Inquilab Logo Happiest Places to Work

میٹری مونیل سائٹ پرپہچان بنا کر خاتون سے لاکھوں روپے کی فریب دہی، ملزم گرفتار

Updated: November 06, 2022, 11:06 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میٹری مونیل ایپ پر شادی کا رشتہ تلاش کرنے والوں کیلئے یہ خبر ہوشیار کرنے والی ہو سکتی ہے کیونکہ کلوا پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے

Accused Raj Deshmukh
ملزم راج دیشمکھ

میٹری مونیل ایپ پر شادی کا رشتہ تلاش کرنے والوں کیلئے یہ خبر ہوشیار کرنے والی ہو سکتی ہے کیونکہ کلوا پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ شادی شدہ ہونے کے باوجود خود کو کنوارا بتا تا تھا اور شادی کی متمنی خواتین کا اعتماد حاصل کرنے کے بعدمختلف بہانوں سے ان سے روپے اینٹھ  لیتا تھا اور ان سے شادی کرنے کا جھانسہ دے کر ان کی آبرو  ریزی بھی کر تاتھا۔ ملزم کے جھانسہ کا شکار ہو کر اسے ۱۳؍ لاکھ ۶۰؍ہزار روپے دینے والی ایک خاتون کی شکایت پر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی جانچ میں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ملزم نے ۲؍ خواتین کو بے و قوف   بنایا ہے۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کیاگیاتھا جس کے بعد کورٹ نے اسے ۷؍ نومبر تک پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
  اس معاملے کی اطلاع دینے کیلئے کلوا پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس  میں سینئر انسپکٹر منوہر اوہاڑ نے بتایاکہ’’ ۲؍ نومبر کو ایک خاتون نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی کہ انہوں نے بھارت میٹری مونیل  سائٹ پر اندراج کیا تھا ۔ اسی ویب سائٹ سے ان کی جان پہچان ایک شخص سے ہوئی تھی  اوران  میں میل جول بڑھا۔اس شخص نے  ۲۰۱۸ء سے اب تک  متاثرہ خاتون سے شادی کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی اور اسی دوران مختلف بہانوں سے کبھی ایک لاکھ ،کبھی ۵۰؍ ہزار  روپے  اس طرح خاتون  سے کل ۱۳؍ لاکھ ۶۰؍ ہزار روپے اینٹھ لیئے اور خاتون کی آبرو ریزی بھی کی۔جب متاثرہ نے شادی کیلئے زور دیاتو ملزم فرار ہو گیا اور جو رہائشی پتہ اس نے بتایا تھا وہ بھی فرضی نکلا۔ لہٰذا خاتون نے دھوکہ دہی اور عصمت دری کی شکایت درج کرائی تھی۔ ‘‘ سینئر انسپکٹر کے مطابق کلوا پولیس کے افسران کی ٹیم: سب انسپکٹر کرن بگدانے ، انسپکٹر ( کرائم) یوگیش شرساٹھ اور دیگر نے  ملزم کو شاہ پور، کولہا پور، تھانے ، بھیونڈی میں تلاش کیا۔ اسی دوران ملزم راجیش عرف راج دیشمکھ عرف روپیش یشونت راؤ(۴۲)کی ویگن آر کار کا ۱۰؍ کلو میٹر  پیچھا کرنے کے بعد تھانے جیل کے پاس سےاسے گرفتار کیا گیا۔ابتدائی جانچ میں پتہ چلا کہ ملزم نے  بھارت میٹری مونیل  کے ساتھ جیون ساتھی  ڈاٹ کام ویب سائٹ پر بھی رجسٹریشن کیا تھا اور اس کے خلاف کون گاؤں اور کوپر کھیرنے پولیس اسٹیشن میں بھی اسی طرح کا معاملہ درج ہے ۔

fraud Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK