Inquilab Logo

آرسنل فٹبال کلب نے بورن ماؤتھ کو ۳؍گول سے رونددیا

Updated: May 05, 2024, 12:01 PM IST | Agency | London

لندن کے فٹبال کلب نے ای پی ایل میں اپنی ٹاپ پوزیشن مضبوط کی۔ ٹروسرڈ اور رائس کا ایک ایک گول۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل)میں خطاب کی جنگ دلچسپ ہوتی جارہی ہے اور ہر فٹبال کلب کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ سنیچر کی شام ہونے والے میچ میں آرسنل فٹبال کلب نے بورن ماؤتھ کو ۰۔ ۳؍گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ ہی ٹاپ پوزیشن بھی مضبوط کرلی ہے حالانکہ مانچسٹر سٹی کے مقابلے اس نے ۲؍ میچ زیادہ کھیلا ہے۔ 
 اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر لندن کا فٹبال کلب آرسنل ۳۶؍ میچوں میں ۸۳؍پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ دوسری طرف مانچسٹر سٹی فٹبال کلب ۳۴؍ میچو ں میں ۷۹؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہے۔ سنیچر کی رات اس کا مقابلہ والووس سے ہونے والا تھا۔ لیورپول کی ٹیم تیسرے نمبرپر ہے۔ 
 انگلش پریمیر لیگ میں سنیچر کی شام ہونے والے میچ میں آرسنل کے کھلاڑیوں نے زبردست کارکردگی کامظاہرہ کیا۔ ۴۵؍ ویں منٹ میں گنرس کو پنالٹی ملی اور اس کے کھلاڑی بوکایو ساکا نے پہلا گول کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں آرسنل کے کھلاڑیوں نے زبردست مقابلہ کیا۔ ۷۰؍ویں منٹ میں ایل ٹروسرڈ ی رائس کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ انجری ٹائم کے ۷؍ویں منٹ میں ڈی رائس نے جی جیزس کی مدد سے ٹیم کا تیسرا گول کیا اور اسکور ۰۔ ۳؍ گول کیا۔ اس گول کے بعد کوئی اورگول نہیں ہوا اور آرسنل نے یہ میچ ۰۔ ۳؍گول کے اسکور سے جیت لیا۔ 
 میچ کے بعد آرسنل کے منیجر مائیکل آرٹیٹا نے کہاکہ اس وقت ہم مانچسٹر سٹی کے میچ پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں کیونکہ اس کلب نے ہم سے ۲؍ میچ کم کھیلے ہیں۔ مائیکل آرٹیٹا نے کہا کہ اس میچ میں سبھی کھلاڑیوں نے اچھا مقابلہ کیا۔ ہمیں مزید ۲؍ میچ کھیلنے ہیں اور دونوں میں کامیابی ہمارا مقصد ہے۔ ہم امید کررہے ہیں کہ سٹی کی ٹیم کمزور رہے اور اس کے پوائنٹس کم ہوجائیں۔ خیال رہے کہ آرسنل کو اگر خطاب پر قبضہ کرنا ہے تو اسے مانچسٹر سٹی کی شکست کی بھی دعا کرنی ہوگی۔ حالانکہ سیزن کے اختتام پر اگر دونوں کے پوائنٹس برابر رہے تو گول کی بنیاد پر ای پی ایل کے چمپئن کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس معاملے میں آرسنل فٹبال کلب کو برتری حاصل ہے جس نے زیادہ گول کئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK