لاؤڈ اسپیکر کے مسئلہ پر انقلاب کے سوال پر این سی پی کی خواتین ونگ کی صدر فوزیہ خان کی یقین دہانی۔
EPAPER
Updated: June 15, 2025, 9:47 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
لاؤڈ اسپیکر کے مسئلہ پر انقلاب کے سوال پر این سی پی کی خواتین ونگ کی صدر فوزیہ خان کی یقین دہانی۔
پولیس کی جانب سے ممبئی شہر اور مضافات کے کئی علاقوں میں مسجدوں سے لاؤڈ اسپیکر اتروانے کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں۔ اس کے خلاف کانگریس کے لیڈروں کی جانب سے پولیس کمشنر اور اس کے بعد وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی گئی۔ ان کے بعد این سی پی (اجیت پوار) کے لیڈروں نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے مل کر انہیں بھی اس مسئلہ سے آگاہ کیا اور پولیس کے جبر سے روکنے کا مطالبہ کیا لیکن این سی پی(شرد پوار) کی جانب سے ممبئی یا ریاستی سطح پر اس طرح کی ہلچل نظر نہیں آئی البتہ چیتا کیمپ کے سینئر انسپکٹر سے اس بارے میں بات چیت کی گئی تھی۔
اس ضمن میں سنیچر کو جب انقلاب نے این سی پی(شرد پوار) کی خواتین ونگ کی قومی صدرورکن پارلیمان فوزیہ خان سے استفسار کیا تو انہوں نے یقین دلایاکہ ’’ آئین نے سبھی کو یکساں حقوق دیئے ہیں اور این سی پی( شرد پوار) ہر سماج کے حقوق کے لئے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ‘‘
اس موقع پر نمائندے کو جواب دیتے ہوئے فوزیہ خان نے کہا کہ ’’ ہم اس معاملہ پر بات کرتے ہیں۔ کسی ایک ہی سماج کو لے کر نہیں بلکہ کوئی بھی سماج ہی، اس ملک میں رہنے والا کوئی بھی سماج ہو جب سبھی کو آئین نے یکساں حقوق دیئے ہیں اورہر شہری کو اس کے مذہب میں عمل کرنے کا حق دیا ہے تو این سی پی ہمیشہ اس سماج اور آئین کے حق میں کھڑی رہے گی۔ ‘‘