• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرانسیسکا البانیز، کوسٹا ریکا میں داخلےسے انکار، میکسیکو سٹی میں شاندار استقبال

Updated: November 29, 2026, 5:04 PM IST | Mexico City

اقوام متحدہ کی اسرائیلی مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر خصوصی نمائندہ فرانسیسکا البانیز سنیچر کو میکسیکو سٹی پہنچیں، اس سے قبل انہیں کوسٹا ریکا میں داخلے سے روک دیا گیا تھا، کوسٹاریکا کے اس اقدام پر جہاں اقوام متحدہ نے تشویش ظاہر کی، دوسری جانب امریکہ نے پذیرائی کی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

اقوام متحدہ کی اسرائیلی مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر خصوصی نمائندہ فرانسیسکا البانیز سنیچر کو میکسیکو سٹی پہنچیں، اس سے قبل انہیں کوسٹا ریکا میں داخلے سے روک دیا گیا تھا، کوسٹاریکا کے اس اقدام پر جہاں اقوام متحدہ نے تشویش ظاہر کی، دوسری جانب امریکہ نے پذیرائی کی۔البانیز مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے دس بجے میکسیکو سٹی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں، جہاں فلسطینی جھنڈوں کے ساتھ حامیوں نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ایک علاقائی میوزیکل بینڈ کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔واضح رہے کہ البانیز، جو اطالوی شہری ہیں اور جمعرات کو کوسٹا ریکا یونیورسٹی میں اعزازی ڈاکٹریٹ حاصل کرنے کے لیے سفر کر رہی تھیں، کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے مطابق ’’قومی سلامتی کی بنیادوں‘‘ پر ملک کے ہوائی اڈے پر داخلے سے انکار کر دیا گیا۔ البانیز غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف سب سے زیادہ آواز اٹھانے والی بین الاقوامی ناقدین میں سے ایک بن گئی ہیں، جس کی وجہ سے وہ اسرائیل نواز عہدیداروں اور حکومتوں کا اکثر نشانہ بنتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: فلسطینی عوام سے یکجہتی کا عالمی دن، غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تشویش

بعد ازاں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے کوسٹا ریکا کے البانیز کے داخلے سے انکار کے فیصلے پر ’’گہری تشویش‘‘ ظاہر کی،  انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ ’’کوسٹا ریکا کے انسانی حقوق کے لیے دیرینہ عزم کے ساتھ ہم آہنگ کرنا مشکل‘‘ لگا۔ یاد رہے کہ کوسٹا ریکا کئی لاطینی امریکی ممالک کے ساتھ دائیں جانب سیاسی تبدیلی اور واشنگٹن کے ساتھ گہرے تعلقات میں شامل ہو گیا ہے، جو اسرائیل کو فوجی امداد دیتا ہے اور۲۰۲۵ء میں غزہ میں امریکی اور اسرائیلی پالیسیوں پر ان کی تنقید پر البانیز پر پابندیاں عائد کیں۔
اقوام متحدہ میں انتظام و اصلاحات کے امریکی سفیر جیف بارٹوس نے کہا کہ وہ ’’اس جھوٹی اور پاگل کو ان کے خوبصورت ملک سے باہر رکھنے کے لیے کوسٹا ریکا کے شکر گزار ہیں۔‘‘ البانیز کو میکسیکو میں تقریباً پانچ دن گزارنے تھے، جہاں ان کی فلسطینی یکجہتی کی تقریب، دارالحکومت کے انسانی حقوق کمیشن میں ایک گفتگو اور نسل کشی کے وقت ذمہ داری پر یونیورسٹی لیکچر میں شرکت متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھئے: واشنگٹن میں تھینکس گیونگ پر نیتن یاہو کے نام سے ’فرینڈزگیونگ ڈنر‘ کا علامتی احتجاج

دریں اثناء فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کے حملے میں۷۴۰۰۰؍ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ غزہ کی ناکہ بندی نے بھوک کا بحران بھی پیدا کیا ہے اور غزہ کی پوری آبادی کو اندرونی طور پر بے گھر کر دیا ہے۔ ماہرین اور اقوام متحدہ کی ایک انکوائری نے اندازہ لگایا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کا طرز عمل نسل کشی کے مترادف ہے۔ اسرائیل اور امریکہ ان جائزوں کو مسترد کرتے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی فوجی مہم حماس کے خلاف دفاعی اقدام ہے۔
تاہم کوسٹا ریکا کے سان ہوزے ہوائی اڈے پر دو راتیں قید رہنے کے بعد، البانیز نے جمعہ کو یونیورسٹی کا فاصلاتی کلیدی لیکچر دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK