲۰۲۶ء کی تیسری سہ ماہی میں منافع میں  اضافہ ہے جو ۱۴ء۷؍ فیصد ریکارڈ  کیا گیاہے۔ اسے ہندوستان کی ترقیاتی کہانی میں اعتماد کی نشانی کے طورپر دیکھا جار ہا ہے۔ 
گرو میوچل فنڈ کے سی ای او، ورن گپتانے بھی اس کی توثیق کی۔ انہوں   نے کہا کہ ان فلو میں اضافہ بہتر ہوتی کمائی، بلند سطح سے ویلیوایشن میں نرمی اور تجارتی غیر یقینی میں کمی کے ابتدائی آثار کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ ہندوستاننے یورپی یونین اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے بھی کئے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں  نے فنانشیل اور کیپٹل گڈس میں جارحانہ خریداری کی ہے جبکہ آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کو کم کیا۔ آئی ٹی کے شعبے سے غیر ملکی سرمایہ کا ۱۰؍ ہزار ۹۵۶؍ کروڑ روپے کا انخلاء دیکھا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK