اسپتال کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی ،وزیر اعلیٰ نے ۴۱؍ مزدوروں کیلئے فی کس ایک لاکھ روپے معاوضہ کاچیک سونپا
EPAPER
Updated: November 30, 2023, 10:42 AM IST | New Delhi
اسپتال کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی ،وزیر اعلیٰ نے ۴۱؍ مزدوروں کیلئے فی کس ایک لاکھ روپے معاوضہ کاچیک سونپا
اتراکھنڈ کی سرنگ سے ۱۷؍ دن بعدبحفاظت باہر آنے والے مزدوروں کو ا بتدائی طبی تشخیص کیلئے چنیالیسوڑ کے ایک عارضی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اب ان تمام۴۱؍ مزدوروں کو فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے رشی کیش ایمس لے جایا گیا۔اس کیلئے فوج کا چنوک ہیلی کاپٹر چنیالیسوڑ پہنچا تھا۔ رشی کیش ایمس کے ٹراما سینٹر میں۴۱؍ کارکنوں کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔اترا کھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ۴۱؍ مزدوروںکوفی کس ۴۱ ؍ لاکھ روپے کےمعاوضہ کا چیک سونپ دیا ہے۔
اتراکھنڈ کے سلکیارا ٹنل میں پھنسے تمام۴۱؍ مزدوروں کو منگل کی شام بحفاظت نکال لیا گیا، جس کے بعد ان کے اہل خانہ سمیت پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اتراکھنڈ حکومت کو بھی ہر طرف سے دادمل رہی ہے۔پہلے کارکن کو منگل کی شام۷؍ بجکر ۵۰؍منٹ پر سرنگ سے باہر نکالا گیا۔تقریباً ۴۵؍ منٹ کے بعد تمام ۴۱؍ مزدوروں کو یکے بعد دیگرے باہر نکالا گیا۔ پہلے ٹنل میں بنائے گئے عارضی اسپتال میں سب کا میڈیکل چیک اَپ کیا گیا۔ اس کے بعد اسے ایمبولینس کے ذریعےتیس پینتیس کلومیٹر دور چنیالیسوڑ کے اسپتال بھیجا گیا۔دھامی حکومت نے تمام۴۱؍ مزدوروں کیلئے تنخواہ کی چھٹی کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار سکیں۔ بازیاب کرائے گئے کارکنوں کو۲۴؍ گھنٹے ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ اسپتال کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔