Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلڈانہ اور واشم میں ایندھن کیلئے ہاہاکار، پیٹرول پمپ پر ماردھاڑ

Updated: May 18, 2026, 12:11 PM IST | Buldhana

ملکاپور پانگرا کے پمپ پر سیکوریٹی کیلئے ۲؍پولیس اہلکار بھی تعینات تھے، اسکے باوجود مارپیٹ کا معاملہ پیش آیا۔ واشم میں  ڈیزل کیلئے گاڑی سواروں اور کسانوں  میں  جھڑپ۔

Clash between farmers and motorists in Washim. Photo: INN
 واشم میں  کسانوں  اورگاڑی سواروں  میں  جھڑپ۔ تصویر: آئی این این

بلڈانہ اور واشم میں  ڈیزل اور پیٹرول کی قلت کا مسئلہ جھگڑے کا سبب بن رہا ہے۔ پیٹرول پمپوں  پر طویل قطاریں  لگنے اور موٹر سواروں  کی بھیڑ کے سبب بحث و تکرا ر کے معاملات دیکھے جارہے ہیں۔ نوبت ہاتھا پائی اور مارپیٹ تک پہنچ گئی ہے۔ لوک مت کی رپورٹ کے مطابق بلڈانہ ضلع کے سندھ کھیڑ راجا تعلقہ کے ملکاپور پانگرا میں  ایک پیٹرول پمپ پر مارپیٹ کا معاملہ پیش آیا ہے۔ یہاں پمپ پر ڈیزل بھرنے کے تنازع پر آدھی رات کے قریب شدید ہنگامہ برپا ہوگیا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تعینات ۲؍ پولیس اہلکاروں کے سامنے ہی۲۰؍ سے۲۵؍ افراد کے ایک گروہ نے ایک شخص کو لاتوں اور گھونسوں سے بے رحمی کے ساتھ پیٹا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔ 
ایندھن کی قلت کے سبب ملکاپور پانگرا کے پٹرول پمپ پر گاڑی مالکان کی بڑی بھیڑ جمع ہوگئی تھی۔ قانون و نظم برقرار رکھنے کے لیے دو پولیس اہلکار وہاں موجود تھے اور انہی کی نگرانی میں پٹرول اور ڈیزل کی فروخت جاری تھی۔ اسی دوران قطار میں کھڑے ہونے یا ڈیزل کی مقدار پرکچھ افراد کے درمیان اچانک جھگڑا شروع ہوگیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید مارپیٹ میں تبدیل ہوگیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کی موجودگی میں ہی ایک شخص کو زمین پر گرا کر بری طرح مارا جا رہا تھا، جبکہ وہاں موجود لوگ قانون و انتظامیہ پر سوال اٹھا رہے تھے۔ اس پر ایک پولیس اہلکار بے بسی ظاہر کرتے ہوئے کہتا نظر آیا:’’۲۰۰؍ لوگوں کا مشتعل ہجوم اور ہم صرف دو پولیس والے… آخر ہم کیا کریں ؟‘‘ پولیس اہلکار کی اس بے بسی کے بعد اب پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ 
ملکاپور پانگرا میں پیش آنے والے اس واقعے پر پولیس یقیناً کارروائی کرے گی اور قصورواروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، لیکن مجموعی طور پر دیکھا جائے تو پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کے باعث عام لوگوں کا صبر جواب دیتا جا رہا ہے، اور حالات تشدد کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: خاتون کی حاضر دماغی، گھر میں گھس آئے تیندوے سے بیٹے کو بچایا

واشم-اکولہ میں ڈیزل کے لئے پمپ پر ہنگامہ
مانسون کی آمد سے پہلے ہی ریاست کے دیہی علاقوں میں ایندھن کی شدید قلت کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ واشم اور اکولہ کے علاقوں میں پٹرول پمپوں پر ڈیزل حاصل کرنے کے لیے کسانوں کو گھنٹوں بلکہ کئی کئی دن انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ اس غیر یقینی صورتحال سے پیدا ہونے والے تناؤ کے سبب واشم کے ایک پیٹرول پمپ پر گاڑی مالکان اور کسانوں کے درمیان شدید مارپیٹ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ 
متعدد پٹرول پمپ مالکان کا دعویٰ ہے کہ تیل کمپنیوں کی جانب سے ایندھن کی سپلائی کم کردی گئی ہے۔ محدود مقدار میں دستیاب ڈیزل حاصل کرنے کے لیے سیکڑوں لوگ قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے آئے دن جھگڑے شروع ہو رہے ہیں۔ واشیم کے اس واقعے میں بھی قطار میں کھڑے ہونے کے معاملے پر تنازع پیدا ہوا، جو بعد میں شدید ہنگامے اور مارپیٹ میں تبدیل ہوگیا۔ بتایا گیا کہ یہاں  کسانوں  اور گاڑی مالکان کے درمیان بحث ہوئی اور پھر ہاتھا پائی ہوگئی۔ اس دوران لوگ ایک دوسرے کوپلاسٹک کے ڈبوں  اور کنستروں  سے پیٹتے نظر آئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK