Inquilab Logo

یکم اپریل سے یہ اشیاء مہنگی ہو سکتی ہیں اور کاروباری و تجارتی دنیا میں یہ تبدیلیاں آسکتی ہیں

Updated: March 31, 2023, 12:21 PM IST | New Delhi

تجارت و کاروبار کے میدان میں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو بہت سی تبدیلیاں آتی ہیں۔

Along with petrol and diesel, domestic gas prices may also increase
پیٹرول اور ڈیزل کے ساتھ ساتھ گھریلو گیس کے دام بھی بڑھ سکتے ہیں

تجارت و کاروبار کے میدان میں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو بہت سی تبدیلیاں آتی ہیں۔ آج سے  نیا مالی سال ۲۴۔۲۰۲۳ء بھی شروع ہو رہا ہے۔ ایسے میں تبدیلیوں کی فہرست کچھ طویل ہونے والی ہے۔ یکم اپریل۲۰۲۳ء سے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے جبکہ سونے کی فروخت کے حوالے سے نیا اصول نافذ ہو جائے گا۔
پٹرولیم مصنوعات اور ایندھن :  سرکاری گیس کمپنیاں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ایل پی جی کی قیمتوں میں ردوبدل کرتی ہیں اور نئے نرخ جاری کرتی ہیں۔ مارچ کے آغاز میں ایل پی جی صارفین کو جھٹکا لگا اور گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں۵۰؍ روپے جبکہ کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں۳۵۰؍ روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ ان کی قیمتوں میں یکم تاریخ کو بھی نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔ایل پی جی کے ساتھ ساتھ سی این جی-پی این جی کی قیمتوں میں بھی تبدیلی ہو سکتی ہے۔ تاہم حال ہی میں جاری ہونے والی رپورٹس کے مطابق سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں اضافے کا قوی امکان ہے۔ اس کے علاوہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔
سونے کے زیورات کی فروخت :سونے کے زیورات کی فروخت سے متعلق اصول یکم اپریل سے تبدیل ہونے جا رہا ہے۔ صارفین کی وزارت کے مطابق نئے اصول کے تحت۳۱؍ مارچ۲۰۲۳ء کے بعد۴؍ہندسوں والے ہال مارک یونیک آئیڈنٹیفکیشن (ایچ یو آئی ڈی) والے زیورات کی فروخت پر پابندی عائد کر دی جائے گی اور یکم اپریل۲۰۲۳ء سے صرف۶؍ ہندسوں والے ہال مارک ایچ یو آئی ڈی زیورات ہی فروخت ہو سکیں گے۔ تاہم، صارفین اپنے پرانے بغیر ہال مارکنگ والے زیورات بھی فروخت کر سکیں گے۔
زیادہ پریمیم والے انشورنس سے آمدنی پر ٹیکس : بجٹ۲۰۲۳ء میں زیادہ پریمیم والے انشورنس سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ٹیکس کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسکے تحت اگر آپ کے انشورنس کا سالانہ پریمیم۵؍لاکھ سے زیادہ ہے تو اس سے ہونے والی آمدنی پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ اب تک انشورنس سے ہونے والی باقاعدہ آمدنی مکمل طور پر ٹیکس سے محفوظ تھی۔ ہائی نیٹ ورتھ انفرادی افراد (ایچ این آئی) اس کا فائدہ حاصل کرتے تھے۔ یہ اصول بھی یکم اپریل سے نافذ ہونے جا رہا ہے۔
فزیکل گولڈ کو ای گولڈ میں تبدیل کرنا:اپریل کے آغاز کے ساتھ آپ کو فزیکل گولڈ کو ای گولڈ یا ای گولڈ کو فزیکل گولڈ میں تبدیل کرنے پر کوئی کیپیٹل گین ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ کیپٹل گین ٹیکس سے نجات کا اعلان بھی بجٹ تقریر کے دوران کیا گیا تھا۔ تاہم، اگر آپ اسے تبدیل کرنے کے بعد سونے کو فروخت کرتے ہیں، تو آپ کو ایل ٹی سی جی اصولوں کے تحت ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
لگژری گاڑیاں  مہنگی ہوں گی : نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ لگژری گاڑیاں خریدنا مہنگا ہو جائے گا۔ دراصل ملک میں بی ایس۶؍کا پہلا مرحلہ ختم ہونے والا ہے اور دوسرا مرحلہ شروع ہونے والا ہے۔ اسکے تحت آٹو کمپنیاں نئے قوانین کے تحت کاروں کو اپ ڈیٹ کرنے پر آنیوالے اخراجات کی تلافی کیلئے  صارفین پر بوجھ بڑھا سکتی ہیں۔ اس کی وجہ سے  کار خریدنا مہنگا پڑ سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK