Inquilab Logo

پنویل : فلیٹ فروخت کرنےکے بہانے خاتون سے۶۴؍ لاکھ روپےکی دھوکہ بازی، ملزم پولیس کی گرفت میں

Updated: December 23, 2022, 9:38 AM IST | waseem patel | Mumbai

یہاں ایک شخص نے مبینہ طورپرفلیٹ فروخت کرنےکے بہانے ایک خاتون سے ۶۴؍لاکھ روپے لے لئے لیکن فلیٹ کا قبضہ ابھی تک نہیں دیا۔

Accused Irfan Bhopali
ملزم عرفان بھوپالی

یہاں ایک شخص نے مبینہ طورپرفلیٹ  فروخت کرنےکے بہانے ایک خاتون سے ۶۴؍لاکھ روپے لے لئے لیکن  فلیٹ کا قبضہ ابھی تک نہیں دیا۔ پولیس نے ملزم جو پیشہ سے بلڈر ہے ،کو گرفتار کرلیا ہے۔  
 پولیس نے اس بارے میں بتایا کہ شکایت کنندہ  نسیمہ الطاف  ادھیکاری کا شوہر کویت میں نوکری کرتا ہے۔ وہ  اپنے ٹو بی ایچ کے فلیٹ میں رہتی ہے اور تھری بی ایچ کے کا فلیٹ خریدنا چاہتی تھی۔ اس کے پہچان کے ایک شخص نے اُرن ناکے روڈ پر ایک فلیٹ بتایا جو اسے پسند آیا۔۱۵؍ دن بعد اس فلیٹ کے مالک   عرفان بھوپالی نے نسیمہ سے رابطہ قائم کیا اور کہا کہ اس نے ’ابھی دیپ‘  اپارٹمنٹ کے  فلیٹ نمبر۲۰۷؍ اور ۲۰۸؍ جسے ملایا جا سکتا ہے، فروخت کرنا چاہتا ہے۔ یہ  فلیٹ اسے جلدمل جائے اس لئے نسیمہ نے عرفان کے بینک اکاؤنٹ میں۵۷؍لاکھ  ۵۰؍ہزار  روپے ٹرانسفر کر دیئے  اور۶؍ لاکھ ۷۰؍ ہزار روپے نقد دئیے ۔اس طرح اس نے عرفان کو۶۴؍ لاکھ ۲۰؍ ہزار روپے دیئے۔ عرفان نے اس    فلیٹ کا کچا معاہدہ تیار کرکے نسیمہ اور اپنے دستخط کر دیئے  لیکن یہ معاہدہ اس نے اپنے بھائی  رضوان کے نام سے کیا۔  نسیمہ نے جب عرفان سے اس بارے میں پوچھا تو اس نے جواب دیا کہ  فلیٹ نمبر ۲۰۷؍میری بیوی تسنیم کے نام پر ہے اور فلیٹ نمبر ۲۰۸؍ میرے بھائی رضوان کے نام پر ہے۔  عرفان نے اسے یقین دلایا کہ جلد ہی یہ فلیٹ اس کے نام پر ہو جائے گا  جس کے بعد نسیمہ نے عرفان سے کئی دفعہ فلیٹ اپنے نام کرنے کی بات کی تو وہ مختلف بہانے بنانے لگا۔  نسیمہ نے جب اسے پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرنے کی دھمکی دی تو اس نے جواب دیا کہ اس سے مجھے فرق نہیں پڑتا۔ اپنی سہیلی کے ساتھ اس کے آفس میں جانے پر عرفان نے اس سے گالی گلوچ کی۔   
 پریشان ہوکر نسیمہ نے پورے ثبوت کے ساتھ عرفان کے خلاف پولیس  اسٹیشن میں شکایت درج کرائی  جس کے بعدملزم عرفان بھوپالی کو گرفتار کر لیاگیا۔ پولیس کے مطابق عرفان نے اس سے قبل بھی کئی افراد کے ساتھ اسی طرح دھوکہ دہی کی ہے ۔ پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

fraud Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK