Inquilab Logo

منی ٹرانسفر کے نام پر بزرگ کے ساتھ ۲؍ کروڑ روپے کی فریب دہی

Updated: March 20, 2022, 8:24 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

جگدیش پرساد نے آسام میں اپنے رشتے دار کے نام ٹرانسفر کیلئے خطیر رقم دی تھی، جسے لے کر ملزمین فرار ہو گئے ، مگر پولیس نے گرفتار کرلیا

Police officers showing confiscated money
پولیس افسران ضبط شدہ رقم دکھاتے ہوئے (تصویر: انقلاب)

ملاڈ میں واقع دنڈوشی علاقے میں کوریئر کا دفتر چلانے والے  چندلوگوں نے  ایک ۷۰ ؍سالہ بزرگ کو ۲؍ کروڑ کا چونا لگا دیا۔ البتہ پولیس نے بزرگ کی شکایت کے بعد جلد ہی   ان مجرموں کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار کئے گئے ۷؍ افراد میں  ایک خاتون بھی شامل ہے۔ 
  پولیس ذرائع کے مطابق  ژون نمبر ۱۲؍ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس  سومناتھ گھارگے نے پریس کانفرنس منعقد کرکے بتایا کہ۴ ؍ فروری ۲۰۲۲ کو  اندھیری  ( ایسٹ ) کے مرول علاقے میں واقع ملٹری روڈ پر رہنے والے  جگدیش پرساد لال چند پوددار (۷۰)    ۲؍ کروڑ ر وپے نقد لےکر آسام میں اپنے کسی رشتہ دار کے نام  ٹرانسفر کرنے کی غرض سے ملاڈ مشرق کی ایک کورئیر کمپنی میں  پہنچے ۔ دراصل  انہیں اقبال شیخ، نثار احمد ،یشونت سنگھ نامی افراد نے بتایا تھا کہ کوریئر کے اس دفتر میں منی ٹرانسفر کاکام بھی ہوتا ہے اور بڑی سے بڑی رقم دوسرے شہر میں ٹرانسفر کی جاتی ہے۔ 
 یہ دفتر ملاڈ(مشرق)  کے دفتری روڈ پر آشا اسپتال کے قریب کرشمہ پلازہ   میںگالہ نمبر ۶۰۱؍   میں واقع ہے۔یہاں  جگدیش پرساد کی ملاقات  مدھومدن عرف مرلی ،امول کامبلے اور روپیندر سنگھ اروڑا سے ہوئی جنہیں انہوں نے ۲؍ کروڑ روپے آسام ٹرانسفر کرنے کیلئے دیئے ۔ 
 پولیس کے مطابق یہ رقم جگدیش پرساد  کے رشتہ دار کو نہیں ملی تو انہوں نے دفتر کارخ کیا جہاں مگر وہاں تالا تھا۔  معلوم ہوا کہ کوریئر کا وہ دفتر   فرضی تھا یعنی وہاں کوریئر کا کوئی کام نہیں ہوتا تھا۔ یہ لوگ   ۲؍کروڑ روپے لے کر فرار ہوچکے تھے  ۔  جگدیش پرساد دنڈوشی  پولیس اسٹیشن  پہنچے جہاں  تعزیرات ہند کی دفعات ۴۰۶، ۴۲۰، ۱۲۰(بی ) اور ۳۴؍ کے تحت   درج کرلیا گیا۔
 پولیس کا کہنا ہے ایڈیشنل پولیس کمشنر (نارتھ ریجن ڈیویژن ) پروین پڈول ،ڈی سی پی ژون ۱۲؍ سومناتھ گھارگے ،اے سی پی (دنڈوشی ڈیویژن )سنجے پاٹل کی رہنمائی  میںکرائم برانچ کی دنڈوشی یونٹ کے انسپکٹر چندرکانت گھارگھے کی نگرانی میں ۲؍ ٹیمیں   تیار کی گئیں اور تفتیش شروع کی گئی۔  تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزمین نے اپنے نام فرضی بتائے تھے ۔ساتھ ہی یہ بھی معلوم ہوکوریئر کادفتر بھی فرضی تھا ۔ پولیس نے تشکیل شدہ کرائم برانچ افسران جدید آلات اور ٹیکنالوجی ذرائع کا سہارا لیتے ہو ئے مذکورہ  معاملہ میں ۷ ملزمین کو الگ الگ جگہوں سے گرفتار کرلیا ۔جن میں اہم ملزم مرلی کلبرگی کو بنگلور سے امول کامبلے کو دھاراوی سے،روپیندر ارورا کو گوا سے ، نثار احمد کو تلوجہ (نوی ممبئی) سے ،اقبال شیخ کو ڈونگری ممبئی سے ،درگا چوڑنیکر نامی خاتون ملزمہ کو کلیان سے  اور یشونت سنگھ کو امبیولی سے گرفتار کیا گیا ۔
 پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گینگ بین الریاستی سطح ہر سرگرم تھا اورزائد آمدنی نیز منی ٹرانسفر  کے نام پر  دھوکہ دہی کیا کرتا تھا۔پولیس افسران نے ملزمین کے پاس سے  ۴۹ لاکھ ،۶۰ ہزار روپے نقد برآمد کئے ہیں ۔جبکہ مزید رقم کیلئے تفتیش جاری ہے ۔  فی الحال ان گرفتاریوں کو پولیس ٹیم کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK