Inquilab Logo

بھیونڈی سے نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسپتال تک مفت بس سروس کاآغاز

Updated: February 19, 2024, 11:47 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

یہ بس مریضوں کو لےکر پرشرام ٹاورے اسٹیڈیم سے روزانہ صبح زکات ناکہ ہوکر اسپتال جاتی ہے اورشام کو واپس بھی لاتی ہے۔

Locals are seen standing next to a bus going to DY Patil Hospital in Navi Mumbai. Photo: INN
نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسپتال تک جانے والی بس کے پاس مقامی افراد کھڑے نظر آرہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

یہاں زکات ناکہ اورپرشرام ٹاورے اسٹیڈیم سےنوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسپتال کیلئے مفت بس سروس شروع کی گئی ہے۔ یہ بس پیر سے سنیچر تک روزانہ صبح ساڑھے ۷؍بجے زکات ناکہ (ریجنٹ ہوٹل)سے اطراف کے مریضوں کو لے کر ۸؍بجے پرشرام ٹاورے اسٹیڈیم سے دھامنکرناکہ اور انجور پھاٹا ہوتے ہوئے ڈی وائی پاٹل اسپتال تک جاتی ہے۔ یہ بس دو پہر۲؍بجے اسپتال آنے والے مریضوں کو واپس لے کرزکات ناکہ ہوتے ہوئے اسٹیڈیم تک مریضوں کوواپس بھی لاتی ہے۔ 
سماجی وطبی میدان میں متحرک سماجی کارکن الانصار میڈیکل ویلفیئر سوسائٹی کے اہم رکن شاہد فاروقی نے انقلاب کوبتایا کہ ڈی وائی پاٹل اسپتال سیمی گورنمنٹ اسپتال ہے جہاں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ بیشتراسکیموں کا فائدہ ملتا ہے نیز اسپتال میں نافذ اسکیموں کے ذریعہ بڑے اور سوپر اسپیشلیٹی ڈاکٹر جن کی فیس شہر میں ۶۰۰؍ سے ۸۰۰؍ روپے کے درمیان ہوسکتی ہے، وہاں وہ محض ۵۰؍روپے فیس ادا کرکے بہترین ڈاکٹروں کی نگرانی میں اپنا علاج کرواسکتے ہیں۔ غریب اور متوسط طبقے کے وہ افراد جو بڑے ڈاکٹروں کے بھاری بھرکم فیس ادا کرنے سے قاصر ہیں، اس اسپتال سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اسپتال میں جاری اسکیموں کے ذریعہ مریضوں کو آپریشن اور دیگر علاج و معالجے میں خاصی رعایت ملتی ہے۔ 
  مذکورہ اسپتال نوی ممبئی میں ہونے کے سبب شہریوں کو وہاں پہنچنے میں شدید دشواریوں کو دیکھتے ہوئے الانصار میڈیکل ویلفیئر سوسائٹی، شکیل بھائی موبائل والے اوردیگر معاونین کی کوششوں سے مریضوں کواسپتال لے جانے اور وہاں سے واپس بھیونڈی لانے کیلئے اتوار کے علاوہ روزانہ مفت بس سروس کاانتظام کروایاگیا ہے۔ شاہد فاروقی نے بتایا کہ صبح ساڑھے ۷؍بجے زکات ناکہ (ریجنٹ ہوٹل)سے اطراف کے مریضوں کو لے کر ۸؍بجے پرشرام ٹاورے اسٹیڈیم پہنچتی ہے، وہاں سے بس دھامنکرناکہ اور انجور پھاٹاہوتے ہوئے ڈی وائی پاٹل اسپتال جاتی ہے۔ دوپہر ۲؍ بجے بس سبھی مریضوں کو واپس بھیونڈی لانے کیلئے روانہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اس بس کے متعلق کسی بھی معلومات کیلئے موبائل نمبر ۹۸۹۰۰۰۵۵۲۳ (شکیل بھائی) اور ۷۰۳۰۶۱۷۶۱۷؍ (شاہد فاروقی) پررابطہ کرسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK