Updated: May 25, 2026, 9:03 PM IST
| New Delhi
عالمی بحران کے سبب جہاں عوام کو توانائی ختم ہونے کا اندیشہ ہے وہیں حکومت نے بیان دیا ہے کہ ملک میں توانائی کی کی پیداوار یومیہ ۵۰؍ ہزار ٹن پہنچ گئی ہے۔ وزارت پیٹرولیم و قدرتی گیس میں جوائنٹ سکریٹری سجاتا شرما کا کہنا ہے کہ توانائی مصنوعات کی فراہمی متاثر ہونے کے بعد مقامی پیداوار بڑھانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے پیشِ نظر ملک میں توانائی کی فراہمی یقینی بنانے میں مصروف حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کی پیداوار یومیہ ۵۰؍ ہزار ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ پیر کو یہاں مختلف وزارتوں کی مشترکہ بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ حکومت صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ سجاتا شرما، جو وزارتِ پٹرولیم و قدرتی گیس میں جوائنٹ سکریٹری ہیں، نے کہا کہ اس بحران کے باعث توانائی مصنوعات کی درآمد متاثر ہوئی ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان اپنی ضرورت کا ۴۰؍ فیصد خام تیل، ۹۰؍ فیصد ایل پی جی اور ۶۵؍ فیصد قدرتی گیس درآمد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’توانائی مصنوعات کی فراہمی متاثر ہونے کے بعد مقامی پیداوار بڑھانے پر کام کیا جا رہا ہے اور اب ملک میں ایل پی جی کی روزانہ پیداوار ۵۰؍ ہزار ٹن تک پہنچ چکی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سپریم کورٹ نے ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے خلاف سی بی آئی انکوائری کی درخواست مسترد کردی
جلد بازی میں خریداری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گجرات، مہاراشٹر اور اتر پردیش کے بعض اضلاع میں اس طرح کے معاملات سامنے آئے ہیں، جس کی وجہ زرعی شعبے میں بڑھتی ہوئی طلب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’گزشتہ چار دنوں میں تقریباً ۷۲ء۱؍ کروڑ ایل پی جی سلنڈروں کی ترسیل کی گئی۔ تقسیم کار کمپنیوں نے پانچ کلوگرام والے سلنڈروں کیلئے تقریباً ۱۵؍ ہزار ۴۰۰؍ آگاہی کیمپ منعقد کئے، جبکہ ۳؍ اپریل سے اب تک ان کیمپوں کے دوران ۴۵ء۲؍ لاکھ سے زائد سلنڈر فروخت کئے جا چکے ہیں۔‘‘
مارچ سے اب تک تقریباً ۹۹ء۷؍ لاکھ پی این جی کنکشن فعال کئے گئے ہیں، جبکہ مزید ۸۷ء۲؍ لاکھ کنکشنز کیلئے بنیادی ڈھانچہ تیار کیا گیا ہے، جس سے مجموعی تعداد ۸۶ء۱۰؍ لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ روکنے کیلئے ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ چار دنوں میں ۶؍ ہزار ۴۸۰؍ سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے، ۶۸۰؍ سے زیادہ سلنڈر ضبط کئے گئے، ۱۱؍ مقدمات درج ہوئے اور ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: آسام میں یو سی سی بل پیش، مسلم تنظیموں کا مشاورت کا مطالبہ
گیس تقسیم کار ایجنسیوں کے حکام کی جانب سے اچانک معائنہ بھی جاری ہے اور گزشتہ چار دنوں میں ۴؍ ہزار ۱۰۰؍ سے زیادہ مقامات کا معائنہ کیا گیا ہے۔ وزارتِ کیمیکل اور فرٹیلائزر کی جانب سے بتایا گیا کہ ملک میں کھاد کے ذخائر کی صورتحال اطمینان بخش ہے اور دستیابی مسلسل ضرورت سے زیادہ بنی ہوئی ہے، جس سے کسانوں کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں اور انہیں مناسب قیمتوں پر کھاد دستیاب کرائی جا رہی ہے۔