پتھم نسانکا ڈبل سنچری سے محروم،دنیش چندی مل کی ہاف سنچری،مہمان ٹیم ۴۹۵؍رنوں پر آل آؤٹ ہوئی، اسیتھا فرنانڈو نے ۴؍وکٹیں حاصل کیں۔
EPAPER
Updated: June 20, 2025, 1:35 PM IST | Agency | Galle, Sri Lanka
پتھم نسانکا ڈبل سنچری سے محروم،دنیش چندی مل کی ہاف سنچری،مہمان ٹیم ۴۹۵؍رنوں پر آل آؤٹ ہوئی، اسیتھا فرنانڈو نے ۴؍وکٹیں حاصل کیں۔
پتھم نسانکا کی (۱۸۷) کی سنچری اور دنیش چندیمل (۵۳) کی نصف سنچری اننگز کی مدد سے سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت ۴؍ وکٹوں پر ۳۶۸؍رن بناکر بنگلہ دیش کو منہ توڑ جواب دیا۔
صبح کے سیشن میں بنگلہ دیش کو ۴۹۵؍ کے اسکور پر آؤٹ کرنے کے بعد بلے بازی کرنے اتری پتھم نسانکا اور لاہیرو ادارا کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لئے ۴۷؍رن جوڑے۔ ۲۲؍ویں اوور میں لاہیرو اُدارا (۲۹) کو تیج الاسلام نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے دنیش چندیمل نے پتھم نسانکا کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے۱۵۷؍ رن جوڑے۔ ۵۱؍ویں اوور میں نعیم حسن نے دنیش چندیمل (۵۴) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کوتوڑ دیا۔ اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہے اینجلو میتھیوز (۳۹) تیسرے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ حسن محمود نے ڈبل سنچری کی جانب گامزن پتھم نسانکا کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو ایک بڑی کامیابی دلائی۔ پتھم نسانکا نے اپنی ۱۸۷؍رنوں کی اننگز میں ۲۵۶؍گیندوں کا سامنا کیا۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ۲۳؍چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا کے لئے یہ ایک بڑا دھچکا تھا۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر سری لنکا نے ۹۳؍ویں اوور میں ۴؍ وکٹوں پر ۳۶۸؍رن بنا لئے تھے۔ وہ اب بھی پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کے اسکور سے ۱۲۷؍ رن پیچھے ہے۔ کامندو مینڈس (۳۷؍ناٹ آؤٹ) اور کپتان دھننجے ڈی سلوا (۱۷؍ ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود ہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام، نعیم حسن، حسن محمود اور مومن الحق نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں بنگلہ دیش نے کل کے ۹؍ وکٹوں پر ۴۸۴؍ رنوں سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں، بنگلہ دیش نے کل کے اسکور میں ۱۱؍ رنوں کا اضافہ کیا جب اسیتھا فرنانڈو نے ناہید رانا (صفر) کو وکٹ کیپر کوسل مینڈس کے ہاتھوں کیچ کروا کر بنگلہ دیش کی اننگز۵۰۰؍کے اسکور سے پہلے ۴۹۵؍پر سمیٹ دی۔ حسن محمود ۷؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ اسیتھا فرنانڈو نے ۴؍وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل مشفق الرحیم (۱۶۳)، کپتان نجم الحسین شانتو (۱۴۸) نے سنچری اور لٹن کمار داس (۹۰) نے نصف سنچری بنا کر بنگلہ دیش کو بڑا اسکور کھڑا کرنے میں اہم تعاون دیا۔ ان تینوں بلے بازوں کے علاوہ بنگلہ دیش کا کوئی دیگر بلے باز سری لنکا کے بولنگ کیخلاف زیادہ دیر تک نہ چل سکا۔ تھرندو رتنائیکے اور میلان رتنائیکے نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔