Updated: December 04, 2025, 10:13 PM IST
| Los Angeles
’’دی بیٹ مین پارٹ ۲‘‘ میں اسکارلیٹ جوہانسن کو بطور ’’کیٹ وومن‘‘ شامل کیا جاسکتا ہے۔ فلم کی ہدایتکاری میٹ ریوز کریں گے اور ریلیز کی تاریخ اکتوبر ۲۰۲۷ء مقرر کی گئی ہے۔ پہلی فلم کی کامیابی کے بعد سیکوئل پر توجہ بڑھ گئی ہے جبکہ زوئی کراؤٹز کیٹ ویمن کے کردار میں واپس نہیں آئیں گی۔ تاہم، جوہانسن کا ممکنہ کردار ابھی راز میں ہے۔
ہالی ووڈ اسٹار اسکارلیٹ جوہانسن۔ تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ اسٹار اسکارلیٹ جوہانسن کے ساتھ مبینہ طور پر ’’دی بیٹ مین پارٹ ۲‘‘ کی کاسٹ میں شامل ہونے کیلئے ابتدائی مذاکرات جاری ہیں جس کے بعد ممکن ہے کہ وہ اس انتہائی متوقع سیکوئل میں رابرٹ پیٹنسن کی ’’ڈارک نائٹ‘‘ کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں۔ فلم کی ہدایتکاری ایک بار پھر میٹ ریوز کریں گے اور پروڈکشن اگلے موسمِ بہار میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ وارنر برادرز کا فلم کو اکتوبر ۲۰۲۷ء میں ریلیز کرنے کا ہدف ہے۔ فرنچائز کی پہلی فلم، جو مارچ ۲۰۲۲ء میں ریلیز ہوئی تھی، شائقین کی زبردست پذیرائی کے ساتھ دنیا بھر میں ۷۷۲؍ ملین ڈالر کما چکی ہے، جس سے گوتھم کے بارے میں ریوز کے منفرد وژن کو مزید تقویت ملی۔
یہ بھی پڑھئے: انوشکا شنکر فلائٹ میں ستار ٹوٹنے سے پریشان، ایئر انڈیا کو کھری کھوٹی سنائی
میٹ ریوز نے شریک مصنف میٹسن ٹاملن کے ساتھ مل کر جون میں سیکوئل کا اسکرین پلے مکمل کیا، جس کے بعد کاسٹنگ کا مرحلہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ زوئی کراؤٹز کہانی کے اگلے حصے میں بطور کیٹ وومن واپس نہیں آئیں گی، جس کا مطلب ہے کہ فلم میں نئے کرداروں اور نئی کہانیوں کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ ورائٹی سے بات کرتے ہوئے میٹ ریوز نے کہا کہ ’’یہ ایک طویل سفر رہا ہے، لیکن میں واقعی بہت پرجوش ہوں۔ مجھے اور میٹسن کو اپنی اسکرپٹ پر بہت فخر ہے۔‘‘
اسکرپٹ کی رازداری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’’ہم نے اسکرپٹ کو خفیہ رکھا ہے جس پر کوڈ لگا ہوا ہے۔ رابرٹ پیٹنسن اس وقت نیویارک میں تھے، اس لئے ہر چیز کو انتہائی حفاظتی سطح پر رکھا گیا ہے۔‘‘ اب تک یہ واضح نہیں کہ اسکارلیٹ جوہانسن فلم میں کون سا کردار ادا کریں گی، لیکن ان کی ممکنہ شمولیت ان کے کریئر میں ایک اور بڑی فرنچائز کا اضافہ ہوگی۔ حال ہی میں وہ ’’جراسک ورلڈ ری برتھ‘‘ میں جلوہ گر ہوئیں، جو باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے ۸۰۰؍ ملین ڈالر سے زائد بزنس کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ وہ جلد ہی ’’دی ایکسورسسٹ‘‘ کے نئے ری بوٹ میں بھی نظر آئیں گی۔
یہ بھی پڑھئے: آرین خان ۲۰۲۵ء کی آئی ایم ڈی بی ٹاپ۱۰؍ ڈائریکٹرز کی فہرست میں شامل
اس خبر کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ جوہانسن مارول سنیماٹک یونیورس میں بطور نتاشا رومانوف/بلیک ویڈو شہرت حاصل کر چکی ہیں، اب ممکنہ طور پر ڈی سی کے سپر ہیرو دائرے میں قدم رکھنے جا رہی ہیں۔ یہ پیش رفت نہ صرف ان کے کریئر میں ایک اہم موڑ ہے بلکہ مداحوں میں بھی نئی بحث اور قیاس آرائیوں کو جنم دے رہی ہے۔