• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ :القسام کے کمانڈرکے بعد ترجمان بھی جاں بحق

Updated: September 01, 2025, 3:02 PM IST | Agency | Gaza/Tel Aviv

حماس نےاپنی عسکری ونگ کےسربراہ محمد السنوار کی شہادت کی تصدیق کی ،ا سرائیل نےاتوار کو ابوعبیدہ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔

The area in Gaza where Israel bombed on Sunday. Photo: INN
غزہ کا وہ علاقہ جہاں اسرائیل نے اتوار کو بمباری کی۔ تصویر: آئی این این

 فلسطین کی مزاحتمی تنظیم حماس کو ۴۸؍ گھنٹوں  میں بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ سنیچر کو اس کی عسکری ونگ  القسام بریگیڈزکے سربراہ محمد السنوار کو اسرائیلی فورسیز نے نشانہ بنایا ، اس حملے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ اتوار کو اسکے ترجمان  ابوعبیدہ بھی اسرائیلی حملے  میں مارے گئے۔ غزہ پٹی کے مختلف علاقوںمیں اتوار کو بھی اسرائیلی حملے جاری رہے جن میں ۵۷؍افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
حماس نے القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد السنوار کے قتل کی تصدیق کی
 حماس نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں اسکے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد السنوار  اسرائیلی فوج کے ساتھ لڑائی میں مارے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے رواں سال مئی میں محمد السنوار کو قتل کرنے کا اعلان کیا تھا۔  حماس نے السنوار کی ہلاکت کی تفصیلات نہیں بتائیں، لیکن انکی تصویر دیگر لیڈران کیساتھ شائع کی اور انہیں’’پاکیزہ شہیدرہنماؤں کی فہرست ‘‘ کا حصہ قرار دیا۔ محمد السنوار حماس کے سرکردہ لیڈر یحییٰ السنوار کے چھوٹے بھائی تھے جو۷؍ اکتوبر۲۰۲۳ء کو اسرائیل پر کیے گئے حملے کی منصوبہ بندی میں شریک تھے اور بعد میں اسرائیل کے ہاتھوں ہلاک ہوئے۔  محمد السنوار اپنے بھائی کے قتل کے بعد حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ کےعہدے پر فائز ہوئے۔ محمد السنوار کی ہلاکت کے بعد ان کے قریبی معاون عز الدین الحداد جو شمالی غزہ میں کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں، پورے علاقے میں حماس کے مسلح ونگ کی قیادت سنبھالیں گے۔
اسرائیل نے القسام بریگیڈز کے ترجمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا
 حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ایک فلسطینی ذریعے نے اتوار کی صبح العربیہ اور الحدث کو بتایا کہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔  ذرائع کے مطابق اسرائیل نے ایک فلیٹ کو نشانہ بنایا جس میں ابو عبیدہ موجود تھے، اور اس فضائی حملے میں اپارٹمنٹ میں موجود تمام افراد ہلاک ہو گئے۔  فلسطینی ذریعے نے مزید کہا کہ ابو عبیدہ کے اہلِ خانہ اور القسام قیادت نے لاش کی شناخت کے بعد ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے سنیچر کو اعلان کیا تھا کہ غزہ میں حماس کی ایک نمایاں شخصیت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔  اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائی ادرعی نے’ایکس‘ پلیٹ فارم پر لکھا کہ غزہ شہر کے شمالی حصے میں حماس کے ایک مرکزی رکن پر فضائی حملہ کیا گیا۔   اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس کارروائی کا ہدف القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ تھے اور ان کے مطابق۹۵؍ فیصد امکان ہے کہ یہ کارروائی کامیاب رہی۔ اسرائیلی چینل۱۲؍ نے بتایا کہ ابو عبیدہ کی موجودگی کی ابتدائی معلومات جمعہ کی شام ملی  اور سنیچر کی شام ساڑھے پانچ بجے یہ کارروائی انجام دی گئی۔ 
غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں میں۵۷؍ افرادجاں بحق 
  غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم۵۷؍ فلسطینیوں کی موت  ہوگئی، یہ بات فلسطینی ذرائع نے بتائی۔ غزہ شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ غزہ شہر میں دو اپارٹمنٹس اور فلسطینیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں دو بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔  بصل نے کہا کہ شہر کے مغرب میں الرمل محلے میں رہائشی اپارٹمنٹس اور ایک طبی کلینک پر مشتمل تین منزلہ عمارت پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم سات افراد ہلاک اور بچوں سمیت متعدد دیگر زخمی ہوئے۔  شہر کے شمال مغرب میں نصر محلے میں بے گھر لوگوں کے خیموں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں پانچ خواتین اور پانچ بچوں سمیت بارہ افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی حملوں میں کئی خیمے تباہ ہو گئے اور کچھ میں آگ لگ گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK