فزکس میں پی ایچ ڈی تھے لیکن اردو زبان وادب سے گہرا شغف تھا۔
EPAPER
Updated: July 25, 2026, 10:47 AM IST | Hyderabad
فزکس میں پی ایچ ڈی تھے لیکن اردو زبان وادب سے گہرا شغف تھا۔
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے اولین کنٹرولر برائے امتحانات اور انچارج وائس چانسلر پروفیسر سید عبدالوہاب (وہاب قیصر) کاجمعہ کو۷۷؍ سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ پسماندگان میں ان کی اہلیہ نصرت زمانی ہیں۔ پروفیسر ایس اے وہاب نے۲۰۰۲ء میں ’مانو‘ کے کنٹرولر امتحانات کی حیثیت سے اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا۔ وہ اس سے قبل ممتاز کالج، حیدرآباد میں بحیثیت پرنسپل خدمات انجام دے رہے تھے۔مختلف عہدوں پر فائز رہنے کے بعد ۸؍جنوری۲۰۰۳ء کو انہوں نے اولین وائس چانسلر پروفیسر شمیم جیراجپوری سے ’ وی سی‘ کے عہدہ کا چارج لیا۔ انچارج وی سی کی ذمہ داری انہوں نے ۲۰۰۴ء میں پروفیسر اے ایم پٹھان کے عہدہ سنبھالنے تک نبھائی۔ انہیں مختلف وقتوں میں رجسٹرار انچارج کی ذمہ داری بھی دی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: خلیل شیخ خود کشی: رویندر دھنگیکر اور ان کی اہلیہ کو ضمانت قبل از گرفتاری
۳۰؍ستمبر۲۰۱۴ء کو وہ سبکدوش ہوئے لیکن یونیورسٹی نے ان کی خدمات سے استفادہ کا سلسلہ جاری رکھا اور انہیں انچارج کنٹرولر امتحانات کے عہدہ کی دوبارہ ذمہ داری دی گئی۔ بعد میں انہیں ’آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی‘ کے عہدے پر مامور کیاگیا جہاں وہ ۲۰۱۸ء تک اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے فزکس کے مضمون میں پی ایچ ڈی کی تھی لیکن اردو زبان وادب سے انہیں گہرا شغف تھا۔انہوں نےاردو میں کئی اہم کتابیں تصنیف کیں جن میں’ غالب اور سائنس‘ قابل ذکر ہے۔ ان کے انتقال پر وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن اور رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمدنے اپنے گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا اور ان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے انتقال کو یونیورسٹی کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔