Inquilab Logo

حکومت کی جانب سے’ٹاسک فورس اِن آیوش کووڈ۔۱۹‘ کی تشکیل

Updated: May 23, 2020, 5:40 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

مہاراشٹر حکومت نے آیوروید ، ہومیوپیتھ اور یونانی میڈیسن کے ڈاکٹروں پر مشتمل ’ٹاسک فورس ‘ تشکیل دینےکافیصلہ کیا جس کے ذریعے کووڈ کی ابتدائی اور معمولی علامتوں والےمریضوں کا علاج کیاجائےگا،یونانی ڈاکٹروں کو حکومت کی گائیڈ لائن کا انتظار۔

Meeting scene. Photo: INN
میٹنگ کا منظر۔ تصویر: آئی این این

کووڈ ۱۹؍کے مریضوں میں ہونے والے متواتر اضافے کے پیش نظرمہاراشٹر حکومت نے گجرات، پنجاب ، مدھیہ پردیش ،گوا اور کیرالا کےطرز پر آیوروید ، ہومیوپیتھ اور یونانی ذرائع علاج کےماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ’’ٹاسک فورس اِن آیوش کووڈ۱۹‘ تشکیل دیا ہے۔اس ٹاسک فورس کی قیادت میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ممبئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹرٹی پی لہانے کر یں گے ۔ ٹاسک فورس کے ذریعے کووڈ کے ابتدائی اور معمولی علامتوں والےمریضوں کا علاج کیاجائےگا۔ یونانی ڈاکٹروں کی ٹیم اس تعلق سے حکومت کی گائیڈ لائن کی منتظر ہے جس کےبعد کووڈ کےمریضوں کا علاج یونانی دوائوں سےبھی کیاجائےگا۔
  ٹاسک فورس میں یونا نی شعبہ سے ڈاکٹر زبیر شیخ کو نمائندگی دی گئی ہے۔ ڈاکٹر زبیر شیخ نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ اس تعلق سے ۱۵؍مئ کوڈاکٹر ٹی پی لہانےکی سربراہی میں جے جے اسپتال میں ایک میٹنگ منعقدہوئی تھی جس میں آیوش کے مذکورہ تمام شعبوں کے نمائندہ ڈاکٹروں نے شرکت کی تھی۔ میٹنگ میں کووڈ۱۹ ؍ کے بڑھتے کیس پر تشویش کا اظہارکرتےہوئے آیوروید ، ہومیو پیتھی اوریونا نی دوائوں سے کووڈ ۱۹؍ کےابتدائی اور معمولی علامتوں والے مریضوں کا علاج کیسے ممکن ہے اس پر تبادلۂ خیال کیاگیا تھا۔
  اس موقع پر یونانی دوائوں سے کووڈ۱۹؍کے ابتدائی اور معمولی طورپر متاثر ہونے والے مریضوں کی قوت مدافعت میں کس طرح اضافہ کیا جاسکتاہے اس پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ یونانی میں جوشاندہ،کھجور اور مختلف خمیروں سے کووڈ ۱۹؍ کےمریضوں کی قوت مدافعت میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتاہے۔ یونانی میڈیسن کا عرق ایک ایسا اینٹی وائرل ہے جس سےبھانپ لینےاور غرارا کرنے سے گلے میں موجود جراثیم ختم ہوجاتےہیں ۔ اگر اسی دواکودھوئیں کی شکل میں پھیلایاجائے تو فضائی آلودگی بھی ختم ہوسکتی ہے۔ 
 ڈاکٹر زبیر شیخ کےمطابق ’’حکومت نے یونانی شعبہ کواپنی اہمیت اورافادیت ثابت کرنے کیلئے ایک بہترین موقع فراہم کیاہے ۔ لہٰذا ہمیں چاہئےکہ اپنی کارکردگی سے یہ ثابت کریں کہ یونانی میں بھی وبائی امراض سے نمٹنےکی صلاحیت ہے۔ اس کیلئے ہم انہیں آیوش جوشاندہ دے رہے ہیں جو قوت مدافعت بڑھانے میں کارآمد ثابت ہوا ہے ۔ ‘‘
  انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’ اس تعلق سے ۲۱؍ مئی کوبھی ایک میٹنگ منعقدکی گئی تھی جس میں ہم نے یہ بتایاتھاکہ کووڈ۱۹؍ کے مریضوں کیلئے کن دوائوں کا استعمال کریں گے ۔ ساری باتیں تقریباً پوری ہوچکی ہیں ۔اب حکومت کےگائیڈ لائن کی ضرورت ہے۔ امیدہےکہ چند دنوں میں گائیڈ لائن کےآتےہی ہم ممبئی کے کوارینٹائن سینٹروں کے مریضوں کا علاج شروع کردیں گے۔‘‘ ڈاکٹر زبیر شیخ کےبقول’’کوروناوائرس کی وجہ سے ان دنوں ہماراملک مشکل ترین دور سے گزررہاہے۔ ایسے میں ایک ڈاکٹر ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری ہےکہ ہم انسانی فریضہ ادا کریں ا ور مریضوں کی شفاکیلئے اپنی خدمات پیش کریں ۔اس لئے مہاراشٹر کےسینئر یونانی پریکٹشنر ، یونانی دواخانےوالے، یونانی کنسلٹنٹ، یونانی اساتذہ اور کالج کےپرنسپل نے ایک ٹاسک میٹنگ طلب کی تھی جو کووڈ ۱۹؍ کےمریضوں کی خدمت سے متعلق تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK