این سی پی سربرا ہ کے گھر پر ۲؍ گھنٹے تک جاری رہی اس ملاقات میں ملک کو درپیش مختلف مسائل پرگفتگو کی کی گئی ، مہوا موئترا نے شدید تنقید کی
Updated: April 21, 2023, 12:48 AM IST | Mumbai
این سی پی سربرا ہ کے گھر پر ۲؍ گھنٹے تک جاری رہی اس ملاقات میں ملک کو درپیش مختلف مسائل پرگفتگو کی کی گئی ، مہوا موئترا نے شدید تنقید کی
این سی پی سربراہ شرد پوار ایک مرتبہ سیاسی چہ میگوئیوں کا مرکز بن گئے ہیں کیوں کہ اڈانی گروپ کے مالک گوتم اڈانی نے ان سے ان کی رہائش گاہ پر آکر ۲؍ گھنٹے تک میٹنگ کی ۔ اس میٹنگ میں کیا باتیں ہوئیں اس بارے میں این سی پی کی جانب سے کچھ نہیں کہا جارہا لیکن اس کی وجہ سے شرد پوارکے تعلق سے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں کیوں کہ گوتم اڈانی کے سلسلے میں اپوزیشن کا موقف بالکل واضح اور سخت ہے۔این سی پی کے ذرائع کے مطابق گوتم اڈانی جمعرات کی صبح ۱۰؍ بجے ممبئی میں واقع شرد پوار کی رہائش گاہ سلور اوک پر پہنچ گئے تھے۔ انہوںنے این سی پی سربراہ کے ساتھ تقریباً ۲؍ گھنٹے تک گفتگو کی لیکن اس دوران کیا باتیں ہوئیں اور شرد پوار نے اڈانی کے تعلق سے اپوزیشن کے موقف کے بارے میں اڈانی کو کیا بتایا ، اس بارے میں پارٹی کا کوئی بھی لیڈر کچھ کہنے کو تیار نہیں ہے۔
این سی پی کے ایک اہم لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صرف اتنا بتایا کہ شرد پوار ااور گوتم اڈانی کے درمیان ملک کو درپیش اہم مسائل پر کافی اہم گفتگو ہوئی جو ۲؍ گھنٹے تک جاری رہی ۔ دونوں ہی شخصیات نے مسائل کے لئے حل کے لئے گفتگو کا دروازہ کھلا رکھنے پر زور دیا۔ دوسری طرف اس معاملے میں ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے سخت اعتراض کیا اور کہا کہ جب تک گوتم اڈانی کے خلاف حکومت کارروائی کے احکامات نہیں دے دیتی تب تک کسی بھی سیاسی لیڈر کو ان سے نہیں ملنا چاہئے۔ یہ اخلاقیات کا تقاضہ ہے۔