تمام کاغذات دیکھنے کے بعد عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ دھنگیکر کا خلیل شیخ سے کوئی کاروباری رشتہ یا لین دین ثابت نہیں ہوتا ہے۔
EPAPER
Updated: July 25, 2026, 9:49 AM IST | Pune
تمام کاغذات دیکھنے کے بعد عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ دھنگیکر کا خلیل شیخ سے کوئی کاروباری رشتہ یا لین دین ثابت نہیں ہوتا ہے۔
سابق رکن اسمبلی رویندر دھنگیکر اور ان کی اہلیہ کو خلیل شیخ خود کشی معاملے میں عدالت نے ضمانت قبل از گرفتار دیدی ہے البتہ ضمانت کیلئے کئی شرائط بھی عائد کی ہیں۔ البتہ اس معاملے میں سابق کارپوریٹر بالا صاحب شیڈگے اور ان کی اہلیہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی ہے کیونکہ خلیل شیخ نے موت سے قبل جاری کردہ اپنے ویڈیو میں بالا صاحب کا نام وضاحت کے ساتھ لیا تھا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں پونے کے گل ٹیکری علاقے میں رہنے والے خلیل شیخ (۶۵) نے اپنے گھر میں پھانسی لگا کر خود کشی کر لی تھی۔ انہوں نے انتہائی قدم اٹھانے سے پہلے ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں انہوں نے رویندر دھنگیکر اور ان کی اہلیہ سمیت کل ۱۴؍ لوگوں کو اپنی موت کا ذمہ دار ٹھہرایاتھا۔ ان کی لاش کے پاس سے ان کا سوسائڈ نوٹ بھی ملا تھا۔ اس کے بعد سے رویندر دھنگیکر اور ان کی اہلیہ پرتبھا دھنگیکر غائب ہیں اور ان کے فون بھی بند ہیں۔ اب ضمانت منظور ہونے کے بعد انہوں نے راحت کا سانس لیا ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: پونے میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، جم غفیر امڈ آیا
خلیل شیخ کی بیوی سلطانہ شیخ (۵۰) نے پونے کے سوار گیٹ پولیس اسٹیشن میں ان ۱۴؍ لوگوں کے خلاف معاملہ درج کروایا تھا۔ رویندر دھنگیکر روپوش ہو گئے تھے لیکن انہوں نے ایڈیشنل سیشن کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتار کیلئے درخواست داخل کی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج اے ایس گاندھی نے معاملے کی سماعت کی۔ رویندر دھنگیکر کی طرف سے ایڈوکیٹ وجے سنگھ ٹھومبرے نے عدالت میں دلائل پیش کئے جبکہ ایڈوکیٹ تنمے پوار اور ایڈو کیٹ سری ناتھ لولے نے ان کی معاونت کی۔عدالت میں پیش کئے گئے شواہد کے مطابق اپنی خودکشی سے پہلے خلیل شیخ نے جو نوٹ لکھا تھا اس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ’ اتکرش ایسوسی ایٹس، وجے بلڈکان اور اکشے کنسٹرکشن کیلئے کام کرتے تھے۔ لیکن یہ کہیں سے بھی ثابت نہیں ہو پایا کہ رویندر دھنگیکریا ان کی اہلیہمذکورہ کنسٹرکشن کمپنیوں کے پارٹنر ہیں یا مہلوک کے ساتھ ان کا کوئی براہ راست کاروباری رشتہ یا مالی لین دین تھا۔
رویندر ڈھنگیکر کا نام اس کیس میں صرف اسلئے شامل کیا گیا ہے کہ ان کی بیوی پرتبھا دھنگیکر اتکرش ایسوسی ایٹس کی شراکت دار ہیں۔ رویندر دھنگیکر پرخلیل شیخ کی کوئی رقم بھی واجب الادا نہیں ہے ۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ دستیاب دستاویزات اور ابتدائی رپورٹ کی بنیاد پر دھنگیکر کا خلیل شیخ یا ان کے کاروبار سے براہ راست تعلق واضح نہیں ہے۔ اس بنیاد پر عدالت نے دھنگیکر جوڑے کو مشروط ضمانت دیدی۔
یہ بھی پڑھئے: نیٹ پیپر سے متعلق مقدموں کی سماعت کیلئے خصوصی عدالتوں کا قیام
شرائط کے مطابق ملزمین کو ہر پیر اور جمعرات کو صبح ۱۰؍ بجے سے دوپہر ایک بجے کے درمیان متعلقہ تھانے میں حاضر ہونا ہوگا۔ انہیں یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اگر تفتیشی افسر چارج شیٹ داخل ہونے تک تحریری ہدایت دے تو پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہوں۔ عدالت نے گواہوں سے بالواسطہ یا بلاواسطہ رابطہ نہ رکھنے، شواہد میں مداخلت نہ کرنے، گواہوں پر دباؤ نہ ڈالنے اور تفتیشی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کرنے جیسی شرائط عائد کی ہیں۔ حکم نامے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ وہ عدالت کی پیشگی اجازت کے بغیر ہندوستان سے باہر سفر نہیں کر سکیں گے۔