ملک سے منتخب ۵۰؍ نوعمرطلبہ میں شامل ہے اور مہاراشٹر سے چُنے گئے ۸؍ کھلاڑیوں میں تنہا مسلم ہے، والدین اور کوچ بے حدخوش۔
EPAPER
Updated: July 30, 2025, 3:32 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ملک سے منتخب ۵۰؍ نوعمرطلبہ میں شامل ہے اور مہاراشٹر سے چُنے گئے ۸؍ کھلاڑیوں میں تنہا مسلم ہے، والدین اور کوچ بے حدخوش۔
کرلا مغرب کی ایل آئی جی کالونی میں رہائش پذیر حزیل عرفان انصاری نے گزشتہ ماہ اپنی عمر کے ۱۳؍ سال مکمل کئے ہیں اور جولائی کی ۱۵؍ تاریخ کو انہیں ’آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف)‘کی جانب سے انہیں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے شارٹ لسٹ کرنے کی اطلاع دی گئی نیز مزید ٹرائل کیلئے انہیں ۳۱؍ جولائی کو حیدرآباد بلایا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس سے انڈر ۱۴؍ کی قومی ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کے انتخاب اور انہیں تربیت دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ اے آئی ایف ایف کے مطابق اچھے کھلاڑیوں کے انتخاب کے ماہر فیفا کے رچرڈ ایلن نے ملک میں کھیلے جانے والے اسکولی سطح سے نیشنل چمپئن شپ تک کے کھیلوں میں ہزاروں کھلاڑیوں کا مشاہدہ کرنے کے بعد ۲۰۷؍ کھلاڑیوں کو منتخب کیا تھا۔ آگے کے مرحلے کیلئے ان میں سے بھی صرف ۵۰؍ کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے جن میں ممبئی کے حزیل بھی شامل ہیں۔
حیدرآباد میں فٹ بال کے تجربہ کار ماہرین یکم اگست سے ۳؍ اگست تک مختلف مقابلوں میں ان کھلاڑیوں کی مہارت کو باریکی سے پرکھنے کے بعد انڈر ۱۴؍ کی قومی ٹیم کیلئے منتخب کریں گے اور پھر انہیں مزید تربیت دی جائے گی۔
عرفان انصاری کے مطابق ان کا بیٹا حزیل گزشتہ کئی برسوں سے فٹ بال میں مہارت کیلئے کڑی محنت کرتا آرہا ہے۔ اب بھی وہ صبح ساڑھے ۶؍ بجے اٹھ جاتا ہے اور ودیا وہار میں واقع فاطمہ ہائی اسکول جاتا ہے اور اسکول چھوٹنے پر تقریباً ڈھائی بجے واپس گھر آتا ہے۔ اس کے بعد قرآن کریم کی تعلیم کیلئے ایک گھنٹہ مکتب جاتا ہے۔ مکتب سے واپس آنے پرایک گھنٹہ آرام کرتا ہے اور پھر ٹیوشن چلا جاتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جس دن فٹ بال کی پریکٹس رہتی ہے، اس دن ٹیوشن نہیں جاپاتا۔ پریکٹس کیلئے بذیعہ ٹرین سی ایس ایم ٹی جاتا ہے اور وہاں سے بس سے کوپریج گرائونڈ پہنچتا ہے۔ یہاں شام ساڑھے ۷؍ بجے سے رات ساڑھے ۹؍ یا ۱۰؍ بجے تک پریکٹس ختم ہوتی ہے جس کے بعد وہ گھر پہنچ کر سو جاتا ہے۔
حزیل کے انتخاب پر اس کی موجودہ ٹیم ممبئی سٹی ایف سی کے کوچ ستیج اور سابق کوچ مدنپورہ میں الیوین اسٹار کے سرفراز انصاری نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے۔