Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایف ایس ایس اے آئی نے کہا ’’ زنگ آلود چھریوں کا استعمال بند کیا جائے‘‘

Updated: June 18, 2026, 4:57 PM IST | New Delhi

ادارے نے ہدایت دی ہے کہ خوراک کے کاروباری خوراک کی ہینڈلنگ اور پروسیسنگ کے دوران صرف ’’فوڈ گریڈ‘‘ اور زنگ سے محفوظ (اینٹی رسٹ) چھریوں، بلیڈز اور دیگر کاٹنے والے آلات کا استعمال کریں۔

FSSAI.Photo:INN
ایف ایس ایس اے آئی۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھاریٹی (ایف ایس ایس اے آئی) نے جمعرات کو کہا کہ اس نے ملک بھر کے فوڈ کاروباریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ خوراک کی ہینڈلنگ اور پروسیسنگ کے دوران صرف ’’’فوڈ گریڈ‘‘ اور زنگ سے محفوظ (اینٹی رسٹ) چھریوں، بلیڈز اور دیگر کاٹنے والے آلات کا استعمال کریں۔
فوڈ ریگولیٹر کی جانب سے جاری ہدایات میں ان رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جن کے مطابق بعض فوڈ کاروباری کھانا پکانے، پروسیسنگ، کٹنگ، پیکجنگ اور متعلقہ سرگرمیوں میں زنگ آلود، خراب، ٹوٹے پھوٹے، رنگ شدہ، نقصان زدہ یا کسی بھی طرح ناقابلِ استعمال کٹنگ ٹولز استعمال کر رہے ہیں۔
ایف ایس ایس اے آئی کے مطابق ایسے آلات کا استعمال غذائی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ پیدا کرتا ہے کیونکہ اس سے خوراک میں جسمانی، کیمیائی اور جرثومی آلودگی (کنٹیمنیشن) پیدا ہو سکتی ہے۔ ریگولیٹر نے کہا کہ یہ عمل ’’فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز (فوڈ بزنس کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن) ریگولیشنز، ۲۰۱۱ء‘‘ کے شیڈول ۴؍ میں بیان کردہ صفائی اور حفظانِ صحت کے تقاضوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:گروک اے آئی کا استعمال ایران پر حملوں میں کیا گیا


مزید کہا گیا کہ موجودہ فوڈ سیفٹی قوانین کے مطابق خوراک کی دیکھ بھال، تیاری، پروسیسنگ، پیکجنگ اور ذخیرہ کرنے میں استعمال ہونے والے تمام آلات، برتن اور خوراک کے رابطے میں آنے والی سطحیں فوڈ گریڈ، غیر زہریلے (نان ٹاکسک) اور زنگ سے محفوظ مواد سے بنی ہونی چاہئیں۔
ایف ایس ایس اے آئی نے فوڈ کاروباریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام چھریاں، بلیڈز اور کاٹنے والے آلات صاف ستھری حالت میں ہوں اور ان میں زنگ، خرابی، دراڑیں، ٹوٹ پھوٹ، رنگ یا کوئی ایسی خامی نہ ہو جو خوراک کو آلودہ کر سکتی ہو۔ ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جہاں ضروری ہو وہاں ایسے آلات کی باقاعدہ صفائی، سینیٹائزیشن اور اسٹرلائزیشن کی جائے۔

یہ بھی پڑھئے:ڈی آر کانگو نے پرتگال کو ڈرا پر روک کر ایک پوائنٹ حاصل کیا


 ایف ایس ایس اے آئی نے کاروباری اداروں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ آلودگی کے خطرے سے بچنے کے لیے زنگ آلود، نقصان زدہ یا ناقابلِ استعمال کٹنگ ٹولز کو فوری طور پر ہٹا کر ان کی جگہ نئے آلات استعمال کریں۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے ایف ایس ایس اے آئی نے کہا کہ ایڈوائزری پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ’’فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ، ۲۰۰۶ء‘‘ کی دفعات کے تحت جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK