• Mon, 29 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شولاپور میں شندے - اجیت پوار میں اتحاد، بی جے پی تنہا

Updated: December 29, 2025, 11:26 AM IST | Inquilab News Network/Agency | Solapur

امراوتی میں شندے سینا اور بی جے پی کا اتحاد ٹوٹنے کا دعویٰ۔اورنگ آباد میں بھی مہایوتی میں پھوٹ، این سی پی کی فہرست جاری۔

Chief Minister Farnborough, Deputy Chief Ministers Ajit Pawar and Eknath Shinde. Picture: INN
وزیراعلیٰ فرنویس ، نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے۔ تصویر: آئی این این
میونسپل انتخابات کے لئے مہایوتی اور مہاوکاس اگھاڑی دونوں ہی خیموں میں سرپھٹول جاری ہے۔کہیں یہ ایک ساتھ الیکشن لڑرہے ہیں تو کہیں یہ علاحدہ علاحدہ میدان میں اترنے کی تیاری میں نظر آرہے ہیں۔ سب سے زیادہ اختلاف اس وقت مہایوتی میں نظر آرہا ہے۔ 
شولاپور میں مہایوتی میں ’پھوٹ‘
شولاپور میونسپل کارپوریشن انتخابات سے قبل مہاراشٹر کی سیاست میں اہم تبدیلی اُس وقت سامنے آئی جب شیو سینا (شندے گروپ) نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) کے ساتھ باقاعدہ اتحاد کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں بی جے پی انتخابی اتحاد سے باہر رہ گئی۔ یہ پیش رفت اُن حالات میں سامنے آئی ہے جب بی جے پی اور شندے گروپ کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر مذاکرات ناکامی سے دوچار ہوئے۔اس ضمن میں اعلان کرتے ہوئے شندے گروپ کےلیڈر سدھّرام مہیترے نے بتایا کہ دونوں پارٹیاں  شولاپور کارپوریشن انتخابات میں۵۱-۵۱؍نشستوں پر میدان میں اتریں گی۔ ان کے مطابق پہلے بی جے پی سے۴۰؍ سیٹوں کا مطالبہ تھا لیکن بی جے پی نے صرف۸؍ سیٹوں کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں شندے گروپ۲۶؍ سیٹوں پر سمجھوتے کیلئے تیار تھا مگر اسی مرحلے پر بی جے پی نے بات چیت روک دی، جس کے بعد اجیت پوار گروپ کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اتحاد کی رفتار اُس وقت تیز ہوئی جب این سی پی (اجیت پوار گروپ) کے رابطہ وزیر دتّا بھرانے نے منگل کو شولاپور کا دورہ کیا۔ دوسری جانب شندے کارکنان میں بی جے پی سے مذاکرات رکنے پر بے چینی بڑھ رہی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ پہلے اجیت پوار گروپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات تنہا لڑے گا، تاہم حالیہ اتحاد نے مہایوتی میں نئی سیاسی صف بندی پیدا کر دی ہے۔
امراوتی میں شندے سینا اور بی جے پی اتحاد ٹوٹنے کے آثار
ٹی وی نائن کی رپورٹ کے مطابق امراوتی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بی جے پی اور شیوسینا ایک ساتھ میدان میں اترنے کو تیار تھے لیکن اب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بی جے پی اور شیوسینا کا اتحاد ٹوٹ گیا ہے۔ شیوسینا نے بی جے پی سے۲۵؍ نشستوں کا مطالبہ کیا تھا، لیکن بی جے پی نے یہ تجویز مسترد کر دی، ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بی جے پی۸۷؍ میں سے صرف۱۵؍سے ۱۶؍ نشستیں شیوسینا کو دینے کو تیار تھی۔ مگر اب دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ 
اورنگ آباد میں بھی مہایوتی میں پھوٹ
سام ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق این سی پی اجیت پوار کی اورنگ آباد یونٹ نے اپنے ۱۸؍امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے۔ پارٹی کے شہر وضلع صدر ابھیجیت دیشمکھ کی جانب سے پربھاگ ۴،۶،۷،۸،،۱۷،۲۱،۲۳،۲۶،۲۸؍ کیلئے ایک ایک امیدوار اور پربھاگ ۹؍ کے تین امیدوار،پربھاگ ۱۶ کے ۳؍ امیدوار اور پربھاگ ۲۲؍ کیلئے ۳؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK