Inquilab Logo

فیول ایڈجسٹمنٹ چار جس نافذ، صارفین پر اضافی بجلی بل کا بوجھ

Updated: April 22, 2023, 8:30 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بیسٹ نے اپنے صارفین کو بجلی کی اضافی شرح کی تفصیلات فراہم کیں، یکم اپریل سے نافذ ہونے والی شرح اور ۲۵۔۲۰۲۴ء کی قیمتیں درج

Electricity bill
بجلی بل

 ’برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ‘ (بیسٹ) نے یکم اپریل ۲۰۲۳ء سے بجلی کی شرح میں اضافہ سے متعلق اطلاع دینے کیلئے اپنے بجلی صارفین کو موبائیل فون پر ’ٹیکسٹ‘ میسج بھیجنا شروع کیا ہے۔ ان میسج میں ایک لنک دیا گیا ہے جس کی مدد سے بجلی صارفین یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ وہ کس زمرے کے صارف ہیں اور ان سے بجلی کے استعمال پر کیا قیمت وصول کی جائے گی۔ بیسٹ نے جاری مالی سال اور ۲۵۔۲۰۲۴ء کی شرح کی تفصیلات بھی فراہم کردی ہے۔
 یاد رہے کہ ’مہاراشٹر الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن‘ (ایم ای آر سی) نے الیکٹریسٹی سپلائی کرنے والی تمام کمپنیوں کو مہنگے داموں پر ایندھن در آمد کرنے سے ہونے والے نقصان کی بھرپائی صارفین سے کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت یکم اپریل سے بیسٹ، ٹاٹا پاور اور اڈانی کمپنیوں کو ’فیول ایڈجسٹمنٹ چارجس‘ (ایف اے سی) کے نام پر بجلی کی شرح میں اضافہ کی اجازت ملی ہے۔ 
 بجلی شرح کی تفصیلات اپنے صارفین کو مہیا کرانے میں بیسٹ نے پہل کرتے ہوئے میسج بھیجنا شروع کیا ہے۔ بیسٹ کی ویب سائٹ پر جو تفصیلات درج کی گئی ہیں ان کے مطابق رہائشی مکانات میں صفر سے ۱۰۰؍ یونٹ تک بجلی استعمال ہونے پر ۸۵؍ روپے ماہانہ وصول کئے جائیں گے اور اس کے علاوہ فی یونٹ ۱ء۹۵؍ روپے کے حساب سے چارج لگایا جائے گا۔ یکم اپریل سے قبل ماہانہ چارج ۸۰؍ روپے اور فی یونٹ ۱ء۷۲؍ روپے وصول کیا جاتا تھا۔ البتہ ۲۵۔۲۰۲۴ء میں ماہانہ چارج ۹۰؍ روپے اور فی یونٹ ۱ء۸۷؍ روپے ہوجائے گا۔
 اس کے بعد ۱۰۱؍ یونٹ سے ۳۰۰؍ یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے ماضی میں ماہانہ چارج ۱۲۰؍ روپے اور فی یونٹ ۴ء۳۵؍ روپے وصول کیا جاتا تھا جو اب بڑھ کر ماہانہ چارج ۱۲۵؍ روپے اور فی یونٹ ۵ء۳۰؍ روپے کردیا گیا ہے۔اسی زمرے میں آئندہ سال ماہانہ چارج ۱۳۵؍ روپے اور فی یونٹ کا چارج ۵ء۴۶؍ روپے کئے جانے کی تجویز ہے۔
 اس سے زیادہ یعنی ۳۰۱؍ سے ۵۰۰؍ یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کا ماہانہ چارج ۱۲۵؍ روپے ہی رکھا گیا ہے لیکن فی یونٹ کی قیمت ۸ء۸۹؍ روپے کردیا گیا ہے جو ماضی میں ۱۲۰؍ روپے ماہانہ چارج اور فی یونٹ ۷ء۱۹؍ روپے تھا۔ البتہ اگلے برس اتنی بجلی استعمال کرنے والوں سے ماہانہ چارج ۱۳۵؍ روپے ہی لیا جائے گا لیکن فی یونٹ بجلی کی قیمت ۹ء۵۶؍ روپے وصول کی جائے گی۔
 بیسٹ کے مطابق ۵۰۰؍ یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں سے ماہانہ چارج ۱۵۰؍ روپے وصول کیا جائے گا اور فی یونٹ بجلی کی قیمت ۱۰ء۸۶؍ روپے لگائی جائے گی۔ گزشتہ برس ۵۰۰؍ یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں سے ماہانا چارج ۱۴۵؍ روپے اور فی یونٹ ۸ء۷۵؍ روپے وصول کیا گیا تھا۔ آئندہ برس اتنی بجلی استعمال کرنےو الوں سے ماہانہ ۶۰۰؍ روپے کے ساتھ فی یونٹ ۱۱ء۷۳؍ روپے بجلی کے وصول کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ صفر سے ۵۰۰؍ یونٹ سے زائد تک بجلی استعمال ہونے پر وہیلنگ چارج فی یونٹ ۱ء۷۴؍ روپےہوگا اور آئند برس ۱ء۹۷؍ روپے ہوجائے گا۔
 واضح رہے کہ ریاست میں بجلی پیدا کرنے والی کمپنی ’مہاگینکو‘‘ اور بجلی فراہم کرنے کی ذمہ دار کمپنی ’مہاٹرانسکو‘ کو ان کی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے ۵؍ سالہ مدت کے اخراجات طے کئے جاتے ہیں۔ اس ضابطے کے تحت ایم ای آر سی نے ۳۰؍ مارچ ۲۰۲۰ء کو مارچ ۲۰۲۵ء کے اخیر تک کیلئے بجلی کی پیداوارا ور فراہمی کیلئے سالانہ بجٹ طے کیا تھا۔ البتہ قاعدے کے مطابق ان کمپنیوں کو اختیار ہوتا ہے کہ ۳؍ برس بعد وہ سالانہ بجٹ میں طے کئےگئے اخراجات پر نظر ثانی کی پٹیشن داخل کرسکتی ہیں اور اسی بنیاد پر ان کمپنیوں نے عرضداشت داخل کی تھی۔ ان کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ ۳؍ برس میں طے شدہ بجٹ سے زیادہ خرچ ہوا ہے اور آئندہ ۲؍ برسوں کے دوران بھی طے شدہ رقم سے زیادہ اخراجات کا اندیشہ ہے اس لئے ماضی کے نقصان کی بھرپائی اور مستقبل کے اضافی اخراجات کو برداشت کرنے کیلئے طے شدہ رقم میں اضافہ کیا جائے۔اسی بنیاد پر رہائشی، تجارتی اور صنعتی اداروں کی بجلی کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK