Inquilab Logo Happiest Places to Work

۴؍ہزارحجاج کرام ممبئی لوٹ آئے

Updated: June 20, 2025, 1:48 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

حج بیت اللہ سے آنے والوںکو یاددہانی کرائی گئی کہ وہ سامان کے اندر آب زمزم نہ رکھیں ،یہ سفری ضابطے کے خلاف ہے۔ وطن لوٹنے والےتمام حجاج کاساما ن بھی آنے کا دعویٰ ۔ عازمین کی رقم واپسی کا عمل جلد ہی شروع کیا جائے گا

Pilgrims arriving in Mumbai exit the airport.
ممبئی آنے والے حجاج کرام ایئرپورٹ سے باہر نکل رہے ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

ممبئی سےروانہ ہونے والے حجاج میںسے اب تک تقریباً ۴؍ہزار حجاج وطن لوٹے ہیں۔ روزانہ ایک یا دو جہازوں کے ذریعے حجاج کی واپسی عمل میں آرہی ہے۔ کسی جہاز میں ۴۰۰؍ حاجی توکسی میں ۴۴۰؍ توکسی میں ۳۹۸؍تو کسی میں۳۷۲؍تو کسی پرواز میں ۳۲۴؍ حاجی سوار ہوتے ہیں۔
 حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہےکہ وطن لوٹنے والے حجاج کا تمام سامان آگیا ہے ، کسی کاچھوٹا نہیں ہے۔البتہ حجاج کرام کو پھر یہ پیغام دیاجارہا ہےکہ وہ سامان کےاندر آب زمز م چھپاکرنہ لائیں کیونکہ اسکین کرنے کے دوران پتہ چل جاتا ہے اور اسے نکال دیا جاتا ہے جیسا کہ کئی حاجیوں کے سامان کےاندر سے جدہ ایئرپورٹ پرنکالاجاچکا ہے اور ایسا کرنا سفری ضابطے  کے بھی خلاف ہے۔ ایسے میں حاجیوںکا سامان بھی ایئرپورٹ پرچھوٹ جانے کا اندیشہ رہتا ہے، اس لئے احتیاط برتیں۔ ۵؍لیٹر آب زمزم ایئرپورٹ پرہر حاجی کو مہیا کرایا جارہا ہے۔ 
 مرکزی حج کمیٹی اورریاستی حج کمیٹی میں رابطہ قائم کرنے پر یہ بتایا گیا کہ اس وقت ممبئی ، احمدآباد، بھوپال ، گوہاٹی ، اندور، دہلی ،جے پور ، بنگلور اورسری نگر وغیرہ امبارکیشن پوائنٹ سے حجاج کی واپسی ہورہی ہے ۔ حاجیوں کی جانب سےسامان رہ جانے یا ایسی کوئی اورشکایت نہیں موصول ہوئی ہے۔حالانکہ حجاج کرام سے کہا گیا ہےکہ اگرکوئی مسئلہ ہو توایئرپورٹ پرموجود عملہ سے رابطہ قائم کریں تاکہ فوری طور پر اسے دور کیا جاسکے ۔ ایک آفیسر نے بتایا کہ ’’ کوشش یہ کی جارہی ہےکہ ہرحاجی کے ساتھ اس کا سا مان بھی آجائے اوراس میںکامیابی بھی ملی ہے۔ اگربالفرض کسی حاجی کا کوئی سامان چھوٹ جائے توبلاتاخیر اسے منگواکر اس کو پہنچادیاجائے تاکہ حجاج کوچکر لگانے کی ضرورت نہ پڑے۔ جہاںتک آب ِزمزم نکالنے کا معاملہ ہے تواس کی وجہ یہ ہےکہ اگر سامان کے اندر بوتل پھٹ جائے تواُس حاجی کے ساتھ دیگرحجاج کا سامان بھی خراب ہوجانے کا اندیشہ رہتا ہے ۔اس کے علاوہ یہ ضابطے کی بھی خلاف ورزی ہے ۔اسی لئے باربار توجہ دلائی جارہی ہے اوراچھی بات یہ ہے کہ حجاج خود بھی اس پر توجہ دے رہے ہیں۔چونکہ ابھی کئی دن تک   حجاج کی واپسی کاسلسلہ جاری رہے گااس لئے حج کمیٹی کے عملہ کوالرٹ کیا گیا ہے کہ وہ پوری ذمہ داری اورتوجہ کے ساتھ حجاج کی خدمت انجام دیں اورکسی پریشانی کی صورت میں ان کی فوری مددکریں۔‘‘
’’ریفنڈ جلد ہی دیاجائے گا ‘‘
 حج کمیٹی آف انڈیا کےایک افسر سےپوچھنے پر انہوں نےبتایاکہ’’ ا ب تک سی ای اوشاہنواز  سعودی عرب سےنہیںلوٹے ہیں، ان کی واپسی کے بعد جلد ہی عازمین کی رقم واپسی کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ اس دفعہ یہ بھی کوشش کی جائے گی کہ جلد سے جلد عازمین کی تمام رقومات لوٹادی جائیں۔اس میںجو عازمین کسی سبب حج پرنہ جاسکےیا دیگر مدوں میں بچی ہوئی رقم لوٹانا شامل ہے۔اس کے علاوہ  ۲۰۲۶ء کے حج کے لئے بھی عنقریب کام شروع کردیا جائے گا ۔‘‘
’’حجاج کی خدمت بڑی سعادت ہے ‘‘
 حجاج کی مدداوران کی خدمت کرنے والی کمیٹیوں کے کارکنان محمد عمرا ن مکنوجیا اورعبدالرحیم ٹیلر نے بتایاکہ ’’ ہم لوگ خود یا ہمارے دیگررفقاء عازمین کی روانگی کےوقت اور حجاج کی واپسی کے وقت اپنی خدمات انجام دیتے ہیں اوریہ سلسلہ بدستورجاری ہے ۔ یہ ہم سب کیلئے بڑی سعادت ہے کہ ہم اللہ کے مہمانوں کی کسی درجے میں خدمت کرسکیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ایئرپورٹ پراہتمام کے ساتھ حجاج کی خدمت کی جارہی ہے۔حجاج کی پروازوں کے شیڈو ل کے مطابق خدمت کرنے والےپہلے سے موجود رہتے ہیں۔ کچھ حجاج نے بتایا تھا کہ جدہ ایئرپورٹ پر آب زمزم نکال لیا گیا تھا ۔ اس لئے حجاج سے کہا جارہا ہے کہ وہ اس تعلق سے محتاط رہیںتاکہ ایسی نوبت نہ آئے ۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK