Inquilab Logo

متحدہ عرب امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ کی نیتن یاہو سے ملاقات

Updated: September 16, 2020, 8:40 AM IST | Agency | Washington

 پہلے متحدہ عرب امارات ، اس کے بعد بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے   کے اعلان کے بعد  ان ممالک کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے  وہائٹ ہائوس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا ہے۔  کہا جا رہا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ دراصل اس تقریب کے ’میزبان ‘ ہیں۔ اس میں  متحدہ عرب امارات اور بحرین کے حکام باضابطہ طور پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کریں گے۔

Trump and Netanyahu - Pic : Agency
ٹرمپ اور نیتن یاہو ۔ تصویر : ایجنسی

 پہلے متحدہ عرب امارات ، اس کے بعد بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے   کے اعلان کے بعد  ان ممالک کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے  وہائٹ ہائوس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا ہے۔  کہا جا رہا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ دراصل اس تقریب کے ’میزبان ‘ ہیں۔ اس میں  متحدہ عرب امارات اور بحرین کے حکام باضابطہ طور پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کریں گے۔
 وہائٹ ہاؤس کے ساؤتھ گارڈن میں منعقدہ تقریب میں اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو  کے ساتھ بحرین اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔  سینئر ترین امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تمام فریقین اس تقریب کے تعلق سے پر جوش ہیں۔ ایک نیوز ایجنسی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ تقریب میں سیکڑوں افراد کو مدعو کیا گیا ہے جس کے دوران عرب نمائندوں اور اسرائیلی وزیرِ اعظم کے مصافحے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
  واضح رہے کہ عرب ممالک کی اسرائیل سے   کبھی دوستی نہیں رہی بلکہ اسے خطے میں معیوب سمجھا گیا کیونکہ اسرائیل فلسطینی علاقوں پر ناجائز طریقے سے قابض ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب عرب ممالک کے حکام یوں سرعام   اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے مصافحہ کرنے کو ایک ’اہم‘  لمحہ قرار دیا جا رہاہے۔  
 اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان معیشت، سائنس ، تجارت اور ثقافتی تعاون پر بات چیت ہو گی۔ اس تقریب کیلئے جہاں ایک طرح سخت سیکوریٹی کا انتظام کیا گیا ہے  وہیں احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق تقریب میں شرکت کرنے والے ہر  ایک شخص کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
 واضح  رہے کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان  اتوار کی رات ہی  واشنگٹن پہنچ گئے تھے۔ اس کے بعد بحرین کے وزیر خارجہ  عبدالطیف  الزیانی پیر کی شام کو یہاں پہنچے۔  دستخط کے موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ ڈونالڈ ٹرمپ اور کئی امریکی حکام موجود ہوں گے۔  منگل کو  ہونے والی اس تقریب کی ساری تیاریاں مکمل ہو چکی تھی لیکن خبر لکھے جانے تک اس پروگرام کی تفصیلات فراہم نہیں ہو سکیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ  ۱۳؍ اگست کو جبکہ بحرین نے ۱۲؍ ستمبر کو اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بہت جلد سعودی عرب خود بھی اسرائیل سے ہاتھ ملا لے گا حالانکہ اب تک وہ اس سے انکار کر رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK