Inquilab Logo

اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے میں مدد کے بہانےدھوکہ دہی، ۳؍ افراد گرفتار

Updated: December 11, 2022, 11:37 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

تلوجہ میں پکڑے گئے ملزمین معمر افرادکے اے ٹی ایم کارڈ بدل کر اور پیسے نکال کر فرار ہوجاتے تھے ، ملزمین کے خلاف کئی معاملات درج تھے

The accused can be seen in police custody.
ملزمین کو پولیس کی تحویل میں دیکھا جا سکتا ہے۔

 یہاں نوی ممبئی کے تلوجہ پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے ایک ایسے ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ۳؍ ممبران کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے متعدد بینکوں کے ۹۷؍ اے ٹی ایم کارڈ برآمد کئے ہیں ۔ گرفتار کئے گئے تینوں ملزمین پر الزام ہے کہ وہ بینکوں کے اے ٹی ایم سینٹرکے باہر کھڑے رہتے تھے اور جب کوئی معمر افراد پیسے نکالنےکیلئے آتے تو ان کی  مدد کرنے کے بہانے اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کرکے ان کے اکاؤنٹ سے پیسے نکال کر فرار ہوجاتے تھے۔پولیس نے ان کے پاس سے لاکھوں روپے کے سامان بھی برآمد کئے ہیں ۔
 نوی ممبئی کے تلوجہ پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر جتندر سوناونے نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس  اہلکاروں کو متعدد شکایتیں مل چکی تھیں کہ نوی ممبئی کے متعدد علاقوں میں ایک ایسا گروہ سرگرم  ہے  جس کے ممبر بینکوں کے اے ٹی ایم سینٹر کے قریب رہ کر اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے والی معمر خواتین اور مر دکو پیسے نکالنے میں مدد کرنے کے بہانے خود پیسے نکال کر فرار ہوجاتے تھے ۔ 
   نوی ممبئی  میں ملنے والی شکایت کے بعداعلیٰ پولیس اہلکاروں کی ہدایت پر تلوجہ پولیس اسٹیشن کےکرائم ڈسکلوزر برانچ کو  گروہ کا پردہ فاش کرنے کی  ذمہ داری سونپی گئی ۔ پولیس نے اس کیس کی جانچ اور مخبروں کی مدد کے علاوہ بینک اے ٹی ایم سینٹر کے سی سی کیمرے کے فوٹیج لے کر جائے وقوعہ کا جائزہ لیا ۔اسی دوران واردات میں استعمال  ہونے والے ایک آٹورکشا کی تفصیل  حاصل کرکے ملزمین کے بارے میں تکنیکی تفتیش کی گئی  ۔تحقیقات میں معلوم ہوا کہ معمر افراد کے علاوہ معذوروں کو اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کے دوران مدد کے بہانے کارڈ تبدیل کرتے ہیں ۔ 
 پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین  اپنے پاس تمام بینکوں کے فرضی اے ٹی ایم کارڈ رکھتے تھے  اور اے ٹی ایم میںپیسے نکالنے کے دوران ان کے اے ٹی کارڈ کا پاس ورڈ لے کر پیسے نکالنے کے بہانے اصل کارڈ نیچے گرادیتے  اور جعلی کارڈ اے ٹی ایم میں ڈالتے   تھے ۔ جب پیسے نہیں  نکلتے تو انھیں واپس بھیج دیتے  اور بعد میں گروہ کے ممبران اسی کارڈ اور پین نمبر سے    پیسے نکال لیتے  تھے۔ 
 پولیس کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ملزمین سے پوچھ تاچھ کی گئی تو ان کے پاس سے مختلف بینکوں کے  ۹۷؍ اے ٹی ایم کارڈ برآمد ہوئے اور معلوم ہوا کہ ملزموں نے  اس سے پہلے بھی کئی افراد سے لاکھوں روپے کی  فریب دہی کر چکے  ہیں۔  پولیس نے گنیش بھالچندر (۲۴)    ، اجے رامو یادو(۲۵)  اور وکی شماپلے (۲۸)کو گرفتار کیا ہے ۔ 
پولیس کی عوام سے اپیل
 پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اے ٹی ایم کار ڈ اور پاس ورڈکسی کو بھی نہ دیںاور اگر کوئی شخص اے ٹی ایم کے باہر کھڑا ہوا تو اسے اندر داخل ہونے سے بھی منع کردیں ۔ معمر افراد و خواتین کو چاہئے کہ اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کیلئے گھر سے ہی کسی کو ساتھ  لائیں ۔ اگر پیسے نکالنے میں کسی کی مدد درکار ہوتوسیکوریٹی گارڈ جو وہاں پر ڈیوٹی دے رہا ہو  بدرجہ مجبوری اس سے  مدد حاصل کرلیں ۔

ATM Fraud Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK