۲۰۲۰ء میں ہونے والے دہلی فسادات کے ملزم طاہر حسین کو عدالت سے بڑا جھٹکا لگا ، عدالت نے دیگر ملزمین کی بھی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی ہیں
EPAPER
Updated: January 29, 2026, 11:00 PM IST | New Delhi
۲۰۲۰ء میں ہونے والے دہلی فسادات کے ملزم طاہر حسین کو عدالت سے بڑا جھٹکا لگا ، عدالت نے دیگر ملزمین کی بھی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی ہیں
دہلی میں ۲۰۲۰ء میں ہونے والے فسادات کے معاملے میں عام آدمی پارٹی(آپ) کے سابق کونسلر طاہر حسین کو عدالت سے بڑا جھٹکا لگاہے۔ کڑکڑڈوما کورٹ نے آپ کے سابق کونسلر طاہر حسین اور دیگر ملزمین کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے کہا کہ ابتدائی طور پر کیس بنتا ہے، اس لئے اس معاملے میں ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
کڑکڑڈوما کورٹ میں دہلی فسادات کی مبینہ بڑی سازش سے جڑے معاملے میںآپ کے سابق کونسلر طاہر حسین اور دیگر ملزمین نے باقاعدہ ضمانت کے لئے درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے دہلی فسادات کے ۳؍ ملزمین سلیم ملک، اطہر خان اور سابق آپ کونسلر طاہر حسین کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔
طاہر حسین کے خلاف۲۷؍ فروری۲۰۲۰ء کو دہلی فسادات کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے ۵؍مارچ کو دہلی کی’ راؤز ایونیو کورٹ ‘میں خودسپردگی کر دی تھی۔ طاہر حسین پر دہلی فسادات کے دوران انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) کے ملازم انکت شرما کے قتل اور فسادات بھڑکانے کے الزامات ہیں۔
انکت شرما کے والد نے طاہر حسین پر اپنے بیٹے کے قتل کا الزام لگایا تھا۔ ان الزامات کے سبب طاہر حسین اور دیگر ملزمین جیل میں بند ہیں۔ تینوں ملزمین نے عدالت میں ضمانت کے حق میں اپنی دلیلیں پیش کیں جنہیں عدالت نے مسترد کر دیا۔ یادرہے کہ تینوں ملزمین کے خلاف ’یو اے پی اے‘ کے تحت سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ تینوں ملزمین کے خلاف لگائے گئے الزامات ابتدائی طور پر درست پائے گئے ہیں، اس لئے ان کے خلاف مقدمہ چلانے کے لئےبنیاد موجود ہے۔اس پر عدالت نے کہا کہ تینوں ملزمین کے خلاف الزامات سنگین نوعیت کے ہیں، اس لئے انہیں کوئی راحت نہیں دی جا سکتی۔ ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپئی ملزمین کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کر رہے تھے اور انہوں نے ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے اسی معاملے میں۵؍ دیگر ملزمین کو ضمانت دیئے جانے کے بعد، ان تینوں ملزمین نے بھی ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں جن میں انہوں نے دلیل دی تھی کہ ان پر بھی یکساں الزامات عائد ہیں۔